• Fri, 20 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

نتیش رانے کی بد زبانی، پولیس والوں میں ناراضگی ، اکولہ میں احتجاج

Updated: August 15, 2024, 10:08 AM IST | Ali Imran | Nagpur

رکن اسمبلی نے کہا ’لوجہاد کیخلاف کارروائی نہ کرنے پر ایسی جگہ تبادلہ کیا جائے گا جہاں سے بیوی کو بھی فون نہیں کر سکیں گے۔

Workers of Police Boys are protesting in front of Nitish Rane`s car. Photo: INN.
پولیس بوائز کے کارکنان نتیش رانے کی کار کے سامنے احتجاج کر رہے ہیں ۔ تصویر: آئی این این۔

اپنی بد زبانی کیلئے مشہور بی جے پی کے رکن اسمبلی نتیش رانے نے ایک بار پھر سطحی زبان استعمال کرتے ہوئے پولیس افسران کو دھمکایا ہے۔ انہوں نے سانگلی میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پولیس افسران کے سامنے کہا ہے کہ اگر لوجہاد کے معاملے میں فوراً رپورٹ نہیں لکھی گئی تو افسران کا ایسی جگہ تبادلہ کر دیا جائے گا جہاں سے وہ اپنی بیوی کو بھی فون نہیں کر سکیں گے۔ انہوں نے مہاراشٹر حکومت کو ہندوئوں کی حکومت قرار دیا۔ نتیش رانے کی اس شر انگیزی کو فوری طور پر جواب بھی مل گیا۔ منگل ہی کو وہ اکولہ گئے تو وہاں ’پولیس بوائز ایسوسی ایشن ‘ نے ان کے خلاف احتجاج کیا۔ 
اطلاع کے مطابق سانگلی میں ’لوجہاد‘ کے خلاف ’جن آکروش مورچہ‘ کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں رکن پارلیمان امر سابلے اور رکن اسمبلی نتیش رانےکو مدعو کیا گیا تھا۔ اسی پروگرام میں تقریر کرتے ہوئے نتیش رانے نے کہا کہ ’’ پولیس اسٹیشن میں اگر کسی لڑکی کے لو جہاد کا شکار ہونے کی شکایت آئے تو آدھے گھنٹے میں معاملہ درج ہوجانا چاہئے ورنہ ۳؍ گھنٹوں کے اندر ہم پولیس اسٹیشن میں داخل ہو کر ہنگامہ کریں گے۔ ‘‘ انہوں نے کہا’’ یاد رکھنا یہاں کی ہندو لڑکیوں کے باپ کی آنکھوں میں آئندہ آنسو نہیں دکھائی دینا چاہئے ورنہ میں آپ لوگوں کی آنکھوں  میں اس کا دوگنا آنسو لے آئوں گا۔ میں گارنٹی دیتا ہوں۔ میں عرضی نہیں دیتا میرا سیدھے پروگرام ہوتا ہے۔ ‘‘ انہوں نے کہا ’’ میں اِدھر اُدھر نہیں دیکھتا ہوں، میں جہاں بھی جاتا ہوں پوری تیاری کے ساتھ جاتا ہوں ، اسلئے کوئی میرے سامنے نہیں آتا ہے۔ ‘‘ نتیش رانے نے شر انگیزی کرتے ہوئے کہا ’’ حکومت ہندوئوں کی ہے، وزیر داخلہ دیویندر فرنویس ہیں۔ اگر آپ کو اپنی پوسٹنگ میں مزہ نہیں آ رہا ہے تو آپ کا تبادلہ ایسی جگہ کر دیا جائے گا جہاں سے اپنی بیوی کو بھی فون نہیں کر سکیں گے۔ ‘‘ 
نتیش کو کالے جھنڈے دکھائے گئے 
نتیش رانے کے اس بیان سے پولیس والوں میں سخت ناراضگی ہے۔ منگل کی دوپہر جب نتیش رانے ایک پروگرام میں شرکت کیلئے اکولہ گئے تو وہاں انہیں حتجاج کا سامنا کرنا پڑا۔ اطلاع کے مطابق جیسے ہی نتیش رانے اکولہ میں داخل ہوئے، مہاراشٹر پولیس بوائز ایسوسی ایشن نے ان کے قافلے کو کالے جھنڈے دکھائے، ساتھ ہی ان کے خلاف نعرے لگائے گئے۔ پولیس نے واقعہ کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے مظاہرین کو سڑک سے جبراً ہٹایا جس کے بعد نتیش رانے کا قافلہ آگے بڑھ سکا۔ پولیس افسران کے تعلق سےنتیش رانے کی بار بار بدزبانی کےسبب پورے مہاراشٹر میں پولیس اہلکاروں اور ان کے اہل خانہ کے درمیان ناراضگی ہے اور ان کے بیان کی کھلے عام مذمت کی جا رہی ہے۔ پولیس بوائز ایسوسی ایشن کے ایک رکن نے کہا کہ جنہوں نے غلطی کی ہے نتیش رانے کو ان پولیس افسران اور اہلکاروں سے براہ راست بات کرنی چاہئے۔ پولیس کے بارے میں اس طرح کھلے عام بات کرنا سراسر غلط ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ نتیش رانے نے پولیس والوں کے اہل خانہ کے تعلق سے بھی نازیبا بیان بازی کی ہے، جس کی ہم مذمت کرتے ہیں۔ ‘‘ یاد رہے کہ نتیش رانے نے اس سے قبل بیان دیا تھا کہ پولیس والے میرا کچھ نہیں بگاڑ سکتے۔ زیادہ سے زیادہ وہ میری تصویر کھینچ کر اپنی بیوی کے دکھا سکتے ہیں۔ اکولہ میں جس پروگرام سے خطاب کرنے نتیش رانے کو بلایا گیا تھا وہاں انہیں سننے کوئی نہیں آیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق وہاں کرسیاں خالی تھیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK