• Fri, 18 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

عمر عبداللہ نے جموں کشمیر کے وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے حلف لیا

Updated: October 16, 2024, 11:07 PM IST | Srinagar

سریندر سنگھ نائب وزیر اعلیٰ مقرر لیکن کانگریس پارٹی حکومت میں شامل نہیں ہوئی ، ریاستی درجے کی بحالی کا مطالبہ دہرایا

Newly elected Chief Minister of Jammu and Kashmir Omar Abdullah taking oath of office and secrecy. (PTI)
جموں کشمیر کے نو منتخب وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ عہدے اور رازداری کا حلف لیتے ہوئے۔(پی ٹی آئی )

 عمر عبداللہ نے جموں کشمیر کے وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے سری نگر  کے   شیرِکشمیر انٹرنیشنل کانفرنس سینٹرمیں حلف لیا۔ اسی کے ساتھ سریندر سنگھ چودھری نے نائب وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیا۔حلف برداری کی تقریب میں کانگریس کے صدر ملکارجن کھرگے، راہل گاندھی، پرینکا گاندھی،سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی، اکھلیش یادو ، سنجے سنگھ اور ڈی راجہ سمیت کئی اہم سیاسی لیڈروں نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران سی پی  آئی  لیڈر ڈی راجہ نےکہا کہ جموں کشمیر کے  لئے یہ ایک نیا آغاز ہے۔  نو منتخب نائب وزیر اعلیٰ سریندر سنگھ چودھری کو کابینہ میںشامل کرکے نیشنل کانفرنس نے خطۂ جموں کو بہتر نمائندگی دینے کی کوشش کی ہے۔ یاد رہے کہ سریندر سنگھ نے ہی جموں کشمیر کے بی جے پی صدر رویندر رینہ کو   شکست دی تھی۔
 وزیر اعلیٰ اور نائب وزیر اعلیٰ کے علاوہ  سکینہ ایتو،جاوید رانا ،جاوید ڈار اورستیش شرما کو بھی لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے  وزارت کا حلف دلایا۔ ان کے قلمدان جلد ہی تقسیم کردئیے جائیں گے۔ لیکن  نیشنل کانفرنس کے ساتھ مل کر الیکشن لڑنے والی کانگریس نے حکومت میں فی الحال شمولیت اختیار نہیں کی ہے۔ جموںکشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے سربرا ہ طارق حمید قرہ نے کہا کہ کانگریس نے مرکزی حکومت سے جموں کشمیر کی ریاستی حیثیت کی بحالی کا مطالبہ کیا ہے اور وزیر اعظم نے متعدد عوامی اجلاس میں اس کا وعدہ بھی کیا ہے۔ تاہم ریاستی حیثیت اب تک بحال نہیں ہوئی ہے، جس پر ہم ناراض ہیں، اسی  لئے ہم اس وقت کشمیر کی کابینہ میں شامل نہیں ہو رہےہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK