• Sun, 22 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

سہار : نائٹ کلب میں جاری پارٹی پر چھاپہ، ۳۴؍ افراد پولیس کی تحویل میں

Updated: December 23, 2020, 10:50 AM IST | Kazim Shaikh | Mumbai

کوروناوائرس کے پیش نظر ممبئی میں نافذ رات کے کرفیو کی خلاف وزی کرنے والوں میں کرکٹر سریش رائنا، ڈیزائنر سوزین خان اورکئی فلمی شخصیات بھی شامل ۔ خواتین کو تنبیہ کرنے کے بعد چھوڑ دیا گیا

Night Party - Pic : INN
نائٹ پارٹی ۔ تصویر : آئی این این

یہاں  سہار  پولیس اسٹیشن کے اہلکاروں  نے علی الصباح  ہوائی اڈے کے قریب مشہور ڈریگن فلائی  نائٹ کلب  پر چھاپہ مارکر کووڈ۱۹؍ کے ضابطے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دیر رات شراب نوشی کرنے کے الزام میں   ۳۴؍  افراد کو حراست میں لے لیا جن میں مشہور شخصیات بھی شامل تھیں۔  بعدازیں  پولیس نے  ۷؍ خواتین کو نوٹس  اور آئندہ اس طرح کی حرکت نہ کرنے کی تنبیہ کرتے ہوئےچھوڑ دیا ۔ اس کے علاوہ کلب میں پارٹی مناتے ہوئے پکڑے گئے افراد کو ضمانت پر رہا کردیا گیا  اور کلب کے ۷؍ ملازمین کے خلاف  کارروائی کی جارہی ہے  ۔
پکڑے گئے تمام افراد کا نام بتانے سے پولیس کا گریز
   ممبئی پولیس کے ایک اعلیٰ پولیس افسر نے   ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کووڈ۱۹؍ کے پیش نظر  رات ۱۱؍بجے سے صبح ۶؍بجےتک کرفیو  نافذ کیا گیا ہے ۔ رات کو سہار پولیس اسٹیشن کے اہلکاروں کو  اطلاع ملی  کہ سہار پولیس اسٹیشن کی حدود میں واقع بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قریب ڈریگن فلائی کلب ( پب ) میں دیر رات پارٹی چل رہی ہے اور اس میں ملک کی مشہور شخصیات بھی شامل ہیں۔ ان میں کرکٹ کھلاڑی سریش رائنا ، ڈیزائنر سوزین خان (اداکار رتیک روشن کی بیوی) ، گلوکار گرو رندھاوا اور دیگر افراد شامل تھے لیکن پولیس  نے ان  کے ناموں کی تصدیق نہیں کی ہے ۔
کلب کے ملازمین کے خلاف کارروائی 
   پولیس کا کہنا ہے کہ رات میں تقریباً ۳؍بجے پولیس اہلکاروں نے پب پر چھاپہ مارا تو  وہاں پر کرکٹر سریش رائنا اور فلمی دنیا سے تعلق رکھنے والے کئی اداکار اور ان کے قریبی دوست بھی موجود تھے ۔ ان میں فلمی دنیا سے تعلق رکھنے والی  کئی خواتین بھی شامل تھیں ۔ ایک سوال کے جواب میں پولیس نے بتایاکہ کووڈ۱۹؍ کے پیش نظر  نافذ کئے گئے دفعہ  ۱۸۸؍ کے تحت یہ کارروائی رات میں ۳؍بجے کی گئی  ۔تحویل میں لی گئی   ۷؍ خواتین کو تنبیہ کرکے چھوڑ دیا گیا۔ اس کے علاوہ جو لوگ پب میں شراب نوشی کررہے تھے ، انہیں بھی دفعہ ۱۸۸؍ کی خلاف ورزی کے الزام میں پولیس نے گرفتار کیا  تھا اور انھیں بعد میں ضمانت پر چھوڑ دیا گیا ۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ ڈریگن فلائی  پب  کے ملازمین کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ ۲۶۹؍ کے تحت کارروائی کی جارہی ہے ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK