• Thu, 19 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

شمالی ہند گرمی سے اب بھی بےحال، اتر پردیش میں ۲۴؍ گھنٹوں میں ۱۷۰؍ اموات

Updated: June 19, 2024, 9:59 AM IST | Varanasi

وارانسی ضلع میں ۳۳؍ اموات ، غازی پور، مرزا پور اور چندولی میں بھی ۱۷؍ افراد شدید گرمی کی تاب نہ لاسکے ،الٰہ آباد میں درجہ حرارت ۴۷؍ ڈگری کے پار

Along with UP, there is also a severe heat wave in the capital Delhi. (PTI)
یوپی کے ساتھ ساتھ راجدھانی دہلی میں بھی شدید گرم لہر چل رہی ہے۔(پی ٹی آئی )

ملک کے کم از کم ایک تہائی علاقے آسمان سے برسنے والی آگ  یعنی شدید گرمی سے بے حال ہیں۔ اتر پردیش، پنجاب ، ہریانہ اور دیگر میدانی ریاستوں کے ساتھ ساتھ جموں کشمیر سمیت پہاڑی ریاستوں کے نشیبی علاقے بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ۱۳؍ ریاستوں  میں مزید چند دن گرمی کی لہر جاری رہے گی ۔ اس کے بعد شمال مغربی ہندوستان کی طرف بڑھنے والے ویسٹرن ڈسٹربنس کے اثر کی وجہ سے ۲۲ ؍ جون   کو ہلکی بارش سے کچھ راحت مل سکتی ہے۔
 شدید گرمی اور ہیٹ اسٹروک سے  اتر پردیش سب سے زیادہ متاثر ہے۔ یہاں گزشتہ ۲۴؍گھنٹوں کے دوران ۱۷۰؍ افراد شدید گرمی اور لُو کے اثرات کے سبب ہلاک ہوئےہیں۔ پوروانچل کے ۴؍ اضلاع میں ۵۰؍ افراد کی جانیں گئی ہیں جن میں صرف وارانسی ضلع میں  ۳۳؍ اموات شامل ہیں۔ اس کے ساتھ ہی غازی پور، مرزا پور اور چندولی میں ۱۷؍ جانیں چلی گئیں۔ بندیل کھنڈ اور کانپور ڈویژن میں ۱۰۰؍ افراد گرمی کی زد میں آنے سے ہلاک ہوئے ہیں۔ یہاں سب سے زیادہ اموات کانپور میں ۲۶؍جبکہ ہمیر پور میں ۱۹؍ افراد کی موت ہوئی ہے۔  اس کے علاوہ  چترکوٹ ، فتح پور ،مہوبہ ،باندرہ اور  اوریا میں بھی اموات ریکارڈ کی گئی ہیں۔  
 یوپی کا الٰہ آباد شہر مسلسل تیسرے دن ۴۷ء۶؍ ڈگری درجہ حرارت کے ساتھ سب سے زیادہ گرم رہا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق، یوپی، پنجاب، ہریانہ، چندی گڑھ، دہلی، بہار، جھارکھنڈ، مشرقی مدھیہ پردیش، اتر راجستھان اور مغربی بنگال کے علاقوں میں بھی  شدید گرمی ریکارڈ ہو رہی ہے۔ چلچلاتی گرمی کی وجہ سے دن میں گھر سے باہر نکلنا مشکل ہوتا جا رہا ہے اور رات کے اوقات میں بھی درجہ حرارت ۳۳؍ ڈگری سے زیادہ ریکارڈ ہونے کی وجہ سے شہریوں کو شدید پریشانی جھیلنی پڑ رہی ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ دن میں شدید گرمی اور رات کو بھی راحت نہ ملنے سے ہی لُو کا اثر بڑھتا جارہا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK