۶؍دسمبر کودادر میں۳۵۰؍ سےزائدجوان تعینات رہیں گے۔سی ایس ایم ٹی، تھانے اورکلیان میںبھی پولیس کے زائد جوان موجودہوں گے۔
EPAPER
Updated: December 05, 2024, 2:00 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai
۶؍دسمبر کودادر میں۳۵۰؍ سےزائدجوان تعینات رہیں گے۔سی ایس ایم ٹی، تھانے اورکلیان میںبھی پولیس کے زائد جوان موجودہوں گے۔
بھارت رتن یافتہ ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کی ۶۸؍ویںبرسی کے موقع پر ’مہاپری نروان دوس‘ کی مناسبت سے ریاست کے الگ الگ حصوں سے ۶؍دسمبر کوچیتیہ بھومی پہنچنے والے لاکھوں عقیدتمندوں کی رہنمائی ، انہیں بھگدڑ اورکسی حادثے سے بچانے کی غرض سے دادر اور دیگر اہم اسٹیشنوں پرپولیس کا زبردست پہرہ رہےگا۔ اس کا اندازہ اس سے کیا جاسکتا ہے کہ دادر میں۳۵۰؍ سےزائدگورنمنٹ ریلوے پولیس (جی آر پی) اورریلوے پروٹیکشن فورس (آرپی ایف )کے جوان پہرہ دیں گے۔اسی طرح چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمنس (سی ایس ایم ٹی )میں ۲۰۰؍ سے زائد، تھانے میں ۱۰۰؍ سے زائد اور کلیان میں ۱۵۰؍ سے زائد پولیس جوان تعینات کئے جائیںگے۔
طویل مسافتی ۱۴؍اسپیشل ٹرینیں
بابا صاحب امبیڈکر کی برسی پر ریاست کے الگ الگ حصوں سے چیتیہ بھومی (دادر) آنے والے عقیدت مندوںکی سہولت کی خاطر ۸؍ دسمبر تک۱۴؍ اسپیشل طویل مسافتی ٹرینیں چلائی جارہی ہیں۔ یہ ٹرینیں سی ایس ایم ٹی، دادر، امراؤتی اور عادل آباد کے درمیان چلائی جائیں گی۔اس تعلق سے سینٹرل ریلوے کے چیف پی آر او ڈاکٹر سوپنل نیلا نے نمائندۂ انقلاب کوبتایاکہ ’’ بابا صاحب کے ’مہاپری نروان دوس‘ کی مناسبت سے پیشگی تیاریاں کی گئی ہیںجس کے تحت سی ایس ایم ٹی میںپلیٹ فارم نمبر ۱۶؍کے قریب ہزاروں لوگوں کے رکنے کی گنجائش رکھی گئی ہے ۔اسی طرح تھانے میںپلیٹ فارم نمبر ایک کے پاس بھی ہزاروں لوگوں کے ٹھہرنے کا نظم کیاگیا ہے۔ اس انتظام کا مطلب یہ ہے کہ آنے والےآرام سے آگے بڑھیں یا ممبئی سے باہر جائیں، بھگدڑ یا کسی حادثے کا اندیشہ نہ رہے۔اس کےعلاوہ جی آرپی اور آرپی ایف کے ساتھ ریلوے کے کمرشیل اسٹاف کوبھی ۶؍ دسمبرتک ۲۴؍گھنٹے تعینات رکھا جارہا ہے تاکہ وہ آنے والوں کی مدد بھی کرے اوران کی رہنمائی بھی۔‘‘
چیف پی آر اونے یہ بھی بتایاکہ ’’ سی سی ٹی وی کیمروں سے بھی مسلسل نگرانی کی جارہی ہے۔ مذکورہ بالاتمام اسٹیشن ماسٹروں اور دیگرعملہ کوہدایت دی گئی ہے کہ وہ اس موقع پرآنے والوں پر نگاہ رکھیں اور اسٹیشن سے باہرنکلنے اور آگے جانے کے لئے ان کوراستہ بتائیں۔ اس تعلق سے الگ الگ اسٹیشنوں پر ہیلتھ بوتھ بھی بنائےگئے ہیں۔ ‘‘
بیسٹ کی جانب سے ۲۰؍بسوں کا نظم
۵؍اور۶؍دسمبر کوچیتیہ بھومی جانے کیلئے یوں تو اس روٹ پرکئی بس سروسیز پہلے سے چلائی جاتی ہیں مگر ان دو دنوں میںخاص طور پر ۲۰؍اضافی بسوں کا نظم کیا گیا ہے۔ یہ بسیں دادراسٹیشن سے چیتیہ بھومی تک وقفے وقفے سے چلائی جائیں گی ۔اس کے علاوہ بیسٹ کا عملہ بھی تعینات رہے گا جو معلومات فراہم کرائے گا ۔
سینٹرل ریلوے میں۹؍دسمبرتک پلیٹ فارم ٹکٹ کی فروخت بند
سینٹرل ریلوے میںچیتیہ بھومی آنے والو ںکی بھیڑبھاڑکی وجہ سے ۹؍دسمبرتک پلیٹ فارم ٹکٹ کی فروخت بندکردی گئی ہے ۔ چیف پی آر اوڈاکٹرسوپنل نیلا نے بتایا کہ سی ایس ایم ٹی ،دادر، تھانے اور کلیان وغیرہ میں پابندی لگائی گئی ہے جو ۹؍ دسمبر تک برقرار رہے گی ۔ تاہم بزرگ اورحاملہ خواتین کواس پابندی سے مستثنیٰ رکھا گیا ہے ۔واضح رہے کہ ویسٹرن ریلوے میں یہ پابندی نہیں ہے۔