حج کمیٹی آف انڈیا نے تمام ریاستی حج کمیٹیوں کوہدایت دی۔پیر۳۰؍ستمبر کوآخری تاریخ کے بعد ڈیٹا انٹری اورکوَر نمبروغیرہ جاری کرنے کا عمل پوراکرلیا جائے
EPAPER
Updated: September 29, 2024, 10:03 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai
حج کمیٹی آف انڈیا نے تمام ریاستی حج کمیٹیوں کوہدایت دی۔پیر۳۰؍ستمبر کوآخری تاریخ کے بعد ڈیٹا انٹری اورکوَر نمبروغیرہ جاری کرنے کا عمل پوراکرلیا جائے
حج ۲۰۲۵ء کےلئے درخواست دینے میں محض ۲؍ دن باقی ہیں۔ آخری تاریخ ۳۰؍ ستمبر ہے۔اب تک تاریخ میں ۲؍ مرتبہ توسیع کی جاچکی ہے ۔حج کمیٹی آف انڈیا کے ایڈیشنل سی ا ی او کا کہنا ہے کہ اب مزید توسیع کی گنجائش نہیں ہے۔ اس لحاظ سے درخواست دینے والے عازمین کے لئے یہ آخری موقع ہے۔ توسیع کے لئے اب مزیدگنجائش نہیں ہوگی ۔
۴؍نومبر کوقرعہ اندازی
۴؍ نومبرکوجمعہ کی نماز کے بعد قرعہ اندازی کی جائے گی۔ اس تعلق سے ایڈیشنل سی ای او لیاقت علی آفاقی سے استفسار کرنے پر انہوں نے نمائندۂ انقلاب کو بتایا کہ ’’ تمام ریاستی حج کمیٹیوں کوہدایت دی گئی ہے کہ وہ درخواست دینے کی آخری تاریخ کے بعد ڈیٹا انٹری ، کوَر نمبر اوردیگر ضابطوں کی خانہ پُری مکمل کرلیںتاکہ جمعہ کوقرعہ اندازی ہوسکے۔‘‘
ان سے یہ پوچھنے پر کہ اگر جمعہ کو قرعہ اندازی نہ ہوئی تو انہوں نے کہاکہ ’’امید یہی ہےکہ قرعہ اندازی ہوجائے گی ، پھر بھی اگربالفرض جمعہ کو قرعہ اندازی نہ ہوسکی تو ایک دو دن کے بعد بہرحال کرلی جائےگی ،اس میں زیادہ انتظار نہیں کیا جائے گا۔ اس کی وجہ انہوںنے یہ بتائی کہ سعودی حکومت کی جانب سے جو ایکشن پلان دیا گیا ہے اس کے حساب سے ہم لوگ پہلے سے ہی ایک ہفتہ پیچھے چل رہے ہیں۔ اس بناء پر امیدکی جارہی ہے کہ ریاستی حج کمیٹیاں اس کا خاص خیال رکھتے ہوئے تعاون کریں گی تاکہ حج کے دوسرے پروسیس میں تاخیر نہ ہو۔‘‘
انہوںنےیہ بھی بتایاکہ ’’ تاریخ میںمزیدتوسیع کی گنجائش بھی اسی لئے نہیں ہے ،حالانکہ کچھ ریاستی حج کمیٹیوں نے توسیع کی سفارش کی ہے لیکن اب گنجائش نہیںرہ گئی ہے اورنہ ہی انہوں نے کوئی معقول وجہ بتائی ہے ۔ اس کے علاوہ درخواستیں بھی اس دفعہ کوٹے ایک لاکھ ۲۲؍ہزار سےتقریباً ۴۰؍ ہزار زائد موصول ہو چکی ہیں۔ اگر مزید توسیع کی جاتی ہے تو دیگر معاملات میںتاخیر ہوگی اور اس سے حج کا پوراپروسیس متاثر ہوگا۔اس سے قبل جو توسیع کی گئی تھی اس میں معقول وجہ یہ تھی کہ پاسپورٹ دفاتر میں ۴؍ ۵؍دن کام کاج بند تھا جس سے کئی عازمین کے پاسپورٹ رُک گئے تھے،اب ایسی کوئی خاص وجہ نہیں ہے۔ اس لئے درخواست دینے والے عازمین ۳۰؍ستمبر پیر کی شب میں ۱۲؍ بجے تک کا ہی وقت اپنے ذہن میں رکھیںتاکہ وہ قرعہ اندازی میں شامل ہوکرقسمت آزمائی کرسکیں۔‘‘
انہوں نےیہ بھی بتایا کہ ’’امسال سعودی وزارۃ الحج کی جانب سے ایکشن پلان کے مطابق ۲۳؍ اکتوبر سے قبل پروسیس مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ اگر اس وقت تک تمام عمل پورا نہیں کیا جائے گا یعنی حج کمیٹی کے توسط سے کتنے عازمین روانہ ہوں گے تو خیموں کا تعین ممکن نہیں ہوگا، دوسرے تاخیر ہونے کےسبب حدودِ منیٰ میں خیموں کا ملنا مشکل ہوگا ،اسی طرح عازمین کی قیام گاہیں اور دیگر انتظامات میں مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔ اس لئے تمام امور میںتیزی لائی جارہی ہے۔‘‘
بغیرمحرم کے۳۵۰۰؍خواتین نےدرخواست دی
حج کمیٹی آف انڈیا کے ایڈیشنل سی ای او کے مطابق بغیرمحرم کے حج پرجانے والی خواتین کوریزرو کٹیگری میںرکھا گیا ہے اور بغیرقرعہ اندازی ان کاانتخاب عمل میںآتا ہےخواہ ان کی تعداد کتنی ہی ہو۔ اب تک ۳۵۰۰؍ ایسی خواتین نےدرخواست دی ہے ۔ امید ہے کہ آخری تاریخ تک یہ تعداد۴؍ہزارتک پہنچ جائے گی ۔
مہاراشٹر میں۲۱؍ہزاردرخواستیں موصول ہوئیں
مہاراشٹر حج کمیٹی کے ایگزیکٹیو آفیسر جہانگیر خان کے مطابق ’’ اب تک ۲۱؍ہزار درخواستیں موصول ہوچکی ہیں اوریہ سلسلہ جاری ہے۔بقیہ۲؍ دنوں میں درخواستوں کی تعداد ۲۲ ؍ ہزار تک پہنچنے کی امید ہے۔اس میںریزروکٹیگری، بغیر محرم کے درخواست دینے والی خواتین اور جنرل کٹیگری کے عازمین شامل ہیں۔اگر گزشتہ سال سے اس کاتقابل کیا جائے تو امسال درخواست دہندگان میں کمی واقع ہوئی ہے۔ گزشتہ سال درخواست دہندگان کی تعداد ۲۷؍ہزار سے زائد تھی۔