• Sun, 22 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

فضائی آلودگی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے بلڈروں کو نوٹس !

Updated: December 01, 2024, 5:22 PM IST | Mumbai

بی ایم سی نے تمام وارڈوں کے انجینئرس کو ان مقامات کا جائزہ لینے اور رپورٹ تیار کرنے کا حکم دیا جہاں آلودگی زیادہ ہے

Dust blowing at the construction site
کنسٹرکشن سائٹ پر دھول مٹی اڑتے ہوئے

عروس البلاد ممبئی میں موسم سرما نے دستک تو دے دی ہے اورسرد موسم کی وجہ سے صبح کے وقت مطلع آبر آلود بھی رہتا ہے لیکن اس آلودگی کا ایک سبب شہر اور مضافات میں ترقیاتی اور رہائشی و تجاری پروجیکٹوں کی تعمیرات کے دوران بی ایم سی کی آلودگی پر قابو پانے سے متعلق ہدایات پر عمل نہ کرنا ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ شہری انتظامیہ نے شہر اور مضافات میں ترقیاتی ،تجارتی اور رہائشی تعمیراتی پروجیکٹوں کے ذمہ دارکمپنیوں کو جلد ہی نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ 
 برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن(بی ایم سی) نےبڑھتی آلودگی اور اس کی وجہ سے شہریوں کی صحت پر پڑنے والے مضر اثرات اور دیگرمسائل کی ملنے والی ہزاروں شکایتوں کے بعد ترقیاتی پروجیکٹوں، تجاری و شہری تعمیرات کی ذمہ دار ۵؍ ہزار کمپنیوں کو نوٹس جاری کرے گی۔یاد رہے کہ تعمیرات کے دوران اٹھنے والی دھول اور اس کی وجہ سے پیدا ہونے والی فضائی آلودگی کو روکنے کے لئے ۲۹؍ ہدایات اور رہنما خطوط جاری کئے گئےتھے ۔ وہیں جاری کرد ہ ہدایات اور بارہا متنبہ کئے جانے کے باوجود مذکورہ بالا کمپنیاں اور تعمیرات کا ٹھیکہ لینے والے کانٹریکٹر اس پر عمل نہیں کررہے ہیں جس کی وجہ سے شہر اور مضافات میں نہ صرف فضائی آلودگی کا مسئلہ برقرار ہے بلکہ بڑھتا ہی جارہا ہے ۔
  مذکورہ بالا مسئلہ پر قابو پانے کیلئے گزشتہ ماہ اکتوبر میں تعمیراتی مقامات پر جاری کام اور فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لئے بنائے گئے قواعد پر عمل کرنے کا جائزہ لینے کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں ۔ دریں اثناء ۲۰؍ نومبر کو ہونے والے اسمبلی انتخابات اور ضابطہ اخلاق کے نفاذ کے ساتھ ساتھ ۶؍ ہزار بی ایم سی ملازمین کو الیکشن ڈیوٹی پر مامور کرنے کے سبب تعمیراتی مقامات کا جائزہ لینے کا کام رک گیا تھا ۔  اب شہری انتظامیہ نے تمام ۲۴؍ وارڈ کے ڈپٹی انجینئرس کو شہر اور مضافات میں جاری شہری ترقیات کے ساتھ ساتھ رہائشی اور تجارتی تعمیرات کا جائزہ لینے اور فضائی آلودگی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف رپورٹ تیار کرنے کا حکم دیا ہے۔
  اب چونکہ انتخابی سرگرمیاں ختم ہوچکی ہیں اس لئے بی ایم سی نے آلودگی کے قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں پر کارروائی کے لئے بنائے گئے خصوصی دستہ کو متحرک ہونے کی ہدایت دی ہے ۔  تمام وارڈ کے ڈپٹی انجینئرس کو بھی روزانہ ان کے وارڈ میں ہونے والے تعمیراتی سائٹ کا جائزہ لینے کا حکم دیا ہے ۔موصولہ اطلاع کے مطابق بی ایم سی نےان ڈپٹی انجینئرس کو جائزہ کے دوران فضائی آلودگی کو روکنے کیلئے بنائے گئے قواعد پر عمل نہ کرنے والے تعمیراتی پروجیکٹ کے ذمہ داروں کو وجہ بتاؤ نوٹس جاری کرنے کا بھی اختیار دیا ہے ۔یہی نہیں مذکورہ بالا انجینئرس اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے خلاف ورزی کرنے والے پروجیکٹ پر روک بھی لگا سکتے ہیں ۔
 واضح رہے کہ شہر اور مضافات میں جاری تعمیراتی کاموں کے دوران قواعد کی خلاف ورزی کرنے والوں کا جائزہ لینے کیلئے  نہ صرف شہری انتظامیہ نے ۲؍ انجینئرس اور ۲؍ مارشلس بلکہ ایک پولیس اہلکار کو بھی اس دستہ میں شامل کیا ہے ۔شہری انتظامیہ نے فضائی آلودگی کے مسئلہ پر قابو پانے کیلئے ہی بی ایم سی کے۲۴؍ میں سے ۲۰؍ وارڈوںکے محکمہ ماحولیات میںنئے ڈپٹی  انجینئرس کو فائز کیا ہے ۔یاد رہے کہ فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لئے بی ایم سی نے جو رہنما خطوط جاری کئے ہیں ان میں تعمیرات کے دوران لوہے ، پترے ، سبزکپڑے یا  جوٹ کی چادروں کو تعمیرات کے چاروں طرف باندھنے کے علاوہ انہدامی کارروائی سے قبل مسلسل پانی کا چھڑکاؤ کرنے کی ہدایت دی ہے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK