بی جے پی کے رکن اسمبلی نتیش رانے نے دانوے،پرب اور راؤت کیخلاف مراعات شکنی کے نوٹس کا مطالبہ کیا۔
EPAPER
Updated: September 25, 2023, 10:35 AM IST | Inquilab News Network | Mumbai
بی جے پی کے رکن اسمبلی نتیش رانے نے دانوے،پرب اور راؤت کیخلاف مراعات شکنی کے نوٹس کا مطالبہ کیا۔
بی جے پی کے لیڈر اور رکن اسمبلی نتیش رانے نے الزام عائد کیا ہےکہ اراکین اسمبلی کی رکنیت کالعدم کرنے کے معاملے میں ٹھاکرے خیمے کے اراکین مختلف بیانات دے کراسپیکر ایڈوکیٹ راہل نارویکر پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں اور اسی لئے وہ ٹھاکرے خیمے کے لیڈر امباداس دانوے، انل پرب اور سنجے راؤت کے خلاف مراعات شکنی کا نوٹس دینے کا نتیش رانے کا مطالبہ کیا ہے۔ بی جے پی کے رکن پارلیمان رمیش بدھوڑی پر تنقید کرنے پر ٹھاکرے خیمے کے ترجمان اخبار سامنا کی سرزنش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اب کانگریس کا ترجمان بن گیا ہے اور کانگریس کے لیڈروں کی ترجمانی کر رہا ہے۔
نتیش رانے نے اتوار کو پریس کانفرنس میں کہا کہ ’’سپریم کورٹ کی ہدایت کے مطابق قانون سازاسمبلی کے اسپیکر ایڈوکیٹ راہل نارویکر اراکین اسمبلی سے متعلق سماعت کریں گے لیکن ٹھاکرے خیمےکے متعدد لیڈر گزشتہ چند دنوں سے اسپیکر پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ جیسا وہ چاہتے ہیں ویسا ہی فیصلہ اسپیکر دیں ۔ ایسا کرنا اسمبلی کے اصولوں کے خلاف ورزی ہے اور اسی لئے مَیں سنجے راؤت ( رکن پارلیمان) ، انل پرب( رکن کونسل) اور امباداس دانوے( کونسل کے ہاؤس لیڈر) کے خلاف مرعات شکنی کا نوٹس دینے والا ہوں ۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’آئندہ اسمبلی اجلاس میں مَیں مرعات شکنی کا نوٹس کا مطالبہ کروں گا کیونکہ اسپیکر کے وقار کو مجروح کرنے کا کام یہ لیڈران کر رہے ہیں جسے برداشت نہیں کیا جائے گا۔‘‘
نتیش نے مزید کہا کہ ’’مجھے یقین ہے کہ ایڈوکیٹ راہل نارویکر اصولوں کے مطابق فیصلہ کریں گے ۔‘‘
سامنا پر کانگریس کے ترجمان ہونے کاالزام
ادھو ٹھاکرے خیمے کے ترجمان اخبار سامنا میں نئی پارلیمنٹ کی تعمیر پر تنقید کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ یہ پارلیمنٹ ہاؤس نہیں بلکہ مودی ملٹی پلیکس ہے، یہاں اراکین پارلیمان کیلئے کوئی سہولت نہیں ، اس تعلق سے نتیش رانے نے کہاکہ ’’سنجے راؤت (سامنا) کانگریس کی ترجمانی کر رہا ہے۔جو جے رام رمیش بولتے ہیں وہیں سنجے راؤت کہہ رہے ہیں ، اس لئے اس پر بحث کی جانی چاہئے کہ اب سامنا ٹھاکرے کا ترجمان ہے یا کانگریس کا۔‘‘بی جے پی کے رکن پارلیمان رمیش بدھوڑی کی بدزبانی کے تعلق سے نتیش رانے نے کہا کہ اس کی بی جےپی کا کوئی لیڈر حمایت نہیں کرتا اور اسی لئے راج ناتھ سنگھ نے معذرت بھی کی ہے لیکن سنجے راؤت نے مہاراشٹر کابینہ کو چوروں کی کابینہ کہا تھا اس پر کسی نے معافی نہیں مانگی ۔‘‘