• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ناسک میں طوفانی بارش کے سبب پیاز کے گودام ڈھیر، ۲؍ کی موت

Updated: June 11, 2024, 3:30 PM IST | Agency | Nashik

منماڑ اور چاندوڑ میں جگہ جگہ پانی، مالیگائوں میں درخت گرنے کے واقعات، پیاز کے بیوپاریوں کا لاکھوں کا نقصان۔

Temporary warehouses built to store onions collapsed. Photo: Agency
پیاز کا ذخیرہ کرنے کیلئے بنائے گئے عارضی گودام ڈھیر ہو گئے۔ تصویر: ایجنسی

ریاست میں بیشتر مقامات پر عوام بارش کا انتظار کر رہے تھے۔ حسب توقع ، ۹؍ جون  سے بارش کی زور دار شروعات ہوئی۔ ناسک جہاں کسانوں کو سب سے زیادہ مانسون کا انتظار کرتھا وہاں   بارش تو ہوئی لیکن اسکے ساتھ  نقصان بھی ہوا۔ مختلف علاقوں میں کئی درخت گرگئے جبکہ پیاز کا ذخیر ہ کرنے کیلئے بنائے گئے شیڈ ڈھیر ہو گئے۔ حتیٰ کہ ۲؍ لوگوں کو اپنی جان گنوانی پڑی۔ 
 اطلاع کے مطابق ناسک میں سب سے زیادہ بارش مالیگائوں میں دیکھنے کو ملی یہاں طوفانی ہوائوں کے سبب کچھ درخت گر پڑے۔ درخت گرنے سے کسی جانی نقصان یا کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی ہے ۔   یاد رہے کہ گزشتہ سال مالیگائوں ان علاقوں میں شامل تھا جہاں کافی تاخیر سے بارش ہوئی تھی لیکن اس بار مانسون کے ابتدائی دنوں ہی میں یہاں زوردار بارش ہوئی جسکی وجہ سے مقامی باشندوں نے راحت کا سانس لیا۔ 
چاندوڑ تعلقے میں بھی موسلادھار بارش ہوئی جسکی وجہ سے یہاں سوموار پیٹھ  علاقے میں سڑکوں پر پانی بھر گیا اور مقامی باشندوں کو آمدورفت میں دقتیں پیش آنے لگیں۔  یہاں پانی کا زور اتنا تھا کہ ایک کار اپنی الٹی سمت میں بہہ کر چلی گئی۔  اس صورتحال میں بھی کسانوں نے خوشی کا اظہار کیا کیونکہ اب وہ فصلوں کی بوائی کر سکیں گے۔  منماڑ اور  ناندگائوں میں بھی یہی صورتحال رہی۔ یہاں جگہ جگہ پانی نظر آ رہا تھا۔  اتوار کی دیر رات یہاں موسلا دھار بارش ہوئی۔ تقریباً ایک گھنٹہ تک جاری رہنے والی بارش نے ندی نالوں کو لبالب بھر دیا۔  رام گلنا اور پانجھن ندی کا پانی چھلک گیا۔ شہری علاقوں میں گلیوں میں پانی گھس آیا۔ 
پیاز کے گودام ڈھیر، ۲؍ لوگوں کی موت 
 اس دوران ناسک کے عمرانےاور تیس گائوں میں پیاز کا ذخیرہ کرنے کیلئے  لگائے گئے شیڈ طوفانی ہوائوں کے سبب ڈھیر ہو گئے۔ یاد رہے کہ یہاں پختہ گوداموں کے بجائے کھلی جگہ پر لوہے کے راڈ اور پتروں کی مدد سے شیڈ تیار کئے جاتے ہیں جن کے نیچے پیاز کا ذخیرہ کیا جاتا ہے۔   طوفانی بارش  کے سبب پترے اڑ کر دور جا گرے  جبکہ لوہے کے راڈ اپنی جگہ ڈھیر ہو گئے۔  دیولہ تعلقے میں اسی طرح  کے ایک شیڈ کے نیچے ایک باپ بیٹے نے بارش سے بچنے کیلئے آسرا لیا تھا لیکن اچانک وہ شیڈ گر پڑا اور دونوں باپ بیٹے اسکے نیچے دب کر ہلاک ہو گئے۔  بارش کی وجہ سے پیاز کے بیوپاریوں کا لاکھوں کا نقصان ہوا ہے۔ انہوں نے گوداموں اور شیڈ کے نیچے پیاز کی فصل  کا جو ذخیرہ کر رکھا تھا وہ بارش  کے سبب بھیگ کر خراب ہو گئی۔ 

nashik Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK