• Thu, 19 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

نتیش رانے کی زہر افشانی ، اجیت پوار کی جانب سے مرہم

Updated: September 14, 2024, 10:56 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

بی جے پی رکن اسمبلی نے لوگوںکو عہد دلایا کہ آئندہ وہ مسلمانوں سے کوئی لین دین نہ کریں، اجیت پوار نے بیان کی مخالفت کی لیکن تقریر میں رانے کا نام تک نہیں لیا

Ajit Pawar raised his finger but could not put the name on his tongue
اجیت پوار نے انگلی تو اٹھا ئی لیکن زبان پر نام نہ لا سکے

 جے پی رکن اسمبلی نتیش رانے نے ایک بار پھر مسلمانوں کے خلاف  شرانگیزی کا مظاہرہ کیا ہے جواب میں نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے مسلمانوں کے زخموں پر مرہم رکھنے کی کوشش کی ہے۔ حالانکہ ان کی اتنی بھی ہمت نہیں ہوئی کہ وہ اپنے بیان میں نتیش رانے کا نام لے سکیں۔  البتہ  اپوزیشن کے علاوہ اس بار خود ایکناتھ شندے کی پارٹی سے تعلق رکھنے والے ریاستی وزیر اُدئے سامنت نے بھی اس بیان پر تنقید کی ہے۔ 
نتیش رانے نے کیا کہا؟
 بدزبان رکن اسمبلی نتیش رانے نے ایک روز قبل پنویل میں ’سنکلپ ساماجک سنستھا‘   نامی تنظیم کے منعقد ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے حاضرین کو عہد کروایا کہ وہ آئندہ مسلمانوں سے کوئی لین دین نہ کریں۔  انہوں نے کہا ’’ آپ لوگ یہاں سے یہ عہد کرکے جائیں کہ آئندہ جو بھی خریداری کریں گے وہ صرف ہندوئوں ہی سے کریںگے۔  ان ہرے سانپوں کو دودھ پلانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔‘‘  انہوں زہر افشانی کرتے  ہوئے کہا کہ اسلام میں لکھا ہوا ہے کہ ان ہندوئوں کو اسلام میں داخل کروائو  اور اگر نہیں ہوتے ہیں تو انہیں قتل کر دو۔ ‘‘ انہوں نے پنویل کو اسٹیٹ ایجنٹوں سے بھی کہا ہے کہ وہ مکان لینے والوں سے پہلے ان کا آدھار کارڈ مانگیں۔
اجیت پوار کی جانب سے نام لئے بغیر تنقید
  نتیش رانے کے بیان کے بعد نائب وزیر اعلی  اجیت پوار نے پونے میں  ایک جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ’’کچھ لیڈر ایک مخصوص سماج کے خلاف زہر افشانی کررہے ہیں ۔ لیکن ہم اس طرح کے بیان کی .....‘‘ وہ کہنا چاہ رہے تھے کہ ہم اس طرح کے بیان کی حمایت نہیں کریں گے پھر انہوں نے اپنے جملے کو تھوڑا سا سخت کرتے ہوئے کہا ’’ ہم اس طرح کے بیان کی مخالفت کرتے ہیں۔‘‘ انہوں نے کہا ’’شاہو، پھلے اور امبیڈکر کے مہاراشٹر  میں اس  طرح کسی مخصوص فرقہ کے بارے میں زہر افشانی کبھی برداشت نہیں کی جائے گی اور ا سے  مہاراشٹر میں کوئی جگہ نہیں دی جائے گی۔‘‘ یاد رہے کہ اجیت پوار نائب وزیر اعلیٰ ہیں لیکن وہ اپنی تقریر میں نتیش رانے کا نام تک نہیں لے سکے۔ 
شیوسینا(شندے) کی جانب سے مذمت
  شیو سینا ( ایکناتھ شندے) کے لیڈر و کابینی وزیر اُدئے سامنت نے اس ضمن میں اپنے تاثرات دیتے ہوئے کہا کہ کسی کو بھی ۲؍ مذاہب کے ماننے والوں کے درمیان کشیدگی پیدا کرنے کا کام نہیں کرنا چاہئے۔یہ غلط ہے۔اُدئے سامنت  نے کہا کہ ’’کوئی غلط کرتا ہے تو اسے سزا ضرور ملنی چاہئے لیکن فرقوں میں کشیدگی پیدا ٹھیک نہیں۔‘‘ جبکہ ممبئی بی جے پی کے صدر آشیش شیلار نے اس کے برعکس نتیش رانے کی حمایت کی ہے۔  ان کا کہنا ہے کہ لوگوں کو اس سوال کا جواب تلاش کرنا چاہئے کہ نتیش کو ایسا کیوں کہنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہا وکاس اگھاڑی آئین کو مضبوط کرنے کی کوشش میں ساتھ کیوں نہیں دے رہی ہے؟ وہ خود دو فرقوںکو تقسیم کر رہی ہے 
 بی جے پی نے نتیش جیسے افراد کو چھوڑ رکھا ہے: ایم آئی ایم 
 اس دوران مجلس اتحاد المسلمین (  ایم آئی ایم )  کےریاستی صدر امتیاز جلیل نے کہا کہ ’’ بی جے پی  اور  دیویندر فرنویس نے کچھ لوگوں کو ریاست میں پر امن ماحول خراب کرنے اور فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا کرنے کیلئے چھوڑ رکھا ہے ۔ اسی لئے متعدد شکایتیں کرنے کے باوجود نتیش رانے باز نہیں آرہے ہیں اور نہ ہی پولیس ان کے خلاف کارروائی کر رہی ہے۔‘‘ انہوںنے مزید کہا کہ’’ ویسے بھی نتیش کی بات سنتا کون ہے۔‘‘
وزارت داخلہ اور ڈی جی پی توجہ دیں
 این سی پی (شرد ) کے ترجمان وکاس لوانڈے نے  ایک ویڈیو جاری کرکے نتیش رانے کے بیان کی مذمت کی ہے اور وزارت داخلہ نیز مہاراشٹر کی ڈائریکٹر جنرل آف پولیس رشمی شکلا سے اس جانب توجہ دینے کی گزارش کی ہے۔  انہوں نے کہا ’’ یہ ملک میں فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا کرنے والا بیان ہے۔ اس بیان پر اگر وزیر داخلہ دیویندر فرنویس خاموش ہیں تو اس سے بڑی لاچاری کیا ہو سکتی ہے؟ ‘‘انہوںنے مطالبہ کیا کہ ’’ فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا کرنے والے بیانات دینے پر وزیر داخلہ دیویندر فرنویس اور ڈی جی پی رشمی شکلا کو نتیش رانے کے خلاف فوراً  کارروائی کرنی چاہئے ۔‘‘  یاد رہے کہ نتیش رانے کے خلاف پہلے ریاست کے مختلف پولیس اسٹیشنوں میں کئی ایف آئی آر درج ہیں لیکن ان پر کوئی کارروائی نہیں ہوئی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK