• Sat, 21 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

گیان واپی مسجد کے دیگر تہہ خانوں کے سروے کی عرضی پر اعتراض

Updated: February 07, 2024, 7:51 AM IST | Agency | Varanasi

انجمن انتظامیہ مساجد نےعدالت میں سروے کی مخالفت کی، مسجد سے وابستہ دیگرکئی عرضداشتوں پر اگلی سماعت ۱۵؍ فروری کو ہوگی۔

Gyanvapi MasjidPhoto: INN
گیان و اپی مسجد۔ تصویر : آئی این این

گیان واپی مسجد سے متعلق منگل کو کئی مقدموں کی سماعت ہوئی جس میں مسجدکے مزید دو تہہ خانوں کےاےایس آئی سروے، شرنگار گوری کے روزانہ پوجا پاٹھ، مسجد کے وضو خانہ میں ملے مبینہ شیو لنگ  کے پوجا پاٹھ کرنے کے مطالبے وغیرہ شامل ہیں۔سماعت کےد وران دیگر تہہ خانوں کا بھی سروے کرائے جانے کی عرضی پر انجمن انتظامیہ مساجد نے اعتراض کیا اور اسے خارج کرنے کی اپیل کی ۔واضح  رہے کہ منگل کو ضلع جج کی غیر موجود گی میں قائم مقام جج انل کمار کی عدالت میں گیان واپی مسجد کے مزید دوتہہ خانوں کا اے ایس آئی سروے کرانے کے معاملہ کی سماعت ہوئی۔ اس دوران انجمن انتظامیہ مساجد کے وکلاء نے  مندر فریق کی راکھی سنگھ کی جانب سے مسجد کے مزید دوتہہ خانوں کے سروے کرانے کی عرضی کی مخالفت کی۔ انجمن انتظامیہ مساجدکے ایڈووکیٹ رئیس احمد نے عدالت میں بحث کرتے ہوئے کہا کہ ہم لوگوں کو سروے رپورٹ کی کاپی مل گئی ہے لیکن اس میں یہ نہیں ہے کہ مسجد کے اندر سے جو اشیاء ملی  ہیں، انہیں ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ ( ڈی ایم) کی موجودگی میں ٹریژری میں رکھوادیا گیا ہے۔ اس کی فہرست بھی ہم لوگوں کو نہیں ملی ہے کہ اس میں کیا کیا ہے؟ جب فہرست مل جائے گی تو ہم لوگ اس پر رائے مشورہ کریں گے ۔ انجمن مساجدکی جانب سے یہ بھی کہاگیاہے کہ اصل مقدمے میں اے ایس آئی اور مرکزی حکومت کو فریق نہیں بنایاگیا ہے  اس لئے سروے کا حکم نہیں دیاجاسکتاہے۔ عدالت میں انجمن انتظامیہ مساجد کی بات سننے کے بعد ۱۵؍ فروری کی تاریخ مقرر کردی گئی ہے ۔ اس دوران یہ نہیں بتایا گیا ہے کہ انجمن انتظامیہ مساجدکو مذکورہ فہرست کی کاپی کب دی جائے گی۔اس کے علاوہ گیان واپی مسجد سے متعلق دیگر مقدموں کی سماعت ہوئی۔ سبھی کی سماعت کیلئے ۱۵؍ فروری کی تاریخ  مقرر کردی گئی۔ ان مقدموں میں شرنگار گوری کے روز مرہ پوجا پاٹھ کرنے کے  معاملہ کی سماعت ہوئی۔ اس کے علاوہ ایڈوکیٹ کمشنر کی کارروائی کے دوران وضو خانہ میں ملے مبینہ شیو لنگ (فوارہ) کی پوجا پاٹھ کرنے کا انتظام کے مطالبہ سول جج (سینئر ڈویژن فاسٹ ٹریک کورٹ)میں سماعت ہونی تھی لیکن سماعت نہیں ہو سکی اور اس کی تاریخ ۱۵؍ فروری مقرر کردی گئی۔ عدالت میں انجمن انتظامیہ مساجد کی جانب سے ایڈوکیٹ رئیس احمدانصاری، ایڈوکیٹ اخلاق احمد، ایڈوکیٹ ممتاز احمد، ایڈوکیٹ معراج الدین موجود تھے جبکہ مندر فریق کی جانب سے ایڈوکیٹ سورو تیواری، ایڈوکیٹ مان بہادر سنگھ، ایڈوکیٹ انوپم دویدی کے علاوہ دوسرے شہروں سے آئے کئی ایڈوکیٹ بھی موجود تھے۔ 
قابل ذکر ہے کہ گیان واپی مسجد کے (ویاس )تہہ خانہ میں پوجا پاٹھ مسلسل جاری ہے ۔ اس پر باہر سے ہی غیر مسلم ا فراد ہاتھ جوڑ کر آگے بڑھ جا رہے ہیں کسی کو بھی اندر جانے کی اجازت نہیں ہے۔ ایک پجاری مقررہے جو  وہاں پوجا پاٹھ کا انتظام کرتا ہے۔ (ویاس) تہہ خانہ کیلئے دو لوگوں نے جن میں مہیش کمار رستوگی اور سنجے کمار رستوگی شامل ہیں، ۱۱؍کلو گرام کا پیتل کا ایک گھنٹہ تحفہ میں د دیا ہے۔  اس کے لئے ضلع انتظامیہ سے اجازت کے لئے درخواست بھی دی گئی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK