وزیراعلیٰ سےمسلم وفد کی ملاقات ، مجوزہ قانون کی خامیوں سے آگاہ کیاگیا ، میمورنڈم دیاگیا اور لوک سبھا میں للن سنگھ کے ذریعہ بل کی حمایت کا حوالہ دیاگیا
EPAPER
Updated: August 22, 2024, 10:16 AM IST | Patna
وزیراعلیٰ سےمسلم وفد کی ملاقات ، مجوزہ قانون کی خامیوں سے آگاہ کیاگیا ، میمورنڈم دیاگیا اور لوک سبھا میں للن سنگھ کے ذریعہ بل کی حمایت کا حوالہ دیاگیا
وقف ترمیمی بل ۲۰۲۴ءکیلئے تشکیل دی گئی مشترکہ پارلیمانی کمیٹی (جے پی سی) کی جمعرات کو ہونےوالی پہلی میٹنگ سے قبل امارت شرعیہ سمیت مختلف مسلم تنظیموں کے ایک نمائندہ وفد نے بدھ کو وزیر اعلیٰ نتیش کمار سے ملاقات کی اور اس بل کی غلط اور مضر شقوں کو نشان زد کر کے اس کے منفی اثرات سے سے انہیں آگاہ کیا ۔
وفد میں شامل افراد نے اس ملاقات کے بعد بہار اسٹیٹ سنی وقف بورڈ کے دفتر میں پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ وزیراعلیٰ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ مسلمانوں کے مفادات کے ساتھ سمجھوتہ نہیں ہونے دیں گے۔ بہار اسٹیٹ سنی وقف بورڈ کے چیئرمین محمد ارشاد اللہ نے بتایا کہ بجٹ اجلاس میں وقف ترمیمی بل پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے مرکزی وزیر اورجے ڈی یو لیڈر للن سنگھ نے جس طرح اس کی حمایت کی تھی اس سے وزیر اعلیٰ متفق نہیں ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے کہا ہے کہ ہم مسلمانوں کے مفاد سے سمجھوتا نہیں کرسکتے اور وقف کے حوالے سے کبھی کسی کو کوئی نقصان نہیں ہوگا ۔
راجیہ سبھا اوربہار اسٹیٹ سنی وقف بورڈ کےسابق رکن ڈاکٹر احمداشفاق کریم نےبتایا کہ وفد کےذریعہ بل کے غلط او ر مضرنکات کو نشان زد کئے جانے پروزیر اعلیٰ نے وقف ترمیمی بل پرناراضگی کا اظہار کیا۔ وزیر اعلیٰ نے اس بارے میں لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم ہرگز ایسا نہیں ہونےدیںگے ، جس سے وقف املاک کو نقصان پہنچے ۔ وفد کے ذریعہ سونپے گئے میمورنڈم کو وزیر اعلیٰ نے جے ڈی یو کے کارگزار صدراور راجیہ سبھارکن سنجے جھا ،ریاستی وزیر وجے کمارچودھری اور جے ڈی یو کے جنرل سیکریٹری منیش ورما کے حوالے کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں ہم خود مرکزی حکومت سے بات کریں گے ۔ سنجے جھا اور وجے کمارچودھری نے بھی کہا کہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار ہمیشہ اقلیتوںکےساتھ رہے ہیں اوروقف کے مفاد کے خلاف کسی بھی بل کو منظور نہیں ہونے دیںگے۔