پیر کی صبح اسکولوں میں سرچ آپریشن کیا گیا ،احمد آباد کرائم برانچ جانچ میں مصروف، ای میل غیرملکی سرور سے بھیجا گیا۔
EPAPER
Updated: May 07, 2024, 12:33 PM IST | Agency | Ahmedabad
پیر کی صبح اسکولوں میں سرچ آپریشن کیا گیا ،احمد آباد کرائم برانچ جانچ میں مصروف، ای میل غیرملکی سرور سے بھیجا گیا۔
:گزشتہ دنوں دہلی این سی آر کے ۱۰۰؍ سے زائد اسکولوں کو بم سے اڑانے کی دھمکی ملی تھی۔ اب ایسا ہی دھمکی آمیز ای میل احمد آباد کے کئی اسکولوں کو موصول ہوا ہے۔ رپورٹ کے مطابق احمد آباد کے ۷؍ اسکولوں کو ای میل کے ذریعہ بم سے اڑانے کی دھمکی ملی ہے۔ احمد آباد پولیس اس معاملے کی جانچ کررہی ہے۔
یہ سنسنی خیزمعاملہ لوک سبھا انتخاب کے تیسرے مرحلے کی پولنگ سے عین ایک دن قبل سامنے آیا ہے۔ پیر کی صبح شہر کے ۷؍اسکولوں میں بم دھماکے کی دھمکی دی گئی۔ جس کے بعد احمد آباد کرائم برانچ کی ٹیم حرکت میں آئی اور اس نے مذکورہ اسکولوں میں جانچ پڑتال کی۔ اسکولوں کی تلاشی کے لئے کھوجی کتے اور بم اسکواڈکی بھی مدد لی گئی۔ جانچ میں کہیں سے کچھ برآمد نہیں ہوا ہے۔
جن اسکولوں کو دھمکی ملی ہے، ان میں ڈی پی ایس اسکول بوپال، آنند نکیتن بوپال، ایشیا انگلش اسکول وستراپور، کیلوریکس اسکول گھاٹولڈیا، نیو نوبیل اسکول نروڈا، او این جی سی سینٹرل کالج چاندکھیڑا اور امرتا ودیالیہ گھاٹ لوڈیا شامل ہیں۔ مذکورہ اسکولوں میں بم اسکواڈ کو بھیجاگیا اور سائبر کرائم ٹیم نے بھی تفتیش کی۔
اس ضمن میں احمد آباد کرائم برانچ کے ڈی سی پی اجیت راجیان نے بتایا کہ ’’پیر کی صبح ۷؍ سے ۸؍ اسکولوں کو ایک دھمکی آمیز ای میل آیا ہے۔ جس میں کہا گیا کہ ہم سخت قدم اٹھائیں گے، جو لوگ اس پریقین نہیں کریں گے انہیں بم سے اڑادیا جائے گا۔ ‘‘ ڈی سی پی راجیان نے ای میل کے متعلق مزید بتایاکہ’’یہ ایک غیرملکی سرور سے بھیجاگیا ایک جعلی ای میل معلوم ہوتا ہے۔ اس کی تکنیکی جانچ کی جارہی ہے۔ ہندوستان میں اس قسم کے ای میل کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی جارہی ہے۔ پولیس ایسے معاملات پر بھی نظر رکھ رہی ہے۔ ‘‘
اس طرح کی دھمکیوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے پولیس نے عوام سے کہا ہے کہ افواہوں پر دھیان نہ دیں اور کوئی بھی مشتبہ چیز نظر آنے پر پولیس کو مطلع کریں۔