قدیم نوادر کی نمائش میں شاہو مہاراج کا کروایا ہوا قرآن شریف کے مراٹھی ترجمے کا نسخہ بھی پیش کیا جائے گا۔
EPAPER
Updated: January 10, 2025, 4:23 PM IST | Inquilab News Network | Kolhapur
قدیم نوادر کی نمائش میں شاہو مہاراج کا کروایا ہوا قرآن شریف کے مراٹھی ترجمے کا نسخہ بھی پیش کیا جائے گا۔
اردو کی ترویج اور طلبہ میں اردو کے تعلق سے شوق ورغبت پیدا کرنے کی غرض سے کولہاپور میں آئندہ ۱۱؍ جنوری کو ’اردو کارنیوال‘ کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ اس میں ریاست کی کئی اہم شخصیات شرکت کریں گی اور مختلف قسم کے پروگرام پیش کئے جائیں گے۔
مسلم بورڈنگ نامی ادارے کے سربراہ عزیز اجریکر، اور ان کے رفقاء سمیر مجاور، قادر بھائی ملباری، ابو تاکیلدار، رفیق شیخ، باپو ملا، اور رحیم ملات وغیرہ نے ایک پریس کانفرنس منعقد کرکے اطلاع دی کہ ۱۱؍ جنوری کو کولہاپور شہر کی مختلف اسکولوں کے طلبہ اردو کارنیوال میں حصہ لیں گے جو شہر کے دسہرہ چوک پر منعقد کیا جائے گا۔اس کا افتتاح ریاستی وزیر صحت پرکاش ابیٹکر کریں گے۔ اس پروگرام کی صدارت چھترپتی شیواجی کے گھرانے سے تعلق رکھنے والے رکن پارلیمان شاہو مہاراج کریں گے۔ جبکہ وزیر برائے طبی تعلیم حسن مشرف مہمان خصوصی ہوں گے۔ عزیر اجریکر نے بتایا کہ اس کارنیوال میں طلبہ کی جانب سے رنگا رنگ پروگرام پیش کئے جائیں گے۔ اردو، مراٹھی اور انگریزی زبانوں کی تاریخ بیان کی جائے گی۔ مشاعرہ کا انعقاد ہوگا، خیرسگالانہ پروگرام ہوں گے اور حب الوطنی کے ترانے بھی پیش کئے جائیں گے۔
اس پروگرام میں خصوصی طور پر کلام پاک کے سب سے چھوٹے نسخے کی نمائش ہوگی جبکہ قدیم (قبل مسیح) زمانے کے سکوں کی نمائش ہوگی۔ خاص بات یہ چھترپتی شاہو مہاراج کے ہاتھوں مراٹھی میں ترجمہ کئے گئے کلام پاک کے نسخے کو بھی نمائش میں رکھا جائے گا۔ جبکہ فوڈ فیسٹیول کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔ منتظمین نے تمام محبان اردو سے اس اردو کارنیوال میں شرکت کی اپیل کی ہے۔