• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ممبئی کی جھیلوں میں صرف۱۰؍فیصد پانی ذخیرہ

Updated: May 24, 2024, 10:24 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai

بی ایم سی نے اطلاع دی ہے کہ ممبئی کو پانی سپلائی کرنے والی ۷؍ جھیلوں میں محض ۱۰؍ فیصدپانی ذخیرہ ہے جس کے پیش نظر ایک بار پھر پانی کٹوتی کی جاسکتی ہے۔

Photo: INN
تصویر : آئی این این

بی ایم سی نے اطلاع دی ہے کہ ممبئی کو پانی سپلائی کرنے والی ۷؍ جھیلوں میں محض ۱۰؍ فیصدپانی ذخیرہ ہے جس کے پیش نظر ایک بار پھر پانی کٹوتی کی جاسکتی ہے۔ تاہم یہ بھی بتایا گیا ہے کہ یہ پانی کا ذخیرہ ۳۱؍جولائی تک موجود رہے گا۔ 
  ہر سال اپریل اور مئی میں شہرو مضافات کو پانی سپلائی کرنے والی ۷؍ جھیلوں میں اوسطاً ۲۰؍ سے ۲۵؍ فیصد پانی ذخیرہ رہتا تھا لیکن گزشتہ تین برس کے ریکارڈ کے مقابلے امسال مئی میں صرف ۱۰؍ فیصد پانی ذخیرہ ہے جس سےبی ایم سی فکر مندہوگئی ہے۔ شہری انتظامیہ کے جمعرات ۲۳؍ مئی کے ریکارڈ کے مطابق جھیلوں میں اب محض ۱۰ء۲۸؍ فیصد پانی ذخیرہ ہے جبکہ گزشتہ سال مئی میں ۱۵ء۹۹؍ فیصد اور مئی ۲۰۲۲ء میں ۲۰ء۶۳؍ فیصد پانی ذخیرہ تھا۔ 
شہری انتظامیہ نے جھیلوں میں ۱۰؍ فیصد پانی ذخیرہ ہونے پر فکر مندی کا اظہار کرنے کے ساتھ ہی ۳۱؍ جولائی تک شہریوں کو باقاعدگی سےپانی سپلائی کرنے کیلئے منظم طریقہ ترتیب دینے کا منصوبہ بنایا ہے۔ ۳۱؍ جولائی تک جھیلوں میں پانی موجود ہونے کے باوجودشہری انتظامیہ نے پانی کٹوتی کا سلسلہ شروع کرنے کا بھی اشارہ دیا ہے۔ بی ایم سی کے ایک افسر نے جھیلوں میں موجود پانی کے ذخیرہ میں کمی کے ساتھ ساتھ شدید گرمی کے سبب پانی کے بھاپ بن کر اڑ جانے کا امکان ظاہر کرتے ہوئے جون میں جھیلوں میں موجود پانی کی سطح کادوبارہ جائزہ لینے کی اطلاع دی۔ پانی کی قلت کے خدشات کو کم کرنے اور شہریوں کو پانی سپلائی کرنے کے تعلق سے ایک میونسپل افسر نے یہ بھی بتایا ہے کہ ریاستی حکومت کے محکمہ آبپاشی نے بھاتسا ڈیم سے۳۷ء۱؍ لاکھ ایم ایل ڈی اور اپر ویترنا ڈیم سے۱۳۰ء۹۱؍لاکھ ایم ایل ڈی کے ریزرو پانی کے ذخیرے کو استعمال کرنے کی بی ایم سی کی درخواست کو منظور کر لیا ہے۔ اس کے علاو ہ اس افسر کا یہ بھی کہنا تھا کہ محکمہ موسمیات کی اطلاعات کے مطابق امسال جون کے پہلے ہفتہ سے ہی مانسون کی آمد کی پیش گوئی کی گئی ہے اس لئے پانی کی قلت کے امکانات کم ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK