• Sat, 15 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

جی بی ایس مریضوں کی تعداد ۲۰۰؍ کے پار

Updated: February 14, 2025, 1:49 PM IST | Agency | Pune

پونے میں ایک اور مریض کی موت، ۲۰۳؍ مریضوں میں سے ۱۰۹؍ شفایاب ہو چکے ہیں، ۵۲؍ آئی سی یو میں اور ۲۰؍ وینٹی لیٹر پر ہیں۔

Out of 203 patients, 195 patients have been found in Pune district. Photo: INN
۲۰۳؍ مریضوں میں سے ۱۹۵؍ مریض پونے ضلع میں پائے گئے ہیں۔ تصویر: آئی این این

ریاست میں گولین بیرے سنڈروم (جی بی ایس) نامی بیماری کا اثر بڑھتا ہی جا رہا ہے۔    پونے میں بدھ کی راست ایک اور مریض کی موت ہو گئی  جس کے بعد اس مرض کے سبب فوت ہونے والوں کی تعداد ۹؍ ہو گئی ہے جبکہ مجموعی طور پر ریاست میں مریضوں کی تعداد ۲۰۳؍ تک پہنچ گئی ہے۔ یاد رہے کہ ایک روز قبل ممبئی میں جی بی ایس کے سبب  ایک شخص کی موت ہو گئی تھی۔ پونے کے  باہر ہونے والی یہ دوسری موت تھی۔ 
  اطلاع کے مطابق جی بی ایس کے سبب پونے میں  واقع سنت روہیداس اسپتال میں ایک ۵۹؍ سالہ مریض کی موت  ہوگئی۔ اس مریض کو ۱۰؍ فروری کو اسپتال میں داخل کیا گیا تھا لیکن علاج کے باوجود ڈاکٹر اسے بچا نہیں پائے۔   اس طرح جی بی ایس کے سبب ہلاک ہونے والوں کی تعداد اب ۹؍ ہو گئی ہے۔ ان میں سے۶؍  پونے  میں فوت ہوئے ہیں۔ ایک کی موت شولاپور  میں ہوئی ہے، ایک ممبئی میں ہلاک ہوا ہے اور ایک پونے ہی کے پمپری چنچوڑ شہر میں فوت ہوا ہے۔ جہا ں تک بات  ہے جی بی ایس کے مریضوں کی تو رریاست بھر میں ان کی تعداد ۲۰۳؍ ہو گئی ہے۔ ان میں سب سے زیادہ مریض پونے میں پائے گئے ہیں۔ یہاں مجموعی طور پر پورے ضلع میں ۱۹۵؍ مریضوں میں جی بی ایس کی علامتیں پائی گئی ہیں جبکہ دیگر اضلاع میں ۸؍ مریض جی بی ایس سے متاثر ہوئے ہیں۔ ان میں سانگلی، شولا پور اور ممبئی شامل ہے۔ پونے شہر میں اب تک ۴۱؍ افراد کے اندر جی  بی ایس کی علامتیں پائی گئی ہیں جبکہ مضافاتی علاقوں میں  جی بی ایس کے ۹۴؍ مریض پائے گئے ہیں۔ ساتھ ہی  پونے  کے دیہی علاقوں میں کل  ۳۱؍ افراد  جی بی ایس کی بیماری میں مبتلا پائے گئے ہیں۔  نیز پونے کے پمپری چنچوڑ شہر میں  ۲۹؍ مریض اس مرض میں مبتلا پائے گئے ہیں۔  مجموعی طور پر ۲۰۳؍ مریضوں میں سے ۱۰۹؍ مریضوں کا علاج ہو چکا ہے اور انہیں چھٹی دی جا چکی ہے۔ البتہ  دیگر ۹۴؍ مریضوں میں سے ۵۲؍ آئی سی یو میں بھرتی ہیں جبکہ ۲۰؍ وینٹی لیٹر پر ہیں اور دیگر ۲۲؍ جنرل وارڈ میں اپنا علاج کروا رہے ہیں۔ 
جیسا کہ اس سے پہلے خبر آئی تھی کہ سب سے زیادہ یہ مرض ۲۰؍ تال ۳۰؍ سال کی عمر کے لوگوں کو میں پایا گیا ہے۔ اب تک کے اعداد وشمار سے معلوم ہوتا ہے کہ جی بی ایس سے متاثر ۴۴؍ افراد ایسے پائے گئے ہیں جن کی عمر ۲۰؍ تا ۲۹؍ سال ہے۔ اس کے بعد ۵۰؍ تا ۵۹؍ سال کے مریضوں کی تعداد ۲۹؍ پائی گئی ہے۔ عمر کے دیگر زمروں میں مریضوں کی تعداد کم وبیش ایک جیسی ہے۔  صفر تا ۹؍ سال کی عمر کے بچوں میں یہ  ۲۴؍ مریض اس بیماری میں مبتلاپائے گئے ہیں۔ ۱۰؍ تا ۱۹؍ سال کی عمر کے لوگوں  میں   بھی ۲۴؍ افراد اس بیماری میںمبتلا ہیں۔ ۳۰؍ تا ۳۹؍ سال کی عمر کے لوگوں میں بھی ۲۴؍ افراد اس بیمار کا شکار ہیں۔ جبکہ ۴۰؍ تا ۴۹؍ سال کی عمر کے ۲۷؍ افراد اس بیماری میں گرفتار ہیں۔  ۶۰؍ تا ۶۹؍ سال کی عمروالے ۲۱؍ افراد کو جی بی ایس بیماری لاحق ہوئی ہے  نیز ۷۰؍ تا ۷۹؍ سال کی عمر کے ۶؍ اور ۸۰؍ تا ۸۹؍ سال کی عمر کے ۴؍ مریض اس بیماری میں  مبتلا پائے گئے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK