مرنے والوں کی مجموعی تعداد۲۹۲ ۔۴۰؍ سے زیادہ زخمی مسافر ایس سی بی میڈیکل کالج اور کٹک اسپتال میں زیر علاج
EPAPER
Updated: June 19, 2023, 6:17 PM IST | Bhubaneswar
مرنے والوں کی مجموعی تعداد۲۹۲ ۔۴۰؍ سے زیادہ زخمی مسافر ایس سی بی میڈیکل کالج اور کٹک اسپتال میں زیر علاج
اودیشہ ٹرین سانحہ میں ایک اور مسافر کی موت کے بعد حادثہ میں مرنے والوں کی تعداد۲۹۲؍ ہو گئی ہے۔ قبل ازیں وزیر ریلوے ویشنو موثر ریلوے آپریشنز اور حفاظت پر زور دیاتھا۔ حکام کے مطابق مغربی بنگال سے تعلق رکھنے والا مسافر پلٹو نسکر، کٹک کے ایس سی بی میڈیکل کالج اور اسپتال کے آئی سی یو میں زیر علاج تھا ،اس نے اتوار کو آخری سانس لی۔حکام نے۶؍جون کو بالاسور ضلع کی رپورٹس کی بنیاد پر اویشہ سانحہ میں مرنے والوں کی تعداد۲۸۸؍ بتائی تھی۔اس کے بعد سے ایس سی بی میڈیکل کالج اور اسپتال میں زیر علاج ۴؍ مسافروں کی موت ہو چکی ہے۔ایس سی بی میڈیکل کالج اور اسپتال میں مرنے والے ۴؍ میں سے ۳؍کا تعلق بہار سے ہے اور ایک کا تعلق مغربی بنگال سے ہے۔ ایک مسافر وجے پاسوان نے۱۳؍ جون ، پرکاش رام نے۱۶ جون جبکہ ایس منصور نے۱۷؍ جون کو آخری سانس لی۔فی الحال۴۰؍ سے زیادہ زخمی مسافر ایس سی بی میڈیکل کالج اور کٹک اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
قبل ازیں ریلوے کے وزیر اشونی ویشنو نے شمالی ریلوے کے دہلی ڈویژنل ہیڈکوارٹر میں ڈویژنل ٹریفک کنٹرول روم کا دورہ کیا اور موثر ریلوے آپریشن اور حفاظت کی اہمیت پر زور دیا۔ریلوے کے وزیر نے ریل ٹریفک کنٹرولرز کے تجربے اور ان کے مختلف پہلوؤں اور دیکھ بھال کے عملہ کے بارے میں جاننے کیلئے ڈویژن کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں۔
تقریباً ۳؍ گھنٹے کے دورے میں ویشنو نے عملہ اور اہلکاروں کے ساتھ بات چیت کی تاکہ ان کے حالیہ تجربات، خاص طور پر موونگ بلاکس، منصوبہ بندی اور موثر ٹرین آپریشنز اور دیگر مسائل سے متعلق چیلنجوں کے بارے میں جان سکیں۔ اس دوران مؤثر حل تلاش کرنے اور ریلوے نظام کے مجموعی کام کو بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی۔
اس دوران ویشنو نے آپریشنل کارکردگی کو بڑھانے اور مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے ایک فول پروف نظام کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے رکاوٹوں کو کم کرنے اور ریلوے نیٹ ورک کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے محتاط منصوبہ بندی اور عملدرآمد کی اہمیت پر زور دیا۔
ریلوے کے وزیر نے ڈویژن کے اندر ہر ایک کنٹرول آفس کا دورہ کیا جس سے انہیں ڈویژن کی کارروائیوں کے بارے میں ایک جامع اورٹھوس معلومات حاصل ہوئی۔