Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

پارلیمنٹ میں منریگا سے متعلق وزیر زراعت کے جواب سے غیر مطمئن اپوزیشن کا احتجاج

Updated: March 26, 2025, 12:37 PM IST | New Delhi

اس معاملے پر ایوان زیریں کی کارروائی ملتوی کردی گئی جس کے بعدکانگریس نے پارلیمنٹ کے ہاؤس کے احاطہ میں احتجاج کیا، ترنمول کانگریس نے پارلیمنٹ فلور پر آواز اٹھائی۔

Rahul, Priyanka, Shashi Tharoor during the protest outside Parliament. Photo: INN
پارلیمنٹ کے باہر راہل ، پرینکا ،ششی تھرور احتجاج کے دوران۔ تصویر:ـ آئی این این

لوک سبھا میں  اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی، وائناڈ کی رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی واڈرا اور کیرالا کے دیگر اراکین پارلیمنٹ نے منگل کو منریگا سے متعلق مختلف مطالبات  پر پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں احتجاج کیا۔ احتجاج کرنے والے اراکین پارلیمنٹ نے کہا کہ منریگا کے قواعد کی خلاف ورزی کی جارہی ہے اور مزدوروں کو اس کے مطابق اجرت نہیں مل رہی ہے۔کیرالا میں اپوزیشن کی جماعتوں کے  اراکین پارلیمنٹ نے اس کے خلاف سخت احتجاج کرتے ہوئے کیرالا میں منریگا کی اجرت کو نظر انداز کرنے کا الزام لگایا۔
پرینکا گاندھی نے کہاکہ ’’حکومت کی بے عملی نے لاکھوں خاندانوں کو اپنی روزی روٹی سے محروم کر دیا ہے۔ ہم اس بحران پر فوری توجہ دینے اور متاثرہ کارکنوں کیلئے انصاف کا مطالبہ کرتے ہیں جو طویل عرصے سے اپنے اپنی ضروریات پوری کرنے کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں۔‘‘
حکومت سے منریگا کے سلسلے میں ضروری اقدامات کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ حکومت کو اس بات کو یقینی بنانا چاہئے کہ منریگا کارکنوں کی زیر التواء اجرت فوری طور پر ادا کی جائے، بڑھتی ہوئی مہنگائی سے نمٹنے کے لئے اجرت میں اضافہ کیا جائے اور کام کے دنوں کو بڑھا  کر۱۵۰؍ دن کیا جائے۔
واضح رہےکہ لوک سبھا میںوقفہ ٔ سوالات کے دوران کیرالا، مغربی بنگال اور تمل ناڈو کے اراکین نے منریگا کے واجبات سے متعلق ضمنی سوالات پوچھے تھے۔شیوراج سنگھ چوہان اور ریاستی وزیر برائے دیہی ترقی چندر شیکھر پیمسانی کے جواب سے غیر مطمئن اپوزیشن اراکین اسپیکر کی  نشست کے قریب آگئے اور نعرے بازی شروع کردی جس کی وجہ سے پارلیمنٹ کی کارروائی  ملتوی کرنی پڑی تھی ۔
ٹی ایم سی کاپارلیمنٹ میں احتجاج
ترنمول کانگریس نے ایک بار پھر آج پارلیمنٹ میں منریگا کے تحت مرکزی فنڈ نہیں ملنے کے خلاف احتجاج کیا اور دعویٰ کیا کہ مغربی بنگال کو جان بوجھ کر محروم کیا جارہا ہے۔ منگل کے احتجاج میں مغربی بنگال کی حکمراں جماعت کے اراکین پارلیمنٹ کے ساتھ دو دیگر ریاستوں تمل ناڈو اور کیرالا کے اراکین پارلیمنٹ بھی شامل ہوئے۔ان دونوں ریاستوں کا بھی الزام ہے کہ مرکزی حکومت سیاسی عناد کی بنیاد پر منریگا کی اسکیم کی رقم جاری نہیں کی جارہی ہے۔پارلیمنٹ میں ترنمول کانگریس،  ڈی ایم کے جیسی پارٹیوں نے مرکزی وزارت دیہی ترقی پر سوال اٹھایا کہ ۱۰۰؍ دنوں کے کام کے واجبات کیوں نہیں ادا کئے جا رہے ہیں۔ وزیر مملکت برائے دیہی ترقی چندر شیکھر پیمسانی نے منگل کو پارلیمنٹ میں واجبات کو روکنے کی وضاحت کی لیکن اپوزیشن کے اراکین پارلیمنٹ اس سے مطمئن نہیں تھے۔ ڈی ایم کے اور ترنمول کے اراکین پارلیمنٹ نے لوک سبھا کے فلور پر احتجاج کیا۔ کیرالاکے بائیں بازو اور کانگریس کے اراکین پارلیمنٹ نے بھی احتجاج کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK