۱۶؍ہزار۸۰۰؍ مربع فٹ کے رقبے پر ایک نیا پارک بنانے کا منصوبہ ہے، جس میں ۱۴؍الگ الگ اقسام کے سانپ رکھے جائیں گے۔
EPAPER
Updated: January 23, 2025, 4:45 PM IST | Saadat Khan | Mumbai
۱۶؍ہزار۸۰۰؍ مربع فٹ کے رقبے پر ایک نیا پارک بنانے کا منصوبہ ہے، جس میں ۱۴؍الگ الگ اقسام کے سانپ رکھے جائیں گے۔
بائیکلہ کے ویرماتا جیجا بائی بھوسلے بوٹینیکل گارڈن اور زولوجیکل میوزیم (رانی باغ) میں ایک نیا سانپ پارک قائم کیا جائے گا۔ اس کیلئے سینٹرل زولوجیکل اتھاریٹی سے منظوری مل گئی ہے۔ واضح رہےکہ چڑیا گھر انتظامیہ نے چند ماہ قبل نئے سانپ پارک قائم کرنے کی تجویز پیش کی تھی۔ اسے حال ہی میں سینٹرل زو اتھاریٹی سے منظوری مل گئی ہے۔ اس نئے سانپ پارک کو قائم کرنے کیلئے کچھ دنوں میں ٹینڈر طلب کئے جائیں گے۔
اس ضمن میں زولوجیکل میوزیم کے ڈائریکٹر ڈاکٹرسنجے ترپاٹھی نے بتایا کہ ’’سانپوں کی پرانی قیام گاہ منہدم کر کے ۱۶؍ہزار ۸۰۰؍ مربع فٹ کے رقبے پر ایک نیا پارک بنانے کا منصوبہ ہے۔ اس کی تعمیرکا کام اس ضمن میں موصول ہونے والے ٹینڈروں کی جانچ کے بعد شروع کیا جائے گا۔ ۲۰۲۶ء تک تعمیری کام کے مکمل ہونے کی اُمید ہے۔اس نئے پارک میں مختلف قسم کے سانپوں کو یکجا کیا جائے گا۔ اس لئے اب پارک میں آنے والے سیاح مختلف اقسام کے سانپوں کو دیکھ سکیں گے۔ ‘‘
واضح رہے کہ چند روز قبل چڑیا گھر میں ایک ہاتھی مر گیا تھا۔ اس لئے فی الحال یہاں پینگوئن، شیر اور دیسی ریچھ جیسے جانور دلچسپی کا ذریعہ ہیں۔ ۲۰۲۰ء کے بعد چڑیاگھر میں کوئی نیا جانور نہیں لایا گیا ہے لہٰذا، سانپوں کا نیا پارک چڑیا گھر کا مرکز بن سکتا ہے۔
یہاں شیروں کو لانے کی کوششیں گزشتہ ایک دو سال سے جاری تھیں۔ اس کیلئے سینٹرل زو اتھاریٹی میں تجویز بھیجی گئی ہے لیکن ابھی تک کوئی ٹھوس جواب نہیں آیا ہے۔