• Sat, 23 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

عید الاضحی کے موقع پر مسلم علاقوں میں قربانی کے بعد خاطر خواہ صفائی رہی

Updated: June 19, 2024, 11:47 PM IST | Mumbai

علماء، ملّی و سماجی تنظیموں اور سماجی رضاکاروںکی جانب سے قربانی کے ایام میںصاف صفائی کا خیال رکھنے کی اپیل کا خاصا اثر نظر آیا

Municipal employees are taking away garbage in Mumbra during the days of sacrifice.
قربانی کے ایام میں ممبرا میں میونسپل ملازمین کوڑاکرکٹ لے جارہے ہیں۔ (تصویر: انقلاب)

 علماء، سماجی رضاکاروں، ملّی اور سماجی تنظیموں کی جانب سے عیدالاضحی کے موقع پر جانوروں کی قربانی کے بعد علاقوں میں صاف صفائی کا خیال رکھنے سے متعلق کی گئی اپیل کا امسال خاصا اثر نظر آیا اور لوگوں نے اپنے اپنے علاقوں میں صفائی پر خصوصی توجہ دی۔ شہری انتظامیہ نے بھی مسلم علاقوں میں صفائی کامعقول انتظام کیا۔
جنوبی ممبئی کے علاقوں میں صفائی کا خیال رکھا گیا
 جنوبی ممبئی کے علاقوں مدنپورہ، بائیکلہ، آگری پاڑہ، ناگپاڑہ، جے جے جنکشن، بھنڈی بازار اور محمد علی روڈ وغیرہ میں قربانی  کے بعد لوگوں نے خود بھی صفائی کا خیال رکھا اور شہری انتظامیہ نے بھی گندگی اور غلاظت کی فوری طور پر صاف کیا۔
 مدنپورہ کے مبین انصاری نے اس نمائندے کو بتایا کہ ’’  علاقے میں قربانی کے بعد عموماً علاقے میں جو گندگی اور غلاظت پھیلی دکھائی دیتی تھی ، وہ امسال نہیں دکھائی دی۔ اس کی اہم وجہ یہاں کے عوام میں صفائی سےمتعلق آنےوالی بیداری ہے۔  لوگوںنے اپنے علاقوںمیں قربانی کے بعد فوراً صفائی کروائی۔ جانور کے فضلے کو بھی فوری طور  پر کچرے کے ڈبوں تک پہنچایا۔ شہری انتظامیہ نے جگہ جگہ پر کوڑے دان کا انتظام کیا تھا جس سے بڑی آسانی ہوئی۔ کوڑے دان بھرنے پر انہیں ٹھکانے لگانے کی ذمہ داری بھی شہری انتظامیہ نے مستعدی سے انجام دی  ۔ مجموعی طور پر امسال صاف صفائی کا لوگوںنے خاص خیال رکھا ۔ یہ بات خوش آئند ہے۔   ‘‘
 اکثر و بیشتر مسلم اکثریت  علاقوں میں امسال لوگوں نے سڑکوں کے کنارے یا سوسائٹی کے گیٹ کے باہر چرم قربانی یا دیگر فضلے رکھنے سے پرہیز کیا۔ کھالوں کو فوری طور پر کسی ذمہ دار کے حوالے کیا گیا اور جو بھی فضلے جمع ہوتے تھے، انہیں کوڑاکرکٹ جمع کرنے کے  ڈبوں میں ڈالنے کے بجائے بی ایم سی کی جانب سے سڑکوں کے کنارے رکھے گئے بڑے ڈبوں میں ڈالا گیا جو بروقت ڈمپر پر لاد کر شہری علاقوں سے باہر پہنچادیا گیا جس سے علاقے میں صفائی رہی۔
ممبرا میں بھی اطمینان بخش صاف صفائی  
 امسال  عیدالاضحی   پر تھانے میونسپل کارپوریشن (ٹی ایم سی) کی جانب سے ممبرا  اور کوسہ میں صاف صفائی کا کافی بہتر انتظام کیا گیا جس پر شہریوں نے اطمینان کا اظہار کیا۔ سڑکوں پر گندگی نظر نہیں آئی۔  البتہ شہریوں کی جانب عارضی مذبح کی تعداد  بڑھانے کا بھی پُرزور مطالبہ کیا گیا۔
 کوسہ میں مقیم فیصل چودھری  نے بتایاکہ ’’عید الاضحی کے موقع پرشہری انتظامیہ کی جانب سے جو ۹؍  عارضی مذبح قائم  کئے گئے تھے،  وہاں پر صاف صفائی اور پانی وغیرہ کا اطمینان بخش انتظام کیا گیا تھا۔  شہر میں دوپہر میں بھی کچرا جمع کرنے والی گاڑیاں گشت کرتی نظر آئیں۔ علماء کرام کی بیداری مہم کے سبب عوام نے بھی صاف صفائی کی جانب توجہ دی اور بکروں کو اپنے مکان کے نیچے ذبح نہ کرتے ہوئے مقامی قصائی کی دکان یا پھر سوسائٹی کی جانب سے  قربانی کیلئے قائم کئے گئے عارضی مذبح میں قربانی کی۔ ایک ایک سوسائٹی میں قربانی کیلئے کئی کئی بکرے ہونے کے سبب مغرب تک قربانی کا سلسلہ جاری رہا۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK