Inquilab Logo Happiest Places to Work

گڈس اینڈ سروس ٹیکس ادا نہ کرنے پر ممبئی یونیورسٹی کو نوٹس

Updated: April 21, 2025, 10:59 PM IST | Mumbai

ممبئی یونیورسٹی کے زیر سرپرستی چلائی جانے والی کئی اور یونیورسٹیوں کو بھی بقایا ادا نہ کرنے پر نوٹس جاری کیا گیا ہے - یونیورسٹیوں نے کمشنر کو مکتوب روانہ کرکے تعلیمی اداروں کو جی ایس ٹی سے مستثنیٰ قرار دیئے جانے کی اپیل کی - وائس چانسلروں نے ریاستی وزیر تعلیم سے بھی ملاقات کی

Mumbai University, which has crores of rupees in GST dues. (File photo)
ممبئی یونیورسٹی جس پر کروڑوں روپے جی ایس ٹی بقایا ہے۔(فائل فوٹو)

سینٹرل گڈس اینڈ سروس ٹیکس (سی جی ایس ٹی) ڈپارٹمنٹ نے ممبئی یونیورسٹی (ایم یو) کو جی ایس ٹی کے بقایا واجبات ادا نہ کرنے پر نوٹس جاری کیا ہے ۔یہی نہیں ممبئی یونیورسٹی کے زیر سرپرستی چلائی جانے والی دیگر کئی یونیورسٹیز کو بقایا ادا نہ کرنے پر نوٹس جاری کیا گیا ہے ۔ وہیں اس سلسلہ میں مختلف یونیورسٹیز بشمول ممبئی یونیورسٹی نے جی ایس ٹی کمشنر کو مکتوب روانہ کیا ہے اور تعلیمی اداروں کو جی ایس ٹی سے مستثنیٰ قرار دینے کی اپیل کی ہے ۔
  سینٹرل گڈس اینڈ سرویسز ٹیکس کے مطابق ممبئی یونیورسٹی کو۱۶؍کروڑ ۹۰؍لاکھ واجبات ادا کرنا ہے جو اس نے۸؍ سال سے ادا نہیں کیا ہے ۔ سینٹرل گڈس اینڈ سروسز ٹیکس یونیورسٹیز نے  بقایا وصول کرنے کے سلسلہ میں اس وقت نوٹس جاری کیا جب حال ہی میں ہائی کورٹ کی گوا بنچ نے گوا یونیورسٹی پر جی ایس ٹی لگانے کے محکمے کی کوششوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’’تعلیم ایک غیر تجارتی ادارہ ہوتا ہے اس لئے اسے جی ایس ٹی ایکٹ کے دائرہ سے باہر رکھا جائے ۔‘‘
 وہیں جی ایس ٹی کے جاری کردہ نوٹس کے فوراً بعد جی ایس ٹی کمشنر کے روبرو اپیل داخل کی گئی ہے ۔ ساتھ ہی دیگر کئی یونیورسٹیز نے بھی، جنہیں نوٹس جاری کیا گیا ہے، ممبئی یونیورسٹی کی پیروی کی ہے اور کمشنر سے تعلیمی اداروں کو جی ایس ٹی سے مستثنیٰ قرار دینے کی اپیل کی ہے ۔ اس کے علاوہ سبھی یونیورسٹیز نے ٹیکس کے بوجھ سے راحت حاصل کرنے کے لئے متعلقہ محکمہ سے بھی رجوع کیا ہے ۔ اس سلسلہ میں متاثرہ یونیورسٹیوں کے وائس چانسلروں نے ریاستی وزیر تعلیم سے بھی ملاقات کی ہے ۔ تاہم وزیر تعلیم نے اس سلسلہ میں مرکزی حکومت سے بات چیت کرنے اور اس مسئلہ کا مثبت حل نکالنے کا یقین دلایا ہے۔
 واضح رہے کے شہر اور مضافات کے علاوہ ریاست مہاراشٹر میں ممبئی یونیورسٹی کے زیر سرپرستی کل ۸۵۰؍یونیورسٹیز چلائی جاتی ہیں۔ ان تمام یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم طلبہ مختلف کورسیسز کے مطابق خطیر فیس ادا کرتے ہیں ۔ یہ فیس یونیورسٹیز کی آمدنی کا بڑا ذریعہ ہے ۔ وہیں یونیورسٹیز نے حاصل ہونے والی فیس سے اکثر طلبہ کی فلاح و بہبود اور مختلف پروگراموں پر استعمال کئے جانے کا جواز پیش کرتے ہوئے وزیر تعلیم کو سبھی تعلیمی اداروں کو جی ایس ٹی سے مستثنیٰ قرار دینے کی اپیل کی ہے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK