• Sat, 05 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

بدلاپورجنسی زیادتی معاملے کیخلاف اپوزیشن پارٹیوں کا احتجاج

Updated: August 22, 2024, 9:49 AM IST | Mumbai

ممبئی ، بھیونڈی اور پنویل میں شیوسینا ، این سی پی اور کانگریس کے کارکنوں نے ریاستی حکومت کوبرخاست کرنے کا مطالبہ کیا۔ خاتون مظاہرین نے منہ اور بازو پر سیاہ فیتہ باندھ رکھا تھا

Women workers of Shiv Sena (uddhav ) are protesting in Hindumata area of ​​Paril.
پریل کے ہندماتاعلاقے میں شیوسینا (ادھو) کی خاتون کارکنان احتجاج کررہی ہیں۔

بدلا پور میں جنسی زیادتی کے واقعہ کے خلاف ان علاقوں میں اپوزیشن پارٹیوں نے زبردست احتجاج کیا  جس کے دوران مظاہرین نے حکومت کو برخاست کرنے کا مطالبہ کیا۔
دادر اور پریل میں شیوسینا (ادھو)کی نعرے بازی
  شیو سینا (ادھو ) کی خاتون ورکروں کی جانب سے ممبئی کے متعدد علاقوں میں احتجاج کیا گیا اور اس واقعہ کیلئے ریاستی حکومت کو ذمہ دارقرار دیتے ہوئےاسے برخاست کرنے کا مطالبہ کیا  ۔   شیو سینا (ادھو) کے کارکنوں نے بدھ کو بدلا پور جنسی زیادتی کی مذمت کیلئے دادر میں شیو سینا بھون اور پریل میں ہندماتاعلاقے   میں احتجاج کیا ۔ پریل میں واقع بھارت ماتا سنیما کی پاس بھی آندولن کیا گیا۔ مظاہرین میں شریک خواتین نےمنہ اور بازو پر سیاہ فیتہ باندھ رکھا تھا اورانہوں نے حکومت کے خلاف نعرے لگائے۔اسی طرح  شیو سینا بھون کے باہر بھی خاتون شیوسینکوں نے پلے کارڈز لے کر حکومت کے خلاف نعرے لگائے۔
منترالیہ اوربدلاپور میں کانگریس کا مظاہرہ
   رکن پارلیمان ورشاگائیکواڑ کی قیادت میں منترالیہ کے سامنے بھی زبردست احتجاج کیاگیا۔ منترالیہ کےگیٹ کے باہر پلے کارڈز اٹھائے کانگریس  کے لیڈروں اور کارکنوں نے حکومت کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے میں تاخیرپر نعرے لگائے۔ پولیس نے مظاہرین کو احاطے میں داخل ہونے سے روک دیا۔
  اسی طرح کانگریس کے کارکنوںنےبھی بدھ کو ریاستی حکومت کے خلاف بدلاپور میں احتجاج کیا۔اس دوران مظاہرین کو پولیس نے حراست میں لیا ۔
بھیونڈی میں این سی پی کاپرانت آفس تک مورچہ
   بھیونڈی میں این سی پی (شرد پوار)کی خواتین ونگ کی صدر سواتی کامبلے کی قیادت میں خواتین نے ملزم کو پھانسی کی سزا کا مطالبہ کرتے ہوئے مورچہ نکالا اور   بدلا پور  واقعہ کے خلاف احتجاج کیا۔خواتین نے پرانت آفیسر کو میمورنڈم دے کر مطالبہ کیا کہ اس گھناؤنی جرم کی اخلاقی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ اور وزیر داخلہ دیویندر فرنویس کو استعفیٰ دیں۔  مظاہرین نے ’بیٹیوں کی رکشا کرو‘جیسے نعرے لگاتے ہوئے زکات ناکہ سے پرانت آفس تک مارچ کیا۔خواتین اپنے ہاتھوں میں بینرس  اورپوسٹرس لئے ہوئے تھے جن پر خواتین پر بڑھتے مظالم کے خلاف تشویش اور اس کے خلاف نعرے درج تھے۔مظاہرین نے پرانت آفس کے سامنے دھرنا دیا اور حکومت کے خلاف زبردست نعرے لگائے۔  میمورنڈم دینے کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے سواتی کامبلے نے کہا کہ حکومت اپنی بہنوں کو ڈیڑھ ہزار روپے کی مالی مدد دے رہی ہے ۔یہ روپے ہمیں نہ دے کر ہمارے بچوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔آج دفتر، کارخانوں اور اسکولوں میں چھوٹی بڑی بچیاں اور خواتین محفوظ نہیں ہیں ۔حکومت خواتین کی حفاظت سے متعلق ضروری اقدامات کرے۔اس احتجاج میں این سی پی کے دیگر عہدیداران  اور کارکنان بھی موجود تھے۔
شیوسینا (ادھو)نے شیواجی چوک پر احتجاج کیا
    شیوسینا(ادھو)نے سابق رکن اسمبلی روپیش مہاترے کی قیادت میں زبردست احتجاج کیا۔یہاں بھی مظاہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ’لاڈ لی بہنوں‘کو ۱۵۰۰؍روپے کی مدد کے بجائے ان کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔
پنویل میں مہاوکاس اگھاڑی کا احتجاج
   بدلا پور کے شرمناک واقعہ کے خلاف شیوا جی چوک پر مہا وکاس اگھاڑی کی طرف سے سابق ایم ایل سی بالا رام پاٹل کی قیادت میں زبردست احتجاج کیا گیا ۔اس احتجاج میں مہاوکاس اگھاڑی کے مقامی لیڈران موجود تھے۔ اس موقع پر بالا رام پاٹل نے کہا کہ اسکول کسی بھی سیاسی پارٹی کاکیوں نہ ہو، اس طرح کے واقعے کو چھپانا افسوس کی بات ہے ۔سوال یہ اٹھتا ہے کہ اس طرح کا واقعہ اسکول انتظامیہ   ہونے ہی کیوں دیتا ہے۔ انہوں نے کیوں طلبہ کو بیت الخلا۱ جانے کیلئے ایک نوجوان کورکھا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK