کانگریس صدر نے کہا کہ’’ ملک، وزیر اعظم مودی کے ذریعے چین کو کلین چٹ دینےکی بھاری قیمت چکارہا ہے‘‘
Updated: June 10, 2023, 9:52 AM IST | New Delhi
کانگریس صدر نے کہا کہ’’ ملک، وزیر اعظم مودی کے ذریعے چین کو کلین چٹ دینےکی بھاری قیمت چکارہا ہے‘‘
چین جو اروناچل اور لداخ میں دراندازی کرکے اپنا انفراسٹرکچرتعمیر کررہا ہے ، اب اس کے تعلق سے رپورٹس ہیں کہ اس نے اتراکھنڈ میں بھی ہندوستانی سرحد کے بالکل قریب اپنا گائوں بسانے کی کوشش شروع کردی ہے۔ سیٹیلائٹ سے ملنے والی رپورٹس کے مطابق اتراکھنڈ کے اترکاشی ضلع کے پولام سمدا علاقے میں جو چینی سرحد سے بالکل متصل ہے، میں چین نے اپنا ایک فوجی گائوں بسایا ہے۔ یہاں پر اس نے۹؍ مہینے کے اندر اندر اپنا بنیادی ڈھانچہ بہت مضبوط کرنے کے ساتھ ساتھ فوجی لحاظ سے مضبوط عمارتیں اور مکان تعمیر کرلئے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق چین نے یہ کام اپریل ۲۰۲۲ء سے شروع کیا تھا اور اب جون ۲۰۲۳ء تک اس کا پورا ایک بڑا گائوں تیار ہو گیا ہے جو عسکری لحاظ سے ہندوستان کے لئے بڑا خطرہ بن سکتا ہے۔ سیٹیلائٹ کی تصویریں دیکھنے کے بعد بہت سے ماہرین کا کہنا ہے کہ چین نے سرحد پر ایسی جگہ اپنی بستی بسائی ہے کہ اسے جنگ کی صورت میں بھرپور فائدہ ملے گا۔فوجیوں کو ایک جگہ سے دوسری جگہ پہنچانے میں یہ سرحدی گائوں نہایت کارآمد ثابت ہوگا ۔
ان رپورٹس پرمودی حکومت کی جانب سے فی الحال کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے حالانکہ حکومتی سطح پر چین سے گفتگو کے کئی رائونڈ مکمل ہو چکے ہیں لیکن اب تک لداخ میں ہی مسئلہ حل نہیں ہوا ہے۔ ان رپورٹس پر کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے شدید ردعمل کا اظہار کیا۔ انہوں نےکہا کہ وزیر اعظم مودی کی طرف سے چین کو دی گئی کلین چٹ کی ملک بھاری قیمت چکا رہا ہے۔کھرگے نے اپنے ٹویٹ میں کہاکہ اتراکھنڈ میںچینی فوج کے ذریعہ تعمیراتی کام کی جرأت ہماری علاقائی سالمیت کو متاثر کر رہی ہے ۔ چین کو یہ ہمت محض اس لئے ہوئی کیوں کہ وزیر اعظم مودی کی طرف سے چین کو دی گئی `کلین چٹ نے اس کے حوصلے بڑھادئیے ہیں۔ کھرگے نے مشورہ دیا کہ چین کا مقابلہ کھوکھلے دعوے کرکے نہیں بلکہ حکمت عملی کے ساتھ کرنا پڑے گا۔ اس سے قبل کانگریس پارٹی نے بھی ان رپورٹس کی بنیاد پر سرکار کو نشانہ بنایا۔ پارٹی نے کہا کہ ۲۰۲۰ء چین کو مودی کی `کلین چٹ بہت خطرناک ثابت ہوئی ۔۱۵؍سومربع کلومیٹر ہندوستانی علاقے پر چین کے کنٹرول پر مودی کی خاموشی قومی سلامتی کے محاذ پر ان کی مکمل ناکامی کی عکاسی کرتی ہے۔