پیاز بیوپاری ایسوسی ایشن کی درخواست کے باوجود حکومت نے ایکسپورٹ ڈیوٹی کے تعلق سے کوئی راہ نہیں نکالی
EPAPER
Updated: September 21, 2023, 9:51 AM IST | nashik
پیاز بیوپاری ایسوسی ایشن کی درخواست کے باوجود حکومت نے ایکسپورٹ ڈیوٹی کے تعلق سے کوئی راہ نہیں نکالی
ناسک کی منڈی میں پیاز کا معاملہ ایک بار پھر گرم ہو گیا ہے۔ پیاز کے کاروباریوں کے مطالبات کا کوئی حل نہ نکل پانے کے سبب بدھ سے بازار سمیتیوں نے بے مدت ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے ۔ یاد رہے کہ اس سے پہلے کسانوں نے بازار سمیتی میں پیاز سپلائی کرنا بند کر دیا تھا۔ لیکن حکومت نے نافیڈ کے ذریعے پیا ز کی خریداری شروع کی تو ان کا رویہ کچھ نرم ہوا۔ اب اسی مسئلے پر پیاز کے تھوک کاروباریوں نےاپنا کاروبار بند کرنے کا اعلان کیا ہے جو بازار اور کسان دونوں ہی کیلئے مشکل کا باعث بن سکتا ہے ۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ حکومت نے پیاز کی بر آمد پر ۴۰؍ فیصد ٹیکس عائد کر دیا تھا جس کے بعد کسان اور بیوپاری دونوں ہی طبقے ناراض تھے۔ لیکن حکومت نے کسانوں سے نافیڈ کے ذریعے مناسب دام پر پیاز کی خریداری کا سلسلہ شروع کیا تھا کسانوں نے کچھ نرمی دکھائی جبکہ ’کاندا بیوپاری ایسوسی ایشن‘ نے وزیر اعلیٰ اور وزیر برائے کامرس کو خط لکھ کر اپنے مسائل پیش کئے۔ مگر اس تعلق سے حکومت کی جانب سے کوئی یقین دہانی نہیں کروائی گئی۔ بدھ کو ناسک کے ضلع کلکٹر کے دفتر میں ایسوسی ایشن کے نمائندوں کی حکام کے ساتھ میٹنگ ہوئی جس میں مسئلے کا کوئی حل نہیں نکل سکا جس کے بعد ایسوسی ایشن نے بے مدت ہڑتال کا اعلان کر دیا۔
اب ضلع کی تمام ۱۵؍ بازار سمیتیاں اس وقت تک بندرہیں گی جب تک کہ پیاز کے کاروباریوں کے مطالبات تسلیم نہیں کر لئے جاتے۔ اسکی وجہ تقریباً ۳۰؍ سے ۴۰؍ کروڑ روپے کے کاروبار کے ٹھپ پڑ جانے کا خدشہ ہے۔ اسکی وجہ سے بازار میں پیاز کی قلت تو پیدا ہوگی ہی کسانوں کو بھی مشکلوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ یاد رہے کہ ناسک ضلع بارش نہ ہونے کی وجہ سے قحط جیسی صورتحال کا شکار ہے۔ اس دوران حکومت کی جانب سے ایکسپورٹ پر ٹیکس بڑھائے جانے سے کسانوں کو مشکل میں ڈالا تھا اور انہوں نے نیلامی روک دی تھی۔ کسی طرح کی انہوں نے نیلامی شروع کی تو اب بازار سمیتیاں بند ہو گئیں ایسی صورت میں کسانوں کی فصلیں خراب ہونے کا بھی خدشہ ہے۔ممکن ہے کہ عوام کو ہڑتال کے سبب کچھ دنوں تک مہنگی پیاز خریدنی پڑے کیونکہ پیاز کی سب سے بڑی منڈی ناسک ہی میں ہے جہاں سے ریاست بھر میں پیاز سپلائی کی جاتی ہے۔