• Fri, 08 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

اپوزیشن اراکین کل سے جےپی سی کی میٹنگ میں شریک نہیں  ہوں گے

Updated: November 08, 2024, 12:10 AM IST | Ahmadullah Siddiqu | New Delhi

اسپیکر سے شکایت کے باوجود چیئرمین جگدمبیکا پال کی من مانی اور ہٹ دھرمی کم نہیں ہوئی، ان کے کرناٹک دورہ پر برہمی، ماحول خراب کرنے کاالزام

Kalyan Banerjee and Nadeemul Haque talking to the media. (PTI)
کلیان بنرجی اورندیم الحق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ۔ ( پی ٹی آئی)

وقف ترمیمی بل پر نظر ثانی کیلئے  تشکیل دی گئی پارلیمنٹ کی مشترکہ کمیٹی(جےپی سی) کے چیئرمین جگدمبیکا پال کی من مانی اور ہٹ دھرمی  لوک سبھا اسپیکر اوم برلا  سے شکایت کے باوجود کم نہیں ہوئی۔   مجبوراً کمیٹی میں شامل   اپوزیشن کے ممبران نے ۹؍ نومبر سے اجلاس کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا ہے۔
 کلکتہ پریس کلب میں ترنمول کانگریس کے لیڈر کلیان بنرجی اورندیم الحق نے کمیٹی کے چیئرمین پرہٹ دھرمی اور من مانی کرنے کا الزام عائد کرتےہوئے کہا ہے کہ مشترکہ پارلیمانی کمیٹی  کے اپوزیشن اراکین نے آئندہ کی میٹنگوں کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا ہے۔انہوںنے کہا کہ جے پی سی کے چیئرمین نےگوہاٹی،، بھونیشور، کولکاتا، پٹنہ اور لکھنؤ میں میٹنگ کا  فیصلہ یکطرفہ طور  پر کیا ہے حالانکہ درمیان میںچھٹی کا دن بھی ہے۔کلیان بنرجی نے کہا کہ اپوزیشن کے سبھی اراکین نےکمیٹی کی میٹنگ کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیاہے اور آئندہ کا لائحہ عمل مشترکہ طور پر طے کیا جائے گا۔کلیان بنرجی نے شکایت کی لوک سبھا اسپیکر نےاپوزیشن ممبران کی شکایت  پر ہمدری سے غور کرنے کی یقین  دہانی کرائی تھی،لیکن اس پربعد میں کچھ نہیں ہوا۔
 دوسری طرف کمیٹی کے ایک اور رکن  اورمجلس  اتحاد المسلمین کے سربراہ اسدالدین اویسی نے جے پی سی چیئرمین کے کرناٹک  کے دورے پر سخت برہمی کا  اظہار کیا ہے۔انہوںنے کہا کہ کرناٹک میں چند مقامی معاملوں کی کمیٹی جانچ کر رہی ہے جبکہ اسکےپاس تحقیقات کا اختیار ہی نہیں ہے ، اس کا کام صرف بل پر غورو خوض کرنا ہے۔  انہوں نے مزید کہا کہ  چیئرمین یکطرفہ طور پر کام نہیں کرسکتے اور کمیٹی کو اجتماعی طور پر کام کرنا ہوگا۔ 

اویسی نے مزید کہا کہ ہم پارلیمانی طریقہ کار کے پابند ہیں۔ لوک سبھا اسپیکر کو چیئرمین کے رویہ کا نوٹس لینا چاہئے۔ انہوں نے ایکس پر اپنے اس پیغام کو اسپیکر اوم برلا کو ٹیگ بھی کیا۔
 دریں اثناء کانگریس نے بھی جے پی سی کے کرناٹک دورے کو سیاسی بدنیتی پر محمول قرار دیتے ہوئے اس کی سخت تنقید کی۔ نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیو کمار نے کمیٹی کے چیئرمین جگدمبیکا پال کے ریاست کے دورے کو سیاسی ڈرامہ بتاتے ہوئے کہا کہ ریاست میںضمنی الیکشن اور مہاراشٹر میں اسمبلی انتخابات کے پیش نظر یہ سب کیا جارہا ہے۔ انہوں نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جگدمبیکا پال کا دورہ سیاسی پروپیگنڈے سے زیادہ کچھ نہیں کیونکہ ان کے ساتھ صرف بی جے پی کے اراکین ہیں اور یہ لوگ سیاست کررہے ہیں۔ شیوکمار نے سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ ایک ڈرامہ کمپنی ہے۔ جے پی سی کا مطلب یہ ہے کہ اس کے سبھی اراکین ساتھ میں آتے، ریاستی حکومت اور اس کے افسران کو اس بارے میں مطلع کیا جاتا، لیکن صرف چیئرمین آئے ہیں اور وہ اپنی پارٹی بی جے پی کیلئے کام کررہے ہیں۔‘‘ نائب وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ یہ لوگ ماحول خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور امن نہیں چاہتے، اس لئے الیکشن کے موقع پرمسائل پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں، عوام سمجھدار ہیں اور وہ انہیں جواب دیں گے۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK