خردہ بازار میں پیاز اب بھی۶۰؍ اور۸۰؍ روپے کلوفروخت ہورہی ہے۔ پیاز سستی ہونے سے کسان پریشان۔
EPAPER
Updated: December 18, 2024, 10:48 AM IST | Saadat Khan | Mumbai
خردہ بازار میں پیاز اب بھی۶۰؍ اور۸۰؍ روپے کلوفروخت ہورہی ہے۔ پیاز سستی ہونے سے کسان پریشان۔
تھوک بازار میں بڑی مقدار میں سرخ پیاز کی آمد سے گزشتہ ۴؍ دن میں پیاز کی قیمت میں کافی کمی آئی ہے ۔ گزشتہ مہینہ پیاز ۴؍ ہزار ۷۰۰؍ روپے کوئنٹل تھی، وہ ایک ہزارروپے کوئنٹل ہوگئی ہے ۔ پیرکو ناسک میں پیاز کی قیمت ۱۰ ، ۱۲؍روپے فی کلو جبکہ نوی ممبئی کے اے پی ایم سی مارکیٹ میں ۳۰؍روپے فی کلو رہی لیکن ریٹیل مارکیٹ میں پیاز کی قیمت اب بھی۶۰؍ اور ۸۰؍روپے ہے۔ اس طرح جہاں کسان کو پیاز کی فروخت سے نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے وہیں صارفین بھی مہنگی پیاز خریدنے پر مجبور ہیں۔
ریاست میں گزشتہ ایک ماہ سے پیاز کی قیمتیںزیادہ تھیں ۔ خردہ بازار سے صارف ۱۰۰؍ روپے فی کلو کےحساب سے پیاز خرید رہے تھے لیکن اب خریف سیزن کی سرخ پیاز مارکیٹ میں آنے لگی ہےجس سے اس کی قیمتوں میں کافی کمی آئی ہے ۔ جمعہ ۱۳؍ دسمبر کو لاسلگائوں میں ۳؍تا ساڑھے ۳؍ ہزار روپے کوئنٹل سے فروخت ہونے والی پیاز پیر ۱۶؍دسمبر کو ایک ہزار ۲۰۰؍ روپے سے ایک ہزار ۶۰۰؍ روپے تک گر گئی تھی۔ صرف ۴؍ دن میں پیاز کی قیمت آدھی ہوگئی ہے ۔ قیمت میں اس گراوٹ کی وجہ سے پیاز کے کسانوں کو بھاری نقصان ہو رہا ہے۔
خیال رہے کہ خریف کی پیاز میں پانی کی مقدار زیادہ ہوتی ہے۔ اس لئے یہ پیاز زیادہ دنوں تک محفوظ نہیں رہتی ہے۔ اس لئے کسانوں کو اس پیاز کو فوری طورپرفروخت کرنا ہوتاہے۔ چونکہ یہ پیاز صرف ڈیڑھ سے دو ماہ تک رہتی ہے اس لئے تاجر اس پیاز کو زیادہ وقت کیلئے گودام میں نہیں رکھ سکتے ہیں۔ علاوہ ازیں ایکسپورٹ کیلئے اس پیاز کی زیادہ مانگ نہیں ہے۔ کسی حد تک یہ پیاز پڑوسی ممالک بنگلہ دیش، سری لنکااور نیپال میں برآمد کی جاتی ہے لیکن پیاز کی برآمد پر ۲۰؍ فیصد ایکسپورٹ ڈیوٹی نافذ ہونے سے سرخ پیاز کی برآمد زیادہ نہیں ہے ۔ ایک طرف برآمدات کی مانگ میں کمی اور دوسری طرف گرتی قیمتوں نے پیاز کے کاشتکاروں کو مشکل میں ڈال دیا ہے ۔ اگرچہ ناسک کی مارکیٹ میں پیاز ۱۲؍سے ۱۶؍ روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے لیکن پونے، تھانے اور ممبئی وغیرہ کے خردہ بازاروں میں قیمت اب بھی ۶۰؍ روپے اور۸۰؍روپے فی کلوہے۔
پیر کونوی ممبئی کے زرعی پیداوار مارکیٹ کمیٹی میں پیاز کی تھوک قیمت ۳۰؍ روپے فی کلو تھی۔ پیاز کی آمد میں اضافے سے ہول سیل مارکیٹ میں اگرچہ قیمتیں قابو میں آ گئی ہیں لیکن خردہ بازار میں دکانداروں کی جانب سے پیاز مہنگے داموں فروخت کی جا رہی ہے۔