وزیراعلیٰ کے طرزعمل پر سابق وزیراعلیٰ سخت برہم، یہ کہتے ہوئے واک آوٹ کرگئیں کہ ’’نتیش بھانگ پی کر ایوان میں آتے ہیں‘‘، استعفیٰ کا مطالبہ کیا
EPAPER
Updated: March 12, 2025, 10:59 PM IST | Javed Akhtar | Patna
وزیراعلیٰ کے طرزعمل پر سابق وزیراعلیٰ سخت برہم، یہ کہتے ہوئے واک آوٹ کرگئیں کہ ’’نتیش بھانگ پی کر ایوان میں آتے ہیں‘‘، استعفیٰ کا مطالبہ کیا
بہار اسمبلی میں کی قانون ساز کونسل میں سابق وزیراعلیٰ رابڑی دیوی کی تقریر کے دوران وزیراعلیٰ نتیش کمار کاٹوکنا اُنہیں مہنگا پڑ گیا۔ سابق وزیراعلیٰ رابڑی دیوی جو ایوان بالا میں اپوزیشن لیڈر بھی ہیں، نے نہ صرف انہیں منہ توڑ جواب دیا بلکہ یہ کہتے ہوئے واک آؤٹ کرگئیں کہ وزیراعلیٰ بھانگ پی کر اسمبلی کی کارروائی میں شرکت کیلئے آتے ہیں۔ انہوں نے نتیش کمار پر خواتین کی عزت نہ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے ان کے کےاستعفیٰ کی مانگ بھی کی۔ بہار اسمبلی میں وزیراعلیٰ اور سابق وزیراعلیٰ کے درمیان ایسی تلخ کلامی اور نوک جھونک کی مثال نہیں ملتی۔
رابڑی دیوی کا حکومت کو چیلنج
نتیش کمار جو بہار اسمبلی کے ایوان بالا کے رکن ہیں، وقفہ سوالات کے دوران ایوان میں موجود تھے۔اس دوران آر جے ڈی کی اتحادی پارٹی سی پی آئی (ایم ایل )کی رکن ششی یادونے کھڑے ہوکر چیئرمین سے شکایت کی کہ وہ اپنے سوال پر حکومت کے جواب سے مطمئن نہیں ہیں۔ اس پر وزیراعلیٰ جو اپنی سیٹ پربیٹھے تھے، نے بیٹھے بیٹھے ہی ٹوکا کہ’’حکومت اتنا کچھ کررہی ہے، پہلے کی حکومتوں نے تو کچھ بھی نہیں کیا۔‘‘ اس پر سابق وزیراعلیٰ رابڑی دیوی بھڑک گئیں اور انہوں نے اپنی جگہ پر کھڑے ہوکر وزیراعلیٰ کو انتہائی تلخ جواب دیا۔ انہوں نےچیلنج کردیا کہ ’’آپ کہتے ہیں کہ آپ سے پہلے کوئی کام ہی نہیں ہوا۔ایسا کرو اُس وقت کے ریکارڈ منگوالو،تب ٹھیک طرح سے آپ کی سمجھ میں آجائے گا۔‘‘
وزیراعلیٰ نتیش کمار تلملا اٹھے
وزیراعلیٰ نتیش کمار جو اس ہفتے اس سے قبل بھی ایوان میں غصہ سے بے قابو ہوچکے ہیں، رابڑی دیوی کے مذکورہ تبصرہ پر آگ بگولہ ہوگئے۔ وہ تلملا کر اٹھ کھڑے ہوئے اور رابڑی دیوی کو سختی سے جواب دینے لگے۔ان کے دعوؤں پر رابڑی دیوی نے پھر طنز کیا کہ ’’آپ کے حساب سے تو ۲۰۰۵ء سے پہلے کوئی کپڑے پہننا بھی نہیں جانتا تھا،سب آپ کے وزیراعلیٰ بننے کے بعد ہی ہوا ہے۔‘‘ ان کا یہ طنز اس لئے اہم تھا کہ جے ڈی یو گزشتہ ہفتے یوم خواتین کے موقع سے یہ دعویٰ کرتے نہیں تھک رہی ہے کہ بہار میں خواتین کو عزت اس کی حکومت میں ملی۔
وزیراعلیٰ کے بلند بانگ دعوے
نتیش کمار نے رابڑی دیوی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ’’ پہلے کیا ہوتاتھا ، خواتین کے کیا حالات تھے، خواتین کتنی تعلیم یافتہ تھیں؟‘‘ انہوںنے رابڑی کی جانب اشارہ کرتےہوئے کہا کہ ’’جب ان کے شوہر نے عہدہ چھوڑا تو انہیں وزیر اعلیٰ بنا دیا گیا۔ ان کے دور حکومت میں کوئی بھی شخص پانچویں جماعت سے آگے نہیں پڑھ سکتا تھا۔ ہم نے خواتین کیلئےکتنا کام کیا ہے۔ ہم نے خواتین کے لیے ۵۰؍فصد ریزرویشن نافذ کیا ہے۔ ان لوگوں نے خواتین کے لیے کچھ کیا تھا۔ بہار میں خواتین آج کتنی آگے ہیں؟تم کچھ نہیں جانتی ہو۔‘‘ وزیراعلیٰ نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ ’’ہم نے ہندو مسلم کا جھگڑا ختم کرایا ۔ مسلمانوںکے لیے ہم نے کتنا کام کیا ہے ۔‘‘
رابڑی دیوی اور اپوزیشن کا واک آؤٹ
اس کے ساتھ ہی انہوں نے رابڑی دیوی پر فضول باتیں کرنے کا الزام عائد کیا۔اس پر رابڑی دیوی نے کہا کہ’’ وزیر اعلیٰ نتیش کمار ہمیشہ خواتین کی توہین کرتے ہیں۔‘‘ اس کے بعد آر جے ڈی سمیت پورا اپوزیشن کونسل سے واک آؤٹ کر گیا۔رابڑی نے ایوان سے باہر میڈیا سے بات چیت کے دوران کہاکہ نظم و نسق نتیش کمار کے کنٹرول میں نہیں ہے۔ انہوں نےالزام لگایا کہ وزیراعلیٰ ایوان کی کارروائی میں بھانگ پی کر آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی سرکار بی جے پی چلارہی ہے۔ سابق وزیراعلیٰ نے الزام لگایا کہ نتیش نے اقتدار بی جے پی اور آرایس ایس کو دےدیاہے۔ بہار میں جرائم کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے اور اب ریاست کے لاء اینڈ آرڈر کو سنبھالنا نتیش کمار کے اختیار سے باہر ہے۔ ریاست میں آئے دن چوری، ڈکیتی، اغوا، عصمت دری، قتل اور لوٹ مار کی وارداتیں ہو رہی ہیں۔