محکمہ ٹریفک نے شہریوںکو متبادل راستے اپنانے کا مشورہ دیا۔کام مکمل ہونے تک سروس روڈ استعمال کرنے کی اجازت لیکن ٹریفک نظام بری طرح متاثر رہنے کا اندیشہ
EPAPER
Updated: March 21, 2023, 12:17 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai
محکمہ ٹریفک نے شہریوںکو متبادل راستے اپنانے کا مشورہ دیا۔کام مکمل ہونے تک سروس روڈ استعمال کرنے کی اجازت لیکن ٹریفک نظام بری طرح متاثر رہنے کا اندیشہ
مرین ڈرائیو پر جاری کوسٹل روڈ کی تعمیر کے تحت ’اسٹارم واٹر ڈرین آئوٹ فال‘ کے کام کی وجہ سے مرین لائنس پر واقع تاراپور والا مچھلی گھرسے اسلام جمخانہ تک سڑک کو کھوددیا جائے گا اور یہ سڑک جزوی طور پر بند رہے گی۔ اس لئے محکمہ ٹریفک نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ آئندہ ۵؍ ماہ تک اس راستے کے بجائے دیگر متبادل راستے استعمال کریں۔
محکمہ ٹریفک کے ڈپٹی کمشنر گورو سنگھ کی جانب سے جاری کی گئی ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ مرین ڈرائیو پر کوسٹل روڈ کا جو حصہ ہے، اس کا کام تکمیل کے قریب ہے لیکن یہاں پر شہر سے برسات کا پانی سمندر میں پہنچانے والے ’اسٹارم واٹر ڈرین آئوٹ فال‘کی تعمیر کا کام کیا جانا ہےجس کیلئےایس این روڈ جسے مرین ڈرائیو بھی کہا جاتا ہے، پر ’تاراپور والا ایکویریئم‘ (مچھلی گھر) سے اسلام جمخانہ جو مرین لائنس علاقے میں آتا ہے ،کے درمیان جنوب کی طرف جانے والی سڑک کو کھود دیا جائےگا۔
سروس روڈ پر ٹریفک جام کا اندیشہ
اس سڑک کو کھودنے کی وجہ سے جنوب کی طرف جانے والی گاڑیوں کو یہاں واقع مختلف جمخانوں سے متصل ’سروس روڈ‘ سے گزرنے کی اجازت ہوگی۔ تاہم عام طور پر یہاں سے جتنی بڑی تعداد میں گاڑیاں گزرتی ہیں ، اس کو دیکھتے ہوئے محکمہ ٹریفک کو اندیشہ ہے کہ سروس روڈ کی جگہ گاڑیوں کی آمدورفت کے لئے ناکافی ہوگی اور یہاں سے گاڑیوں کو ٹریفک جام کی وجہ سے انتہائی سست رفتاری سے گزرنا پڑے گا۔
مذکورہ ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ ’’شہریوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ اپنی گاڑیاں لے کر ’ایس این روڈ‘ (مرین ڈرائیو) پر نہ آئیں۔ اگر کوئی اشد ضرورت ہو تب ہی اس سڑک کا استعمال کریں ورنہ آپ کے ٹریفک میں پھنسنے کا خدشہ ہے۔ گاڑی والوں کو اس سڑک کے بجائے دیگر راستوں کو استعمال کرنے کی صلاح دی جاتی ہے۔‘‘
متبادل راستے
محکمہ ٹریفک نے قلابہ، کف پریڈ، چرچ گیٹ اور نریمان پوائنٹ جانے والوں کو مہارشی کروے مارگ، کیمپس کارنر، نانا چوک، اوپیرا ہائوس، سیفی اسپتال، گھوڑا گاڑی جنکشن، مرین لائنس اسٹیشن، انکم ٹیکس آفس، چرچ گیٹ جنکشن اور گودریج جنکشن استعمال کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ ٹریفک ڈپارٹمنٹ نے اس علاقے میں واقع آس پاس کی کئی سڑکوں کے نام بتائے ہیں جنہیں متبادل راستوںکے طور پر استعمال کیا جاسکتا ہے۔
شہریوںسے یہ بھی درخواست کی گئی ہے کہ بہتر مستقبل کے لئے آج تکلیف برداشت کرلیں۔
واضح رہے کہ کوسٹل روڈ ۲۹ء۸۰؍ کلومیٹر طویل سڑک ہے جس کی تعمیر کیلئے ممبئی کے سمندر کا ۱ء۶۸؍ کلومیٹر کا حصہ پاٹ دیا جائے گا۔ اس پروجیکٹ کو ۴؍ مرحلوں میں مکمل کیا جانا ہے جس سے جنوبی ممبئی کے پرنسس اسٹریٹ کو شمالی مضافات میں واقع کاندیولی سے جوڑا جائے گا۔ کوسٹل روڈ کے پہلے مرحلے میں مرین ڈرائیو کو باندرہ- ورلی سی لنک سے جوڑا جارہا ہے جس کی طوالت ۱۰ء۵۸؍کلو میٹر ہے۔اس سڑک کے بن جانے کے بعد شہریوں کو آمدورفت میں کافی سہولت ہونے کی امید ہے۔