• Fri, 24 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

مولانا رابع حسنی ندوی کے انتقال پر پورے ملک میں صف ماتم،متعدد اہم شخصیات نے اظہار تعزیت کیا

Updated: April 14, 2023, 2:31 PM IST | New Delhi

جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانامحمود اسعد مدنی نے آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کےصدر، دارالعلوم ندوۃ العلماء کےناظم مرشد ملت حضرت مولاناسیدمحمدرابع حسنی ندوی کے انتقال ِپر ملال پر گہرے رنج و الم کا اظہار کیا ہے ۔

Hearing the news of Maulana`s death, a large number of people gathered outside Madrasa Nadwatul Ulama
مولانا کے انتقال کی خبر سن کر بڑی تعداد میں لوگ مدرسہ ندوۃالعلماء کے باہر جمع ہوگئے

جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانامحمود اسعد مدنی نے آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کےصدر، دارالعلوم ندوۃ العلماء کےناظم مرشد ملت حضرت مولاناسیدمحمدرابع حسنی ندوی کے انتقال ِپر ملال پر گہرے رنج و الم کا اظہار کیا ہے ۔ 
 مولانا مدنی نےیہاں جاری تعزیتی بیان میںکہا کہ آپ کی ذات فکر و نظر ، علم و عمل ، دیانت ، تفقہ ، تدبیر وتدبر ، ایثار ، خلو ص و للہیت کی مجموعہ تھی۔ آپ ایک بہترین استاذ، مخلص داعی اور ژرف نگاہ مفکر تھے جن سے علمی ، دینی ، ادبی و سیاسی دنیا میں رہ نمائی حاصل کی جاتی تھی۔آپ مفکر اسلام حضرت مولانا سید ابوالحسن علی ندوی ؒ کی وراثتوں کے امین اور ان کی طرح جامعیت و بلندیٔ فکر و خیال کی سچی تصویر تھے۔ آپ نےحضرت شیخ الاسلام مولانا حسین احمد مدنیؒ، مولانا محمد احمد پرتاب گڑھی ؒ جیسے بزرگوں سے بھی کسب فیض کیا جس سے فکر و عمل میں آفاقیت پیدا ہوئی۔
 مولاناکی وفات امت اسلامیہ کا نقصان: مسلم پرسنل لا بورڈ
 آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے جنرل سیکریٹری مولانا خالد سیف اللہ رحمانی نے مولاناسیدمحمدرابع حسنی ندوی صدر آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ و ناظم ندوۃ العلماءلکھنؤ کی وفات پر گہرے رنج وغم کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پوری  امت کے لئے نقطہ اتفاق تھے۔
 انہوں نے آج یہاں جاری ایک تعزیتی بیان میں کہا کہ  ہرحلقہ میں ان کو محبت وعظمت کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا، وہ اس وقت مسلمانوں کے لیے سب سے بڑا مرجع تھے، ان کو عالم اسلام خاص کر عرب دنیا میں بھی بہت قدرواحترام کی نظر سے دیکھا جاتا تھا، ان کے عہد صدارت میں پرسنل لا بورڈ نے بہت حکمت کے ساتھ اہم اور مشکل مسائل کا سامنا کیا،وہ بلند پایہ مصنف، ماہر تعلیم، عربی کے مایہ ناز ادیب، بافیض استاذ ومربی تھے، پوری ملت اسلامیہ اس وقت تعزیت کی مستحق ہے، بورڈ تمام مسلمانوں سے اپیل کرتا ہے کہ حضرت والا کیلئے دعا کا اہتمام کریں اور اتحاد واتفاق کو قائم رکھیں۔
 پوری ملت کا عظیم خسارہ: مفتی محمد ثناءالہدی قاسمی
  نامور عالم دین اور رکن مسلم پرسنل لاء بورڈ مفتی محمد ثناءا لہدی قاسمی نے حضرت مولانا محمد رابع حسنی ندوی کے انتقال پر گہری تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔انہوںنے اپنے تعزیتی پیغام میںکہاکہ آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے صدر،ناظم ندوة العلماءلکھنؤ،ہزاروں مسلمانوں کے مرشد و مربی، سیکڑوں اداروں کے سرپرست حضرت مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی کے انتقال سےایک عہد کا خاتمہ ہوگیا۔مولانا کی نماز جنازہ آج(جمعرات) ہی بعدنماز تراویح ندوہ میں اور کل(جمعہ) صبح بعد نمازفجر رائے بریلی میں ادا کی جائے گی۔مولانا نےبڑے نازک دور میں ندوہ اور مسلم پرسنل لاء بورڈکی قیادت کی اور بڑے منجھدار سے ملت کی کشتی کو حکمت عملی کے ساتھ آگے بڑھاتے رہے ان کے علمی تبحر ،انتظامی صلاحیت ،تحمل ،برد باری، سنجیدگی اور متانت کی دنیا قائل تھی۔اصابت رائے اور سب کو ساتھ لے کر چلنے کی غیر معمولی صلاحیت اللہ نے آپ کو عطا کی تھی۔مولانا کا انتقال پوری ملت کا خسارہ اور موت العالم کا صحیح مصداق ہے۔
میں‌نےاپناروحانی ‌سرپرست‌کھودیا:محمدادیب
 سابق  ‌ر کن ‌ پارلیمان‌اور‌انڈین مسلم‌فار‌سول  رائٹس‌ کے صدرمحمدادیب‌نےکہا کہ‌آج ‌ہم   نے اپنا    ‌روحانی ‌سرپرست‌ کھو‌دیا‌ہے‌۔ انہوں نے تعزیتی بیان میں کہا کہ ‌میراندوۃالعلماء لکھنؤ سے تعلق ‌ پچھلے۵۰؍‌سا ل‌ سے  زیادہ ‌ کا ہے۔ پہلے مولانا علی‌میاںؒکی‌ سرپرستی ‌حاصل ‌رہی ‌اور پھر مولانا رابع حسنی ندوی صاحب ہمارے سرپرست رہے۔ وہ ‌حضرت ‌مولانا ‌علی‌میا ںؒ ‌ کے ‌ بعد ‌آخری ‌ستون‌ تھے۔
بہار کے رکن کونسل قاری صہیب کا اظہار غم
 بہار میںراشٹریہ جنتادل کے ممبر کونسل قاری صہیب نے حضرت مولانا سید رابع حسنی ندوی کے سانحہ ارتحال پر گہرے دکھ اورافسوس کا اظہار کرتے ہوئےکہا کہ اللہ حضرت کو جنت الفردوس میں اعلیٰ سے اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔آر جے ڈی لیڈر نےکہا کہ کچھ ماہ قبل ہی مولانا سے ملاقات ہوئی اور بیعت کا شرف بھی حاصل ہوا تھا حضرت نے ملاقات کے دوران دست شفقت رکھتے ہوئے ممبر کونسل منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ یوں ہی عوام کی خدمت کرتے رہنا ہندو مسلم ایکتا کے لیے کام کرتے رہنا ان سب باتوں کو یاد کرتا ہوں تو آنکھیں نم ہوجاتی ہیں، اللہ ملک و قوم کو ان کا نعم البدل عطا فرمائے ۔
مولانا کی وفات ایک عہد کاخاتمہ: مولانا محمد فضل الرحیم مجددی
 عالمی شہرت یافتہ تعلیمی ادارہ دارالعلوم ندوۃ العلماء لکھنؤاور ملت اسلامیہ ہندیہ کے متحدہ ومتفقہ ادارہ آل انڈیا مسلم پرسنل لابورڈ کے باوقار صدر ،بین الاقوامی سطح کے مشہور عالم دین ،رابطہ عالم اسلامی  ہند کے ذمہ دار اور خانوادہ شاہ علم اللہ کے روشن چراغ مخدوم  مولانا سید محمد رابع حسنی کے انتقال پر گہرے رنج و الم کا اظہار کرتے ہوئے جامعۃ الہدایہ جےپور  کے امیر مولانا محمد فضل الرحیم مجددی نے کہا کہ ان کا وصال ایک عہد کا خاتمہ ہے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK