اسٹیشن پر بھیڑ کم کرنے والا سینٹرل ریلوے اب ہاکرس کو لوکل ٹرینوں میں سامان بیچنے کے لئے لائسنس دینے کی تیاری کر رہا ہے۔
EPAPER
Updated: November 22, 2023, 11:42 AM IST | Agency | Mumbai
اسٹیشن پر بھیڑ کم کرنے والا سینٹرل ریلوے اب ہاکرس کو لوکل ٹرینوں میں سامان بیچنے کے لئے لائسنس دینے کی تیاری کر رہا ہے۔
لوکل ٹرین کو ممبئی کے دل کی دھڑکن کہا جاتا ہے۔ صبح و شام لوکل میں سفر کرنا کسی چیلنج سے کم نہیں ۔ کمپارٹمنٹ میں سانس لینے کی جگہ نہ ہونے کے باوجود، کئی بار آپ کو کچھ لوگ سامان بیچتے ہوئے نظر آئیں گے۔ اگرچہ ان ہاکرس کو سامان فروخت کرنے کی اجازت نہیں ہے اس کے باوجوداب ریلوے مقامی طور پر ہاکرس کو لائسنس دینے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔ اسی دوران ممبئی کے لوکل میں کھانا بیچنے اور سرو کرنے کا ویڈیو یعنی موبائل ریسٹورنٹ کی ویڈیو بھی منظر عام پر آئی ہے جو سب کو حیران کر رہی ہے۔
مقامی اسٹیشنوں پر بھیڑ کو کنٹرول کرنے کیلئے ریلوے نے کئی اسٹیشنوں سے اسٹالز اور ریلوے دفاتر کو ہٹا دیا ہے۔ بھیڑ کو کم کرنے کیلئے یہ قدم اٹھانے والے سینٹرل ریلوے اب ہاکرس کو بھیڑ سے بھری لوکل ٹرینوں میں سامان بیچنے کے لئے لائسنس دینے کی تیاری کر رہا ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق اس کیلئے ۲۸؍ نومبر کو ریلوے کی آفیشل ویب سائٹ پر بولیاں طلب کی جائیں گی۔ اس کے تحت ریلوے ریونیو بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے۔
ریلوے حکام کے مطابق ۲؍ہزار ہاکرس کو لائسنس دیئے جائیں گے۔ ان میں سے۱۵۰۰؍ ہاکرس لوکل ٹرینوں میں سامان فروخت کریں گے جبکہ۵۰۰؍ ہاکرس لمبی دوری کی ٹرینوں میں سامان فروخت کریں گے۔ انہیں صرف ممبئی ڈویژن میں سامان فروخت کرنے کی اجازت ہوگی۔ مضافاتی اور غیر مضافاتی ٹرینوں کے لئے الگ الگ بولیاں طلب کی جائیں گی۔ ہاکرس کو۳؍ سال تک اشیاء فروخت کرنے کی اجازت ملے گی۔ غیر مضافاتی ٹرینوں میں کھانے پینے کی اشیاء کی فروخت کی اجازت نہیں ہوگی۔
لائسنس ملنے سے پہلے ہی ممبئی لوکل کا ایک موبائل ریستوراں اس وقت سوشل میڈیا پر خبروں میں ہے۔ دو لڑکوں آرین کٹاریا اور سارتھک سچدیوا نے ممبئی کی لوکل ٹرین میں ایک موبائل ریستوراں کھولاہے۔ ان لڑکوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر کئے جانے والے ویڈیو میں دونوں نے لوکل ٹرین کے ڈبے میں ایک چھوٹی سی فولڈنگ ٹیبل لگا کر اسے کپڑے سے ڈھانپ دیا۔ اس کے بعد انہوں نے مسافروں کو باقاعدہ مینو دیا جیسا کہ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے، اس کے بعد انہوں نے کیچپ کے ساتھ میگی اور اجوائن کے ساتھ جلیبی مسافروں کو پیش کی۔چلتے پھرتے اس ریستوراں کا نام ٹیسٹی ٹکٹ رکھا گیاہے ۔سوشل میڈیا پر پزیرائی حاصل کرنے والے اس ویڈیو نے عام مسافروں کو حیران کر دیا ہے۔ مسافروں کا کہنا ہے کہ لوکل میں ہاکرس کو لائسنس دینے سے پہلے ماحول بنانے کی یہ اچھی کوشش ہے لیکن اس سے لوکل ٹرین میں سفر کرنے والوں کو کافی پریشانی ہوگی اور گندگی بھی ہوگی کیونکہ لوکل کوچز میں کھڑے رہنے کی جگہ نہیں ہے، ہاکرس بغیر کسی خوف کے بوگیوں میں آجائیں گے۔ مسافروں کو خدشہ ہے کہ کوچیز ہاکرس زون بن جائیں گی۔ ہاکرس کا ہجوم یہاں سب کچھ بیچ دے گا جو مسافروں کی حفاظت، صحت اور سہولت کیلئے خطرناک ثابت ہوں گے۔