• Tue, 17 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

اپوزیشن لیڈران سڑکوں پر، سیاہ فیتے باندھ کر احتجاج

Updated: August 25, 2024, 11:11 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

بدلاپور واردات کیخلاف شدید غم و غصہ، ممبئی اور پونے سمیت کئی شہروں میں تیز بارش بھی احتجا ج نہ روک سکی، شرد پوار، ادھو ٹھاکرے، نانا پٹولے اور وجے وڈیٹی وار نےقیادت کی۔

Sharad Pawar protested in Pune while Uddhav Thackeray wore black ribbons in Mumbai. Photo: INN
شرد پوار نے پونے میں جبکہ ادھو ٹھاکرے نے ممبئی میں سیاہ فیتے باندھ کر احتجاج کیا۔ تصویر : آئی این این

نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (شرد پوار )، کانگریس ،شیو سینا (ادھو) اور مہا وکاس اگھاڑی میں شامل دیگر پارٹیوں نے بدلاپور کے اسکول میں ۲؍ معصوم بچیوں کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کے معاملے میں حکومت کی کوتاہی اور پولیس کی نااہلی کے خلاف پوری ریاست میں شدید احتجاج کیا۔ بدلاپور واردات کے خلاف پوری ریاست میں جو شدید غم و غصہ ہے اس کی وجہ سے سنیچر کو جو احتجاج کیا گیا اسے ممبئی ، پونے اور دیگر شہروں میں ہونےوالی شدید بارش بھی نہیں روک سکی ۔ تینوں ہی پارٹی کے اہم لیڈران شرد پوار، ادھو ٹھاکرے، نانا پٹولے ، وجئے وڈیٹی وار، عارف نسیم خان اور دیگر نے اپنے اپنے علاقوں میں سڑکوں پر اتر کر شدید احتجاج کیا۔
بند نہ منانے کے باوجود کامیاب احتجاج  
یاد رہے کہ تینوں ہی اہم پارٹیوں کے لیڈروں نے  اس سلسلے میں مہاراشٹر بند کی کال دی تھی۔ تاہم بامبے ہائی کورٹ نے اس پر پابندی لگا دی، جس کے بعد ایم وی اے کی پارٹیوں نے احتجاج کا اعلان کیا اور اسے انتہائی کامیابی بھی بنایا۔ شرد پوار  پونے میںپارٹی لیڈروں اور کارکنوں کے ساتھ اپنے منہ پر اور ہاتھ پر سیاہ پٹی باندھ کر دھرنے پر بیٹھے۔ ان کے ساتھ سپریا سلے بھی موجود تھیں۔ شرد پوار نے اس سے قبل کہا کہ ریاست میں امن و امان کی صورتحال ابتر ہو چکی ہے۔ ہم حکومت کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں اور خواتین کے خلاف ہونے والے جرائم کی طرف حکومت کی توجہ مبذول کرانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اگر عوامی تحریک کے باوجود ایسے واقعات پیش آتے رہتے ہیں تو اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت کا  جرائم پر کوئی کنٹرول نہیں ہے۔
ممبئی میں شیو سینا کا احتجاج 
دریں اثنا، شیو سینا (ادھو) نے ممبئی میں شدید احتجاج کیا۔ پارٹی لیڈر ادھو ٹھاکرے نے دادر میں واقع شیو سینا بھون پر منہ پر سیاہ پٹی باندھ کر دھرنا دیا۔ اس موقع پر ان کے ساتھ  سنجے راؤت اور آدتیہ ٹھاکرے بھی موجود تھے۔ ادھو نے ممبئی میں جاری موسلا دھار بارش کے باوجود پارٹی کارکنوں کے سینا بھون پہنچنے پر شکریہ ادا کیا  ۔ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ ہم نے ریاست سمیت پورے ملک کی بہنوں اور بیٹیوں کی سلامتی کے لئے بند کااعلان کیا تھا اور یہ پوری طرح کامیاب بھی ہو جاتا لیکن مہایوتی کے لیڈران اس سے ڈر گئے اور اپنے لوگوں کو عدالت بھیج دیا۔ وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے اور نائب وزیر اعلیٰ فرنویس پر طنز کرتے ہوئے ادھو نے کہا کہ جب خواتین کے خلاف جرائم بڑھ رہے ہیں تو یہ  دونوں’’کنس ماما‘‘ راکھی  بندھوانے میں مصروف ہیں۔
کس نے کہاں احتجاج کیا ؟
 بدلاپور میں ہونے والے بچیوں کے ساتھ ہونے والی درندگی کی مذمت میں مہا وکاس اگھاڑی اور ان کی  حامی پارٹیوں کی جانب سے مہاراشٹر بھر میں تیز بارش کے باوجود منہ پر سیاہ پٹی باندھ کر احتجاج کیا گیا۔ اس احتجاج میں شرد پوار اور ادھو ٹھاکرے کے علاوہ مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نانا پٹولے ،سی ڈبلیو سی رکن اور پردیش کانگریس کے کارگزار صدر محمد عارف نسیم خان، سابق وزیر جتیندر اوہاڑ، وکرانت چوہان، دیانند چورگھے سمیت سیکڑوں عہدیداروں اور کارکنان نے اپنے اپنے علاقوں میں احتجاج کیا۔ 

ممبئی میں کانگریس کی صدر اور رکن پارلیمان ورشا گائیکواڑ نے دھاراوی میں  منہ پر سیاہ پٹی باندھ کر احتجاج کیا۔ اسی طرح ناگپور، ناسک، اورنگ آباد، کولہاپور اور دیگر اضلاع میں مظاہرے کئے گئے۔ مہاراشٹرکا نگریس کے صدر نانا پٹولے نے کہا کہ یہ واقعہ انسانیت کو شرمسار کرنے والا ہے۔  ریاست کے مختلف علاقوں میں زیادتی کے واقعات ہو رہے ہیں، حکومت لڑکیوں اور خواتین کے تحفظ میں مکمل طور پر ناکام ثابت ہوئی ہے۔  اسمبلی میں کانگریس کے سینئر لیڈر بالا صاحب تھورات نے سنگم نیر میں احتجاج میں حصہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ مہایوتی حکومت کے دور میں  لاء اینڈ آرڈر پر روشنی ڈالی اور کہا کہ مجرم آزاد گھوم رہے ہیں۔ ناگپور میں اپوزیشن لیڈر وجے وڈیٹی وار ، ایم ایل اے وکاس ٹھاکرے اور ایم ایل اے ابھیجیت ونجاری نے سنویدھان چوک پر خاموش احتجاج کیا۔ ان سبھی شہروں کے احتجاج کی خاص بات یہی تھی کہ شدید بارش کے باوجود نہ صرف پارٹی کارکنان بلکہ عام شہری بھی اس میں شامل ہوئے۔   اسی طرح  دھاراوی کے بعد ممبئی کے ناگپاڑہ جنکشن پر بھی ممبئی کانگریس کی صدر اور ایم پی ورشا گائیکواڑ کی قیادت میں احتجاج کیا گیا۔ یہاں پر بھی بڑی تعداد میں مقامی افراد نے بھی منہ پر سیاہ پٹیاں باندھ کر احتجاج کیا۔ ریاستی کانگریس کے دفتر تلک بھون دادر میں ہوئے احتجاج میں ایم ایل اے بھائی جگتاپ، ریاستی کانگریس کے خزانچی ڈاکٹر امرجیت سنگھ منہاس، ریاستی جنرل سیکرٹری مناف حکیم، راجن بھوسلے، سیکرٹری شرینگ برکے سمیت دیگر عہدیدار شریک ہوئے۔  ادھر اس معاملے میں حکومت کی جانب سے لب کشائی کرتے ہوئے این سی پی (اجیت) گروپ کے صدر سنیل تٹکرے نے کہا کہ خواتین پر ہونے والے مظالم انتہائی قابل مذمت اور افسوسناک ہیں۔ ان مجرمین اور بگڑی ہوئی ذہنیت کے لوگوں کو سخت ترین سزا دی جانی چا ہئے۔ یہ نہ صرف میری ذاتی رائے ہے بلکہ پارٹی اور حکومت کے تمام لیڈروں کی بھی یہی رائے ہے۔ اس طرح کے واقعات ہمارے سماج کے  لئے ایک بدنما  داغ ہیں۔ ایسے افراد کے خلاف سخت ترین کارروائی کرنا ضروری ہے مگر ہر معاملے کو سیاسی رنگ دینا مناسب نہیں ہے۔ جمہوریت میں ہر کسی کو اپنی رائے  پیش کرنے کا حق ہے لیکن اسے سیاست کا رنگ دے کر بلاوجہ احتجاج کرنا مناسب نہیں ہے۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK