• Sun, 06 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

مالیگائوں، اورنگ آباد اور جالنہ میں این آئی اے کے چھاپے، مجموعی طور پر۴؍ لوگ حراست میں لئے گئے

Updated: October 06, 2024, 10:09 AM IST | Malegaon

نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی ( این آئی اے) نے مہاراشٹر کے تین مختلف اضلاع میں چھاپے مار کر سنیچر کے روز کم از کم ۴؍ لوگوں کو حراست میں لیا ہے جن سے پوچھ تاچھ جاری ہے۔ یہ کارروائی آدھی رات کو شروع کی گئی اور طویل پوچھ تاچھ کے بعد انہیں حراست میں لیا گیا۔

Malegaon: Doctor Ka Kalank (Green Shutter) where the raid took place. Photo: INN
مالیگائوں: ڈاکٹر کا کلنک( ہرا شٹر) جہاں چھاپہ مارا گیا۔ تصویر: آئی این این

نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی ( این آئی اے) نے مہاراشٹر کے تین مختلف اضلاع میں چھاپے مار کر سنیچر کے روز کم از کم ۴؍ لوگوں کو حراست میں لیا ہے جن سےپوچھ تاچھ جاری ہے۔ یہ کارروائی آدھی رات کو شروع کی گئی  اور طویل پوچھ تاچھ کے بعد انہیں حراست میں لیا گیا ۔ 
 مالیگائوں سے ہومیوپیتھی ڈاکٹر تابع میں 
 ناسک ضلع کے مشہور شہر مالیگائوں سے ایک ہومیوپیتھی ڈاکٹر کو تابع میں لیا گیا ہے۔ اُس کی باضابطہ گرفتاری خبر لکھے جانے تک عیاں نہیں کی گئی ۔  این آئی اے ٹیم سنیچر کی علیٰ الصباح مالیگاؤںکے عبداللہ نگر میں واقع کمرشیل شاپنگ کامپلیکس میں جاری ہومیوپیتھی و آپٹیکل سینٹر پہنچی ۔  اندر جاکر جانچ پڑتال کی ۔ یہ کارروائی ساڑھے چھے گھنٹے تک جاری رہی ۔ اس کے بعد ڈاکٹرکے مکان (واقع جعفر نگر ) میں تلاشی لی گئی ۔پھر اس ڈاکٹر کو   پولیس ہیڈکوارٹر لایا گیا ۔ ایڈیشنل ایس پی انیکیت بھارتی اور ڈپٹی ایس پی تیغ بیر سندھو کے ساتھ سراغ رساں اداروںکے افسران  نے تبادلۂ خیال کیا ۔ این آئی اے کے ساتھ  اِنٹلیجنس بیورو(آئی بی ) اورمہاراشٹر اینٹی ٹیررسٹ اسکواڈ (اے ٹی ایس ) ، اسٹیٹ اِنٹلیجنس سروسیز اور ڈسٹرکٹ کرائم برانچ  بھی اس کارروائی میں شامل ہے۔ مشترکہ کارروائی کے دوران کیا کیا چیز ہاتھ لگی ؟ افسران نے اس تعلق سے کچھ نہیں بتایا۔ 
 اورنگ آباد میں ۲؍ مقامات پر چھاپے
 اسی دوران این آئی اے کی ٹیم نے مراٹھواڑہ کے  ۲؍ اضلاع اورنگ آباد اور جالنہ میں بھی چھاپے مارے۔ اطلاع کے مطابق اورنگ آباد میں ۲؍ مقامات پر چھاپے مارے گئے ہیں۔ ایک آزاد نگر چوک پر  جہاں سے ایک ٹیچر کو حراست میں لیا گیا ہے۔ جبکہ دوسری کارروائی کرد پور علاقے میں ہوئی ہے جہاں ایک مکان پر چھاپہ مارا گیا ہے اورایک عالم دین کو حراست میں لیا گیا ہے جو مدرسے میں بچوں کو عربی  پڑھاتے تھے۔ ان سے پولیس صبح ۴؍ بجے سے پوچھ تاچ کر رہی تھی۔ کئی گھنٹوں کے بعد انہیں اورنگ آباد اے ٹی ایس کے دفتر لے جایا گیا  جہاں  ان دونوں سے خبر لکھے جانے تک پوچھ تاچھ جاری تھی۔ 
 جالنہ میں چمڑے کے بیوپاری کو حراست میں لیا گیا   
 اسی دوران این آئی اے کی ایک ٹیم نے مراٹھواڑہ  کے ضلع جالنہ میں واقع رام نگر چمڑا بازار میں چمڑے کے ایک بیوپاری کے وہاں بھی  چھاپہ مارا ہے۔ یہ کارروائی بھی آدھی راست کو شروع کی گئی اور طویل پوچھ تاچھ کے بعد  این آئی اے کی ٹیم نے بیوپاری کو اپنے تابع میں لے لیا۔ کہا جا رہا ہے کہ مذکورہ  بیوپاری سے دہشت گردوں کو سرمایہ فراہم کرنے کے تعلق سے پوچھ تاچھ کی گئی ہے۔
 ساری کارروئی خفیہ طور پر کی گئی
 اطلاع کے مطابق  این آئی اے اور اے ٹی ایس نے   تینوں مقامات پر کی گئی کارروائیوں کی تفصیلات کو مخفی رکھا ہے۔ میڈیا کے بار بار پوچھنے پر بھی افسران نے یہ نہیں بتایا کہ کیا ان لوگوں کے پاس سے کوئی لٹریچر یا ہتھیار بر آمد ہوا ہے ؟ کیاپولیس نے ان لوگوں کے پاس سے کوئی بھی سامان ضبط کیا ہے؟ لیکن این آئی اے کی ٹیم یا مقامی پولیس کسی بھی طرح میڈیا سے بات کرنے پر آمادہ نہیں ہوئی۔ البتہ ذرائع کا کہنا ہے کہ ان لوگوں پر دہشت گردوں کی مدد کرنے اور خاص کر کشمیری دہشت گردوں سے رابطے میں ہونے کا الزام ہے۔  لیکن کس طرح اور کس حیثیت سے یہ نہیں بتایا گیا۔ فی الحال این آئی اے نے کوئی اعلان بھی نہیں کیا ہے۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK