• Thu, 19 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

عید میلاد النبیؐ کے موقع پر مریضوں اور غریبوں کی امداد ، فلاحی کام بھی کئے گئے

Updated: September 17, 2024, 9:07 AM IST | Mumbai

مختلف تنظیموں کے نمائندوں ، عام افراداور اسکولی طلبہ نے یتیم خانوں، اسپتالوں اور اولڈ ایج ہوم میں جاکر پھل اور دیگر اشیاء تقسیم کیں، طبی جانچ کا کیمپ منعقد کیا گیا، پودے لگائے گئے، لنگر تقسیم کیا گیا

Langar is being distributed outside Minara Masjid.
مینارہ مسجد کے باہر لنگر تقسیم کیا جارہا ہے۔

ممبئی   اور قرب و جوار کے مختلف علاقوں میں عید میلاد النبیؐ کے موقع پر    تنظیموں کے نمائندوں اورعام افراد نے فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کرحصہ لیا۔ان میں اسکولی طلبہ بھی شامل تھے۔ اس موقع پرمریضوں اور غریبوں کی امداد کی گئی ، لنگر تقسیم کیا گیا ، اسپتالوں میں مریضوں کی قیادت کرتے ہوئے انہیں پھل دیئے گئے۔ طبی جانچ کا کیمپ منعقد کیا گیا اور ماحولیات کے تحفظ کیلئے پودے  لگائے گئے  ۔
لنگر اور پھلوں کی تقسیم
 رضا اکیڈمی کے سربراہ  محمد سعید نوری نے بتایا کہ عید میلاد النبیؐ کے موقع پر مینارہ مسجد، ممبئی کے باہر رضا اکیڈمی کی جانب سے بعد نماز ظہر لنگر رسولؐ  تقسیم کیا گیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مولانا امان اللہ رضاء خطیب و امام مسجد قباء واقع ہنس روڈ نے آل انڈیا سنی جمعیت علماء اور رضا اکیڈمی کی جانب سے کستوربا اسپتال میں تقریباً ۳۵۰؍ مریضوں میں پھل تقسیم کئے۔  ا نہوں نے یہ بھی کہا کہ سابق وزیر محمد عارف نسیم خان کی جانب سے تقریباً ۲۸؍ مساجد میں لنگر رسولؐ بھیجا گیا تھا۔ کم و بیش ۳۰؍ ہزار لوگوں کیلئے لنگر مختلف مساجد میں تقسیم کروایاگیا   جن میں غیبن شاہ درگاہ ہال، احمدی مسجد تاڑدیو، رضا مسجد خیرانی روڈ، طیبہ مسجد ساکی ناکہ، بریلی مسجد ۹۰؍فٹ روڈ، جامع مسجد چاندیولی، اولیاء مسجد جری مری، محمدی مسجد جری مری، نورانی مسجد سنجے نگراور رحمانیہ مسجد تُنگا گائوں شامل ہیں۔
 اسی طرح  مجلس اتحاد المسلمین (ایم آئی ایم )   ممبئی کے نئے صدر رئیس لشکریہ نے جوہو بیچ پر صاف صفائی کرنے والوں میں پھول اور ساڑیاں تقسیم کیں۔ انہوں نے ان کے ساتھ بیٹھ کر کھانا کھاتے ہوئے ان کے مسائل پر گفتگو بھی کی۔
 منیجنگ ٹرسٹی سہیل کھنڈوانی کے مطابق اس روز ماہم درگاہ اور حاجی علی درگاہ میں ٹرسٹ کی جانب سے تبرکات کی زیارت اور لنگر رسولؐ کا اہتمام بھی کیا گیا  ۔ اس کے علاوہ بھابھا اسپتال اور وی این دیسائی اسپتال میں غریب مریضوںمیں کمبل اور پھل تقسیم کئے گئے۔
 گزشتہ ۱۸؍ برس کی روایت کو قائم رکھتے ہوئے جاملی محلہ میں واقع حضرت پیر سید اسماعیل شاہ قادری ویلفیئر سوسائٹی کی جانب سے امسال بھی عید میلاد النبیؐ کے موقع پر جے جے اسپتال میں زیر علاج تمام مریضوں کی عیادت کی گئی اور ان میں پھل تقسیم کئے گئے۔
طلبہ   اولڈایج ہوم  پہنچے
 ماہر تعلیم عامر انصاری کے مطابق اس ماہِ مبارک کی مناسبت سے گزشتہ دنوں مدنی اسکول، جوگیشوری کے ۴۰؍ طلبہ کو ۴؍ ٹیموں میں تقسیم کرکے الگ الگ مقامات کا دورہ کرایا گیا۔ طلبہ کی ایک ٹیم اندھیری میں واقع اولڈ ایج ہوم، دوسری ٹیم ہم وطنوں کے یتیم خانہ، ایک ٹیم ورسوا میں واقع لڑکیوں کے یتیم خانے اور ایک ٹیم بالا صاحب ٹھاکرے اسپتال گئی  ۔ ان  طلبہ نے یتیم بچوں اور بوڑھے افراد کے ساتھ وقت گزارا اور ان کی تکلیف کو محسوس کیا۔ انہوں نے خود جمع کئے ہوئے پیسوں سے پھل اور چاکلیٹ ان میںتقسیم کئے اور ایک یتیم خانہ میں کچھ رقم بھی عطیہ کی۔
ممبرا میںمختلف  فلاحی کام 
 عید میلادالنبیؐ کے موقع پر ممبرا میں بھی متعدد فلاحی کام کئے گئے جن میں ماحولیات کے تحفظ  کیلئے پودے لگانا، مفت میں ذیابیطس کی جانچ کرنا اور مفت علاج کی سہولت فراہم کرنا شامل ہیں۔
 ممبرا کی خیر خواہی فاؤنڈیشن، ممبرا پرواسی سنگھ، این سی پی کے سینئر لیڈر سید علی اشرف ، ایم آئی ایم ممبرا کوسہ کے صدر سیف پٹھان اور دیگر کارکنان کی جانب سے ممبرا پولیس اسٹیشن سے شنکر مندر کے درمیان ڈیوائڈر پر پودے لگائے گئے۔ سید علی اشرف کی جانب سے نیم کے ۲۵؍ پودے لگائے گئے۔   اس سلسلے میں خیر خواہی فاؤنڈیشن کے ٹرسٹی مجاہد ساؤکار نے بتایا کہ اب تک مجموعی طور پر ۶۸؍ پودے لگائے گئے ہیں اور ۱۱۲؍  پودے  لگانے کا عزم کیا گیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ مہم صرف پودے لگانے تک محدود نہیں ہے بلکہ ان پودوں کے درخت بننے تک ان کی نگرانی کی جائے گی  ۔
طبی جانچ کا کیمپ 
 خیر خواہی فاؤنڈیشن کی جانب سے عید میلادالنبیؐ کی مناسبت سے اتوار کی شام تنور نگر (ممبرا) میں واقع خیر خواہی فاؤنڈیشن کے کلینک پر ذیابیطس اور دیگر طبی جانچ کا مفت کیمپ منعقد کیا گیا  جس سے ۱۰۰؍ مریضوں نے استفادہ کیا۔ یہاں پر رعایتی فیس پر خون کی جانچ بھی کی گئی۔ مجاہد ساوکار کے مطابق اسی طرح کا مفت میڈیکل کیمپ ۲۲؍ ستمبر کو خان کمپاؤنڈ، ۲۴؍ ستمبر کو گاؤں دیوی اور ۲۹؍ ستمبر کو ممبرا بائی پاس روڈ پر واقع امبیڈکر پاڑہ جیسی غریبوں کی بستیوں میں منعقد کیا جائے گا۔    بائیکلہ، کرلا، مانخورد،تھانے، نالا سوپارہ اور میرا روڈ میں بھی اسی طرح کے طبی کیمپ منعقد کئے جائیں گے۔

muslim Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK