بھونیشور میں ۱۸؍ ویں پرواسی بھارتیہ دیوس کا افتتاح،غیر مقیم ہندوستانیوں کیلئےخصوصی سیاحتی ٹرین کی بھی شروعات۔
EPAPER
Updated: January 10, 2025, 11:26 AM IST | Agency | Bhubaneswar
بھونیشور میں ۱۸؍ ویں پرواسی بھارتیہ دیوس کا افتتاح،غیر مقیم ہندوستانیوں کیلئےخصوصی سیاحتی ٹرین کی بھی شروعات۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو’ پرواسی بھارتیہ دیوس‘ کے موقع پر ایک پروگرام میں کہا کہ ہمارا ورثہ ہمیں سکھاتا ہے کہ مستقبل یدھ میں نہیں بلکہ بدھ میں ہے نیز انہوں نے این آر آئیز کو ہندوستان کا حقیقی سفیر قرار دیا۔ مودی نے کہا کہ غیر مقیم ہندوستانی شہری(این آر آئیز) جس ملک میں بھی جاتے ہیں، وہاں ہندوستانی ثقافت اور اقدار کو زندہ رکھتے ہیں۔ مودی نے ادیشہ کے دارالحکومت بھونیشور کے جنتا میدان میں منعقدہ ۱۸؍ویں پرواسی بھارتیہ دیوس سمیلن کا افتتاح کیا۔ اس کانفرنس میں دنیا بھر سے این آر آئیز حصہ لے رہے ہیں۔ ہندوستان کی ترقی، ثقافت اور ترقی کے سفر میں جڑنے کا موقع اڈیشہ نے حاصل کی۔ اپنے خطاب میں وزیر اعظم مودی نے ادیشہ کے تاریخی اور ثقافتی ورثے کو ہندوستان کی شاندار روایت کی علامت قرار دیا۔ انہوں نے کہا، ’’ادیشہ کی سرزمین پر ہر قدم پر ہمیں اپنے شاندار ورثے کی جھلک ملتی ہے۔ سیکڑوں سال پہلے یہاں کے تاجر طویل سمندری سفر کرکے بالی، سماترا اور جاوا تک جاتے تھے۔ آج بھی ادیشہ میں بالی یاترا کا اہتمام کیا جاتا ہے جو اس تاریخی تعلق کا ثبوت ہے۔ شہنشاہ اشوک اور بدھ مت کا ذکر کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ جب پوری دنیا تلوار کی طاقت سے اپنی سلطنت کو بڑھانے میں مصروف تھی، ہندوستان نے امن اور عدم تشدد کا پیغام دیا۔ انہوں نے کہا، ’’ہمارا ورثہ ہمیں سکھاتا ہے کہ مستقبل یدھ میں نہیں بلکہ بدھ میں ہے۔ ‘‘این آر آئیز کو ہندوستان کے حقیقی ثقافتی سفیر بتاتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے کہا کہ وہ جس بھی ملک میں جاتے ہیں، وہاں ہندوستانی ثقافت اور اقدار کو زندہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم صرف جمہوریت کی ماں نہیں ہیں بلکہ جمہوریت ہماری زندگی کا حصہ ہے۔ تنوع ہماری ثقافت میں ہے اور اسے سکھانے کی ضرورت نہیں ہے، بلکہ ہماری زندگی کا ایک فطری حصہ ہے۔ انہوں نے این آر آئیز پر زور دیا کہ وہ `میک اِن انڈیا مہم کو اپنائیں اور ہندوستانی مصنوعات کو فروغ دیں۔ ہندوستان کی عالمی کامیابی پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے ہندوستان کی سائنسی اور تکنیکی ترقی پر بھی فخر کا اظہار کیا اور کہا کہ ہندوستان کا ہر شعبہ آج نئی بلندیوں کو چھو رہا ہے۔ اس موقع پروزیر اعظم مود ی نے این آر آئیز کیلئے خصوصی ٹرین پرواسی بھارتیہ ایکسپریس کا بھی افتتاح کیا جوتین ہفتوں کے سفرپر ملک کے مذہبی اورثقافتی اہمیت کے حامل مقامات پر جائیگی۔