• Wed, 15 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

شمالی کوریا کا ایک مہینے میں دوسری بار بیلسٹک میزائل کا تجربہ

Updated: January 15, 2025, 2:04 PM IST | Agency | Seoul

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ امریکہ کے نومنتخب صدر ڈونالڈ ٹرمپ انتظامیہ کیلئے ایک پیغام ہو سکتا ہے اور اس لئے بھی کہ جاپانی وزیر خارجہ جنوبی کوریا کادورہ کرنے والے ہیں۔

A woman watches a news channel about a ballistic missile test. Photo: INN
ایک خاتون ایک نیوز چینل پربیلسٹک میزائل کے تجربہ سے متعلق خبر دیکھتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این

جنوبی کوریا کی فوج کے مطابق شمالی کوریا نے سمندر میں کم فاصلے تک مار کرنے والے متعدد بیلسٹک میزائل داغے، جن کے بارے میں ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ امریکہ کے نومنتخب صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی آنے والی انتظامیہ کے لیے ایک پیغام ہو سکتا ہے۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق یہ تجربہ ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے، جب جاپانی وزیر خارجہ تاکیشی ایوایا جنوبی کوریا کا دورہ کرنے والے ہیں، جہاں وہ اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔ سیول کی فوج نے بحیرۂ جاپان کے نام سے مشہور پانی کے ذخائر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جنوبی کوریا کی فوج نے مشرقی سمندر میں داغے جانے والے کم فاصلے تک مار کرنے والے متعدد بیلسٹک میزائلوں کا سراغ لگایا ہے۔
  یہ تجربہ مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے ۹؍بجے شمالی کوریا کے علاقے گینگگی کے قریب کیا گیا، جس میں میزائلوں نے سمندر میں اترنے سے قبل ۲۵۰؍کلومیٹر (۱۵۵؍میل) تک پرواز کی۔ سیول کی فوج کا کہنا تھا کہ جنوبی کوریا اور امریکہ کے انٹیلی جنس حکام نے شمالی کوریا کے میزائل لانچ کی تیاریوں کا پہلے سے ہی سراغ لگا لیا تھا، ان کی نگرانی کی اور لانچ کے وقت بھی فوری طور پر ان کا سراغ لگا لیا۔ جنوبی کوریا کا کہنا ہے کہ ہم مکمل تیاری برقرار رکھے ہوئے ہیں، امریکہ اور جاپان کے ساتھ معلومات کا تبادلہ کر رہے ہیں، جبکہ مزید لانچوں کے لیے نگرانی اور الرٹ کو مستحکم بنایا جا رہا ہے۔ قائم مقام جنوبی کورین صدر چوئی سانگ موک نے اس تجربے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ تازہ ترین تجربے کا مقصد آنے والی ٹرمپ انتظامیہ کے لیے ایک پیغام ہو سکتا ہے، سیول میں یونیورسٹی آف نارتھ کورین اسٹڈیز کے صدر یانگ مو جن کا کہنا ہے کہ اس کا ہدف امریکہ ہو سکتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK