• Sat, 22 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’اب ایس ٹی میں کسی کو چھوٹ نہیں دی جائے گی‘‘

Updated: February 22, 2025, 2:09 PM IST | Agency | Osmanabad

خواتین اور معمر افرادکو چھوٹ دینے کے سبب ایس ٹی یومیہ ۳؍ کروڑ کے خسارے میں ہے: وزیر برائے نقل وحمل پرتاپ سرنائیک۔

Women are currently allowed half-fare travel in ST. Photo: INN
خواتین کو اس وقت ایس ٹی میں آدھے دام میں سفر کی اجازت ہے۔ تصویر: آئی این این

) لاڈلی بہن اسکیم کی طرح اب ایس ٹی بسوں میں خواتین اور معمر شہریوں کو ملنے والی چھوٹ بھی حکومت کو کھٹکنے لگی ہے۔ وزیر برائے نقل وحمل پرتاپ سرنائیک نے کہا ہے کہ خواتین اور معمر شہریوں کو ایس ٹی بسوں کے ٹکٹ پر دی گئی چھوٹ ہی کی وجہ سے ایس ٹی خسارے میں آ گئی ہے۔ اسے یومیہ ۳؍ کروڑ روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔ سرنائیک نے یہ وضاحت بھی کر دی کہ آئندہ وہ ایس ٹی میں کسی کو کوئی چھوٹ نہیں دیں گے۔ وزیر کے بیان سے یہ سوال خود بخود پیدا ہو گیا ہے کہ کیا خواتین اور معمر شہریوں کو ایس ٹی بسوں میں ملنے والی چھوٹ ختم کر دی جائے گی؟ اہم بات یہ ہے کہ پرتاپ سرنائیک کا تعلق ایکناتھ شندے کی پارٹی سے ہے جنہوں نے خواتین اورمعمر شہریوں کیلئے اسکیم شروع کی تھی۔ 
  یاد رہے کہ ایکناتھ شندے نے بطور وزیر اعلیٰ کئی اہم فیصلے کئے تھے جن میں سے معمر افراد کو مفت اور خواتین کو آدھے داموں میں ایس ٹی میں سفر کرنے کی سہولت بھی شامل تھی۔ ایکناتھ شندے نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کے اس فیصلے کے سبب ایس ٹی میں سفر کا رجحان بڑھ گیا ہے اور ایس ٹی منافع میں آ گئی ہے۔ لیکن اب خود ان کی پارٹی سے تعلق رکھنے والے وزیر برائے نقل و حمل پرتاپ سرنائیک نے اس کے ٹھیک برعکس بات کہی ہے۔ دراصل پرتاپ سرنائیک ایک پروگرام میں شرکت کیلئے عثمان آباد آئے تھے۔ یہاں صحافیوں کی ایک تنظیم ’وائس آف میڈیا‘ نے ان سے مطالبہ کیا تھا کہ صحافیوں کو ایس ٹی میں مفت سفر کی سہولت فراہم کی جائے۔ اس پر بات کرتے ہوئے پرتاپ سرنائیک نے کہا ’’ ایس ٹی کی تمام بسوں میں کئی طرح کی سہولیات دی گئی ہیں۔ ہماری بہنوں کو ٹکٹ کے دام پر ۵۰؍ فیصد چھوٹ ہے۔ معمر شہریوں کو مفت سفر کی سہولت ہے۔ ان دونوں اسکیموں کی وجہ سے ایس ٹی ۳؍ کروڑ روپے کے خسارے میں ہے۔ ‘‘ ان کا کہنا تھا ’’ اگر ہم ہر کسی کو سہولت دینے بیٹھ گئے تو مجھے لگتا ہے کہ ایس کو چلانا مشکل ہو جائے گا۔ اس لئے آئندہ میں کسی کو کوئی سہولت نہیں دوں گا۔ ‘‘
 یاد رہے کہ اسمبلی الیکشن سے قبل اس وقت کے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کئی ایسے اعلانات کئے تھے جس میں عام آدمی کو براہ راست فائدہ پہنچ رہا تھا جیسے لاڈلی بہن اسکیم کے تحت خواتین کے اکائونٹ میں ۱۵۰۰؍ روپے جمع کئے جانے لگے۔ معمر افراد کو ایس ٹی بسوں میں مفت سہولت فراہم کی گئی اور خواتین کو ٹکٹ کے آدھے داموں میں ایس ٹی میں سفر کی چھوٹ دی گئی۔ الیکشن جیتنے کے بعد حکومت ان میں سے ایک کے بعد ایک اسکیموں میں تخفیف کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ پرتاپ سرنائیک کے بیان کے بعد فطری طور پر یہ سوال پوچھا جانے لگا کہ کیا اب ایس ٹی میں معمر شہریوں کو مفت اور خواتین کو آدھے داموں میں سفر کی سہولت ختم کر دی جائے گی؟ اس تعلق سے میڈیا نے ایکناتھ شندے نےکہا ’’ لاڈلی بہن اسکیم کو بند نہیں  کیا جائے گا۔ ایس ٹی میں خواتین کو آدھے داموں میں سفر کی چھوٹ ختم نہیں کی جائے گی۔ اسی طرح معمر شہریوں کو مفت سفر کی سہولت بھی ختم نہیں کی جائے گی۔ ‘‘ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK