Updated: October 11, 2024, 11:59 PM IST
| Lucknow
اکھلیش یادو کوکیڑے مکوڑوں اور سیکوریٹی کا حوالہ دیکر آنجہانی لیڈر کی سالگرہ پر گلپوشی کیلئے جے پرکاش نارائن سینٹر میںداخل نہیں ہونے دیاگیا، سماجوادی صدر کی اسے
موضوع بنانے کی کوشش ، دوسرا مجسمہ منگا کر بیچ سڑک گاڑی پررکھ کر ہار پہنایا، بہار کے وزیراعلیٰ کی توجہ یوگی سرکار کے رویے پر مبذول کرائی اور عار دلانے کی بھر پور کوشش کی
اکھلیش یادو بیچ سڑک پر جے پرکاش نارائن کے مجسمہ کو ہار پہناتے ہوئے۔( پی ٹی آئی)
سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے بی جے پی حکومت کے رویہ کو آمریت سے تعبیرکرتےہوئے بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمارکو للکارا ہے اورانہیں عار دلاتے ہوئے بی جے پی سے اتحاد ختم کرلینے کا مشورہ دیا ہے۔ واضح رہے کہ عظیم سماجوادی مفکر اور مجاہد آزادی جے پرکاش نارائن کے یوم پیدائش کے موقع پرسماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو جے پرکاش نارائن انٹرنیشنل سینٹر (جے پی این آئی سی( پہنچے تھے جہاں وہ گلپوشی کرنا چاہتے تھے مگر انہیں سیکوریٹی کے مسائل کا حوالہ دیکر وہاں جانے سے روک دیاگیا۔
اکھلیش جے پی کے مجسمہ کی گلپوشی پربضد تھے مگرضلع و پولیس انتظامیہ نے ان کی رہائش گاہ کے باہربیریکیڈنگ کرکےبھاری سیکورٹی فورسیز کو تعینات کررکھا تھا۔بالآخرپارٹی کےکارکنان جے پی کا ایک مجسمہ لیکر وہاں پہنچ گئے اور اکھلیش یادو اپنے گھر سے باہر نکل آئے جہاںانہوںنے سڑک کے بیچوں بیچ جے پی کے مجسمے کو پھولوں کی مالا چڑھائی اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔
اترپردیش کی راجدھانی لکھنؤ میںجمعرات سے ہی سیاسی سرگرمیاں بڑھ گئیں تھیں جب اکھلیش یادو دیر رات اچانک جے پرکاش نارائن انٹرنیشنل سینٹر پہنچ گئے اور وہاں انہیں اندر جانےسے روک دیا گیا۔ جمعہ کی صبح ہوتے ہی سماجوادی پارٹی کے دفتر اور اکھلیش یادو کی رہائش گاہ کے باہر کارکنان اور لیڈران کا ہجوم لگ گیا۔ پولیس نے اکھلیش یادو کے گھرکا محاصرہ کررکھا تھا اورجے پرکاش نارائن انٹرنیشنل سینٹر جانے والے تمام راستوں کی بیریکیڈنگ کرکےپولیس نےعام آمدورفت کیلئے بھی بند کردیا تھا جس سے عوام کوبھی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔پولیس کی سختی کی وجہ سے اکھلیش یادوجے پرکاش نارائن انٹرنیشنل سینٹرتو نہیں جا سکے مگر اپنے گھر کے باہر بیچ سڑک پر گاڑی پر رکھ کر مجسمہ کی گلپوشی کرکے انہیںنے اسے سیاسی اور عوامی موضوع بنانے کی کوشش کی ۔
اکھلیش یاد و نے اس موقع پر صحافیوں سے خطاب کیا اور کہا کہ بی جے پی حکومت انہیں جے پی کی جینتی تک منانے نہیں دینا چاہتی۔ بی جے پی حکومت اور ان کے لیڈروں کے چہرے کے تاثرات تباہ کن ہیں۔ بی جے پی حکومت ہر اچھے کام کو برباد کر رہی ہے۔یہ حکومت گونگی بہری اور آمریت پر آمادہ ہے۔ آئین اور جمہوریت کو کچلنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور اس کے لوگوں کا ملک کی جدوجہد آزادی میں کوئی حصہ نہیں ہے، اسی لئے وہ مجاہدین آزادی کے اعزاز کی مخالفت کرتے ہیں۔ اکھلیش یادو نے کہا کہ بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار جی جے پی تحریک سے ابھرے ہیں۔ ان کے ساتھ کام کیا ہے۔ انہوں نے دیکھ لیا ہےکہ بی جے پی حکومت، جے پرکاش نارائن جی کے یوم پیدائش پر پھول چڑھانے کی بھی اجازت نہیں دے رہی ہے۔اس لئے نتیش کمار جی کے پاس موقع ہے، وہ بی جے پی حکومت سے حمایت واپس لے کر باہر آ سکتے ہیں۔
اکھلیش یادو نے بتایا کہ جے پی این آئی سی میں ۱۲۰۰؍ گاڑیوں کی پارکنگ، ہیلی پیڈ اورملک کا سب سے بڑا کانفرنس ہال ہے۔جے پی این آئی سی جیسی کوئی عمارت بی جے پی حکومت نہیں بنا سکی۔ انہوں نےکہا کہ ایسا لگتا ہے کہ جے پرکاش نارائن انٹرنیشنل سینٹر کی عمارت کو حکومت بیچنا چاہتی ہے،جس طرح اس نے کسان بازار اور شاپنگ کامپلکس کو بیچ دیا تھا۔ یاد رہے کہ پچھلی بار بھی جے پی کے یوم پیدائش پر پھول چڑھانے کے حوالے سے ہائی وولٹیج ڈرامہ دیکھا گیا تھا اور روکے جانے پراکھلیش یادو ۸؍ فٹ اونچی دیوار پر چڑھ کر کیمپس میںکود گئے تھے اور وہاں جاکرگلپوشی کی تھی۔اِس بار بھی ٹین کی چادریں لگا کر دیوارکو اونچی کرنے کی اطلاع پاکر اکھلیش یادو۱۰؍اکتوبرکی رات ہی وہاں پہنچ گئے تھے مگرانہیں اندر نہیں جانے دیا گیا۔ ۱۱؍اکتوبرکی صبح جب وہ دوبارہ وہاں جانے کی تیاری کررہے تھے تبھی پولیس نےسبھی راستوں کو بندکرکےانہیں روکنے کی کوشش کی۔
معاملہ طول پکڑتا دیکھ کرلکھنؤ ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے وضاحت پیش کی اور کہا کہ اکھلیش یادو کو پہلے ہی آگاہ کردیا گیا تھا کہ وہاں تعمیراتی اشیاء بے ترتیبی سے پھیلی ہوئی ہیں اور بارش کی وجہ سےکیڑے مکوڑے بھی ہونے کا اندیشہ ہے۔ ایس پی سربراہ اکھلیش یادو کوزیڈ پلس زمرہ کی سیکورٹی حاصل ہے،اس لحاظ سے یہ محفوظ اور مناسب مقام نہیں ہے کہ وہ جائیں۔