گورنر عارف محمد خان نے راج بھون میں بی جے پی کوٹے کے ۷؍وزراءکو حلف دلایا، تمام ذاتو ں کو نمائندگی دینے کی کوشش۔
EPAPER
Updated: February 27, 2025, 2:29 PM IST | Javed Akhtar | New Delhi
گورنر عارف محمد خان نے راج بھون میں بی جے پی کوٹے کے ۷؍وزراءکو حلف دلایا، تمام ذاتو ں کو نمائندگی دینے کی کوشش۔
بہار میں اسمبلی انتخابات کے پیش نظر بدھ کو نتیش حکومت کی کابینہ میں توسیع کی گئی۔ گورنر عارف محمد خان نے راج بھون میں بی جے پی کوٹے کے ۷؍ اراکین اسمبلی کو وزیر کےعہدے اوررازداری کاحلف دلایا۔ وزیر کے طور پر حلف لینے والوںمیں سنیل کمار، جیویش مشرا، راجو کمار سنگھ، سنجے سراوگی، موتی لال پرساد، وجے منڈل اور کرشنا کمار منٹو شامل ہیں۔ سنجے سراوگی اور جیویش مشرانے میتھلی زبان میں حلف لیا۔ان ۷؍ وزراء کی حلف برداری کے ساتھ ہی اب نتیش حکومت میں وزراء کی کل تعداد ۳۶؍ہوگئی ہے ۔ اس توسیع کے بعد بہار حکومت میں زیادہ سے زیادہ۳۶؍ وزراء کا کوٹہ بھی مکمل ہو گیا ہے۔ حلف برداری کے موقع پر وزیر اعلیٰ نتیش کمار ، اسمبلی اسپیکر نند کشور یادو اور قانو ن ساز کونسل کے چیئرمین اودھیش نارائن سنگھ کےعلاوہ کئی دیگر سیاسی لیڈر بھی موجود تھے۔
نتیش کابینہ کی اس توسیع سے قبل ریاست میں وزراء کی تعداد ۳۰؍تھی لیکن بدھ کو محکمۂ محصولات و اصلاحات اراضی کے وزیر ڈاکٹر دلیپ جیسوال نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا جس کے بعد ایک اور وزیر کا عہدہ خالی ہوگیا۔اب نتیش کابینہ میں وزراءکی تعداد۳۶؍پہنچ گئی ہے۔
قابل ذکرہے کہ بہار اسمبلی انتخابات ۲۰۲۰ءمیں بی جے پی نے ۷۴؍سیٹوں پر جیت درج کی تھی۔وکاس شیل انسان پارٹی کے۳؍ ارکان اسمبلی بعد میں بی جے پی میں شامل ہوگئے تھے۔اس کے بعد ۲۰۲۴ءمیںہوئے ضمنی انتخابات میں بی جے پی نے دو سیٹوں پرجیت درج کی تھی۔فی الحال بی جے پی کے پاس بہار اسمبلی میں ۷۸؍اراکین ہیں، جبکہ جے ڈی یو کے محض ۴۵؍اراکین اسمبلی ہیں۔
واضح رہےکہ ریاست میں امسال اکتوبر نومبرمیں اسمبلی انتخابات ہونے ہیں۔ ایسے میں یہ نتیش حکومت کی آخری کابینہ توسیع مانی جا رہی ہے۔ ماناجارہاہے کہ نتیش کمار نے کابینہ میں اس توسیع کے ذریعےسبھی سماجی اور ذات پات سے متعلق صف بندی کو مزید مضبوط کرنے کی کوشش کی ہے۔ جن ۷؍ اراکین اسمبلی نےوزیر کے طور پر حلف لیا ہے، ان میں۳؍ پسماندہ ذات سے،۲؍ انتہائی پسماندہ ذات سے اور۲؍ جنرل زمرے سے ہیں۔
واضح رہے کہ بہار میں اسمبلی انتخابات کے سال میں حکومت کی جانب سے مختلف اقدامات کئے جارہےہیں۔ حکومت کی جانب سے مختلف منصوبوں کا اعلان کیا جارہاہے۔
گزشتہ دنوں پٹنہ میڈیکل کالج اینڈ ہاسپیٹل ( پی ایم سی ایچ) کی صد سالہ تقریب ہوئی تھی جس میں صدر جمہور یہ دروپدی مرمو نے بھی شرکت کی تھی ۔ اس موقع پر انہوں نے بہار کو ایک بار پھر میڈیکل کے میدان میں سر فہر ست مقام دلانے پر زور دیا تھا۔
اس تقریب میں حکومت کے اہم وزراء بھی شامل تھے جن میں نائب وزرائے اعلی سمراٹ چودھری اور و جے کمار سنہاشامل ہیں۔
اسی دورا ن آر جے ڈی کے اہم لیڈر اور بہار اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو بھی سرگرم ہوگئےہیں۔ ان کی جانب سے بھی ووٹروں کو قائل کرنے کیلئے مہم چلائی جارہی ہے ۔