• Fri, 31 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

بجٹ اجلاس میں اپوزیشن مودی حکومت کو گھیرنے کیلئے تیار

Updated: January 31, 2025, 12:14 PM IST | Inquilab News Network | New Delhi

گزشتہ اجلاس کی طرح موجودہ اجلاس بھی ہنگامہ خیز رہنے کا امکان، کل جماعتی میٹنگ میں اپوزیشن نے اپنے ارادوں کو واضح کردیا، کمبھ حادثہ، بے روزگاری، کسانوں کے مسائل اور دیگر موضوعات پربحث کا مطالبہ، بابا صاحب امبیڈکرکے خلاف تبصرہ کیلئے امیت شاہ کے استعفیٰ اور اڈانی کا معاملہ بھی اٹھائے جانے کا امکان۔

Jai Ram Ramesh and Pramod Tiwari can be seen during the party meeting yesterday. Photo: PTI
کل جماعتی میٹنگ کے دوران جئے رام رمیش اور پرمود تیواری کو دیکھا جاسکتا ہے۔ تصویر:پی ٹی آئی

مرکزی حکومت نے پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس سے قبل جمعرات کو کل جماعتی میٹنگ بلائی تھی جس میں  صدارت وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے کی۔ اس میں  اپوزیشن کے علاوہ حکمراں  محاذ کی پارٹیوں  کے نمائندوں  نے بھی شرکت کی۔ اس میٹنگ میں بتایا گیا کہ پارلیمنٹ کا بجٹ اجلاس ۳۱؍ جنوری کو صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کے خطاب سے شروع ہوگا اور اگلے دن یکم فروری کو عام بجٹ پیش کیا جائے گا۔ صدر کے خطاب پر پیر سے لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں بحث شروع ہوگی۔ کل جماعتی میٹنگ میں حکومت نے اپوزیشن لیڈروں  سے اپیل کہ وہ پارلیمنٹ میں تعاون کریں۔ تاہم یہ امکان ہے کہ گزشتہ کئی اجلاس کی طرح  پارلیمنٹ کا موجودہ اجلاس بھی ہنگامہ خیز رہےگا۔ اپوزیشن اتحاد نے حکومت پر واضح کردیا ہے کہ وہ ملک کے مسائل کو اٹھانے سے کوئی دریغ نہیں  کرے گی۔ 
 گزشتہ اجلاس میں ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کے خلاف مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے توہین آمیز تبصرے پر اپوزیشن نے زوردار احتجاج اور مظاہرے کرتے ہوئے مرکزی وزیر داخلہ کے استعفیٰ اور معافی کا مطالبہ کیا تھا۔ اس معاملہ میں  پارلیمنٹ  میں دھکامکی کا مبینہ واقعہ بھی پیش آیا تھا جس کو اپوزیشن نے گوتم اڈانی اور امیت شاہ سے دھیان ہٹانے کا حربہ قراردیا تھا۔ اس بار بھی اجلاس میں  یہ معاملہ اٹھائے جانے کا امکان ہے۔ اس میں اب کمبھ میں  بھگدڑ کا واقعہ بھی شامل ہوگیا جس کے پیش نظر اجلاس کے ہنگامہ خیز ہونے کے آثار ہیں۔ کانگریس لیڈر پرمود تیواری نے کہا کہ اپوزیشن لیڈروں نے فیصلہ کیا ہے وہ کمبھ کا واقعہ، بے روزگاری اور کسانوں  کے مسائل اٹھائیں   گے۔ انہوں نے کہا کہ کل جماعتی اجلاس میں  کمبھ کے واقعہ پر بھی گفتگوہوئی۔ 
 راجیہ سبھا میں کانگریس کے ڈپٹی لیڈر نے مزید کہا کہ اپوزیشن اتحادپارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس میں تمام مسائل اٹھائے گا۔ کل جماعتی میٹنگ سے باہر آتے ہوئے تیواری نے مہا کمبھ کی مبینہ سیاست پر بھی تنقید کی اور کہا کہ مہا کمبھ کے دوران وی آئی پیز کی نقل و حرکت عام آدمی کے لئے مسائل پیدا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس کے دوران بڑھتی ہوئی بے روزگاری اور کسانوں اور عام لوگوں کے مسائل کو اجاگر کیا جائے گا۔ 
  خیال رہے کہ اجلاس کا پہلامرحلہ ۱۳؍ فروری کو ختم ہوگا اور دوسرا مرحلہ ۱۰؍ مارچ سے شروع ہوکر ۴؍اپریل تک چلے گا۔ اس کل جماعتی اجلاس میں بی جے پی کے صدر اور مرکزی وزیر جے پی نڈا، کانگریس لیڈر، گورو گوگوئی اور جے رام رمیش، ڈی ایم کے لیڈر ٹی آر بالو اور دیگر لیڈران نے مختلف موضوعات اٹھائے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK