Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’مسلمانوں کے خلاف نفرت پھیلانے پرنتیش رانے سے استعفیٰ لیا جائے‘‘

Updated: April 28, 2025, 11:01 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

ابو عاصم اعظمی نے گورنر کو میمورنڈم دے کر زہر افشانی اور بنگلہ دیشیوں کے نام پر مسلمانوں پر تشدد کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا

Abu Asim Azmi talking to the governor`s secretary
ابو عاصم اعظمی گورنر کے سیکریٹری سے بات چیت کرتے ہوئے

پہلگام میں دہشت گردانہ حملے کے بعد ممبئی اور ریاست میں بی جےپی لیڈروں کے ذریعے مسلمانوں کے خلاف زہر افشانی اور بنگلہ دیشی بتا کر مسلمانوں کو پیٹنے کے واقعات کی روک تھام کیلئے  سماجوادی پارٹی کے لیڈروںپر مشتمل ایک وفد نے پیر کو راج بھون میں گورنرکے نام ایک میمورنڈم دیا ۔
 سماجوادی پارٹی کے ریاستی صدر و رکن اسمبلی ابو عاصم اعظمی کی قیادت میں گئے وفد نے گورنر سے مطالبہ کیاکہ مسلمانوں کیخلاف نفرت پھیلانے اور ریاست کے امن و امان کو غارت کرنے کی کوشش کرنے والے وزیر نتیش رانے سے فوراً  استعفیٰ لیاجائے اور مسلمانوں کے ساتھ مار پیٹ کرنے والے بی جے پی اور دیگر فرقہ وارانہ افراد کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی  ریاستی حکومت کو ہدایت دی جائے ۔ وفد نے گورنر کے سیکریٹری ڈاکٹر نانا ورے سے ملاقات کی اور گورنر کے نام کا میمورنڈم انہیں دیا۔
 اس سلسلے میں ابو عاصم اعظمی نے کہا کہ ’’پہلگام میں بزدلانہ حملے کی پورے ملک میں مذمت ہو رہی ہے اور مسلمانوں کی جانب سے زیادہ شدت سے اس حملہ کی مخالفت کی جارہی ہے۔  اس حملے کے بعد جب پورے ملک کو متحد ہو کر پاکستا ن کو منہ توڑ جواب  دینے کی ضرورت ہے  بی  جے پی کے لیڈر مسلمانوں کیخلاف نفرت کا ماحول پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور بنگلہ دیشیوں کے نام پر مسلمانوں کو تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔  دادر میں بنگلہ دیشیوں کے نام پر مسلمانوں کو مارا پیٹا گیا ۔اتنا ہی نہیں ہاکروں او ر خوانچہ فروشوں کو تشدد کا نشانہ بنایاجارہا ہے۔‘‘
  ابو عاصم اعظمی نےمزید کہا کہ پہلگام حملہ میں دہشت گردوں نے جان بوجھ کر مذہب پوچھ کر قتل کیا  تاکہ ہندوستان میں فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا ہو  اور نتیش رانے اور بی جے پی کے عہدیدار اس سازش کو کامیاب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ پہلگام میں حملہ ہوا لیکن کشمیریوں نے سیاحوں کی مدد کی اور سید عادل حسین شاہ نے اپنی جان نچھاور کر کے سیاحوں کی حفاظت کی۔ کشمیریوں نے مصیبت زدہ سیاحوں پر اپنے گھروں کے دروازے کھول دئیے لیکن وزیر نتیش رانے مسلمانوں کے بائیکاٹ کی بات کر رہے ہیں۔ وہ مسلم تاجروں سے خریداری بند کرنے کی نصیحت کر رہے ہیں۔ اتنا ہی نہیں نتیش رانے نے ہندوؤں سے اپیل کی ہے کہ خریداری سے قبل دکانداروں سے ہنومان چالیسہ کا جاپ کرنے کو کہا جائے اور جاپ کرنے والے دکاندار سے ہی اجناس خریدیا جائے۔‘‘سماجوادی پارٹی کے ریاستی صدر نے کہاکہ ہم نے گورنر سے درخواست کی ہے کہ چونکہ وہ مہارشٹر کے نگراں ہیں اور حکومت کے وزیر ہی مسلمانوں کیخلاف منافرت پیدا کرنے کا کام کر رہے ہیں اور وزیر اعلیٰ  سے شکایت کرنے کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کی جا رہی ہے اس لئے ہم نے گورنر مداخلت کرنے اور نتیش رانے کو وزارت سے فوراً مستعفی کرنے  کا مطالبہ کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK