بہتر کارکردگی کی وجہ سے ملک کی ۸؍ بڑی صنعتوں نے ایک سال پہلے کے مقابلے نومبر ۲۰۲۴ء میں مشترکہ پیداواری اشاریہ میں ۳ء۴؍فیصد کا اضافہ درج کیا ہے۔
EPAPER
Updated: January 01, 2025, 4:29 PM IST | Agency | New Delhi
بہتر کارکردگی کی وجہ سے ملک کی ۸؍ بڑی صنعتوں نے ایک سال پہلے کے مقابلے نومبر ۲۰۲۴ء میں مشترکہ پیداواری اشاریہ میں ۳ء۴؍فیصد کا اضافہ درج کیا ہے۔
سیمنٹ، کوئلہ اور اسٹیل کے شعبوں کی بہتر کارکردگی کی وجہ سے ملک کی ۸؍ بڑی صنعتوں نے ایک سال پہلے کے مقابلے نومبر ۲۰۲۴ء میں مشترکہ پیداواری اشاریہ میں ۴ء۳؍ فیصد کا اضافہ درج کیا ہے۔ یہ اطلاع منگل کو وزارت تجارت اور صنعت کی طرف سے جاری کردہ ایک ریلیز میں دی گئی ہے۔
وزارت تجارت اور صنعت نے اکتوبر۲۰۲۴ء کیلئے ان کلیدی صنعتوں کے پیداواری اعداد و شمار پر نظر ثانی کی اور اس مہینے کے لئے ترقی کے پہلے تخمینہ کو۳ء۱؍ فیصد سے بڑھا کر۳ء۷؍ فیصد کر دیا۔ اپریل تا نومبر۲۵۔ ۲۰۲۴ء کے دوران ان ۸؍ بڑی صنعتوں کی پیداوار میں پچھلے مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں ۴ء۲؍ فیصد اضافہ ہوا۔ یہ ۸؍ صنعتیں ملک کی کل صنعتی پیداوار میں تقریباً ۴۰؍ فیصد حصہ ڈالتی ہیں۔ ریلیز کے مطابق نومبر کے اعداد و شمار میں سیمنٹ سیکٹر کا بڑا حصہ ہے۔ سیمنٹ کی پیداوار میں ۱۳؍ فیصد سالانہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ یہ ایک سال سے زائد عرصے میں سیمنٹ سیکٹر کی پیداوار میں سب سے بڑی چھلانگ ہے۔
ماہ در ماہ کی بنیاد پر انڈیکس آف کور انڈسٹریز (آئی سی آئی) اکتوبر کی سطح سے۳ء۳؍ فیصد نیچے۱۵۶ء۸؍ پر آیا، آٹھ میں سے چھ شعبوں نے پیداوار میں کمی ریکارڈ کی۔ ریفائنری مصنوعات اور کوئلہ واحد شعبے تھے جنہوں نے مطلق پیداوار کی سطح میں اضافہ دیکھا، جو بالترتیب چار ماہ اور آٹھ ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے۔ سال در سال کی بنیاد پر خام تیل اور قدرتی گیس کی پیداوار میں بالترتیب۲ء۱؍ فیصد اور۱ء۹؍ فیصد کی کمی واقع ہوئی۔ خام تیل کی پیداوار میں مسلسل سات ماہ اور گیس کی پیداوار میں مسلسل پانچویں ماہ کمی ہوئی۔
گزشتہ سال نومبر کے مقابلے میں اس سال نومبر میں بجلی کی پیداوار میں ۳ء۸؍ فیصد اضافہ ہوا، جبکہ ایک سال پہلے کے مقابلے میں اسٹیل کی پیداوار میں ۴ء۸؍ فیصد اضافہ ہوا۔ اس عرصے کے دوران کھاد کی پیداوار میں سال بہ سال۲؍ فیصد اضافہ ہوا جبکہ ریفائنری مصنوعات کی پیداوار میں ۲ء۹؍ فیصد اور کوئلے کی پیداوار میں ۷ء۵؍ فیصد اضافہ ہوا۔ اگست۲۰۲۴ء کے حتمی اعداد و شمار کے مطابق اس مہینے میں سالانہ بنیادوں پر ان بڑی صنعتوں کی پیداوار میں ۱ء۵؍ فیصد کی کمی واقع ہوئی۔