• Thu, 17 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

’’اپوزیشن لاڈلی بہن اسکیم کے تعلق سے غلط فہمیاں پھیلا رہا ہے ‘‘

Updated: October 16, 2024, 10:08 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

ایکناتھ شندے، دیویندر فرنویس اور اجیت پوار کی مشترکہ پریس کانفرنس، مہایوتی حکومت کا ڈھائی سالہ رپورٹ کارڈ پیش کیا، لاڈلی بہن اسکیم کے تعلق سے کہاکہ یہ ایک سال تک بغیر رکاوٹ جاری رہے گی

Here is the report card of the Mahayoti government: Ajit Pawar, Eknath Shinde and Devendra Farnavis (Photo: PTI)
یہ رہا مہایوتی حکومت کا رپورٹ کارڈ: اجیت پوار ، ایکناتھ شندے اور دیویندرفرنویس ( تصویر: پی ٹی آئی)

مہاراشٹر اسمبلی  الیکشن  کی تاریخ  کا اعلان  ہوتے ہی  مہا یوتی نے عوام کے سامنے اپنا رپورٹ کارڈ پیش کیا۔ اس کیلئے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے، نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس اور نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے ممبئی میں مشترکہ پریس کانفرنس منعقد کی۔ اس دوران انہوں نے گزشتہ ڈھائی سال کی مدت میں اپنی حکومت کے کاموںکو شمار کروایا۔ انہوںنے  دعویٰ کیاکہ مہا یوتی حکومت نے سابقہ مہا وکاس اگھاڑی حکومت سے زیادہ کام کئے ہیں اور عوام کو راحت پہنچانے والے فیصلہ کئے ہیں۔ تازہ فیصلوں میں ممبئی میں چھوٹی گاڑیوں کیلئے ٹول معاف کرنے کا فیصلہ اور خواتین میںمقبول سی ایم لاڈلی بہن اسکیم شامل ہیں۔ اس موقع پر سیٹوں کی تقسیم کااعلان تو نہیں کیا گیاالبتہ اس بارے میں جلد ہی میڈیا کوبتانے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔
 وزیر اعلیٰ کا مہایوتی اور مہاوکاس اگھاڑی کا موازنہ 
 بدھ کو وانکھیڈے اسٹیڈیم (ممبئی)میں واقع ایم سی اے ہال میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کہا کہ وعدوں کی تکمیل کی رپورٹ پیش کرنے کیلئے ہمت کی ضرورت  ہوتی ہے۔ ہم یہ رپورٹ اسلئے پیش کر رہے ہیں کہ مہا یوتی حکومت نے ایک موثر کام کیا ہے۔ مہا وکاس اگھاڑی کے ڈھائی سال اور مہایوتی حکومت کے ڈھائی سال کا موازنہ کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہاکہ’’ مہا وکاس  اگھاڑی حکومت نے اپنی ترقی مخالف روش سے ریاست کو ڈھائی سال تک بے پناہ نقصان پہنچایا۔ دوسری جانب مہا یوتی حکومت نے ترقی، صنعت دوست پالیسیوں، فلاحی اسکیموں کی منصوبہ بندی کرکے ریاست کو پہلے نمبر پر پہنچا دیا ہے۔‘‘انہوں نے  کہا کہ’’ہماری حکومت نے  اٹل سیتو، کوسٹل روڈ، میٹرو ٹرین ، سمردھی شاہراہ کے ذریعے بنیادی ڈھانچے کے شعبے میں بے مثال کام کرکے ریاست کی ترقی کو تیز کیا ہے۔ ہماری حکومت عوام کو دینے کا ارادہ رکھتی ہے اور ہر طبقے  کے ساتھ انصاف کرنے کی پالیسی رکھتی ہے۔ ‘‘وزیر اعلیٰ نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہماری حکومت کی کارکردگی کی وجہ سے اپوزیشن منقسم ہو گئی  اور وہ جھوٹ بول رہے ہیں اور بے قاعدگی کے ساتھ چل رہے ہیں۔ ایم وی اے حکومت نے اپنے دور میں بہت سے وعدے کئے تھے لیکن  انہیں پورا نہیں کیا۔ شندے نے کہا کہ ’’ مہایوتی حکومت کی تمام اسکیمیں مستقل ہیں ۔ انہیں  انتخابات کو ذہن میں رکھ کر نہیں  نافذ کیا گیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں  وزیر اعلیٰ  نے متنبہ کیاکہ اگرلاڈلی بہن اسکیم کو کسی نے  ہاتھ بھی لگایاتو عوام اپوزیشن کو اس کا جواب دیں گے اور انہیں ٹھیک کر  دیں گے۔‘‘
 لاڈلی بہن اسکیم بند نہیں ہوگی: فرنویس 
 اس موقع پر نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے کہا کہ عوام نے ترقیاتی کاموں کو التوا میں ڈالنے والی حکومت کے بعد گزشتہ ڈھائی برس میں مہایوتی حکومت کے کام کی رفتار اور پیش رفت کا تجربہ کیا ہے۔ ایک طرف مخالفین لاڈلی بہن یوجنا پر تنقید کرتےہیں کہ حکومت کے پاس پیسہ نہیں ہے اور  الیکشن ہوتے ہی یہ اسکیم بند ہو جائے گی۔حالانکہ ایسا نہیں ہے بلکہ اس اسکیم کیلئے ایک سال کا بجٹ مختص کیاگیا ہے۔ فرنویس نے کہا کہ گزشتہ ایم وی اے حکومت کی طرح ہماری اسکیمیں محض کاغذ تک محدود نہیں رہیں بلکہ ان پر عمل کیاگیا ہے۔ کسانوں کو مفت بجلی دینے کے فیصلے پر عمل درآمد کر دیا گیا ہے۔ دن کے وقت بجلی کی فراہمی مکمل طور پر منصوبہ بند ہے۔ آبپاشی کے شعبے میںمہا یوتی حکومت نے۱۴۵؍ منصوبوں کی منظوری دی۔ ۲۲؍لاکھ ۷۳؍ ہزار ہیکٹر آبپاشی کی گنجائش پیدا کی گئی ۔ سولار پمپ اسکیم کیلئے کسانوں کو صرف۱۰؍ فیصد ادا کرنے کو کہا گیا ہے اور  پمپ حاصل کرنے کے بعد ۲۵؍سال تک بجلی کا بل نہیںبھیجا جائےگا۔ وین گنگا۔مل گنگا، نار۔پار۔گرنا، دامن گنگا۔پنجال، دمن گنگا۔اکدارے ایسی کو ۴؍ دریاؤں  کو جوڑنے کے پروجیکٹوں کو منظوری دی گئی ۔انا صاحب پاٹل اکنامک ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے ذریعے ایک لاکھ سے زیادہ مراٹھا کاروباریوں کوقوت ملی ہے۔
 اجیت پوار بھی لاڈلی بہن کے تعلق سے ہی بولے  
  اس موقع پر نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے دعویٰ کیا کہ اپوزیشن مہا یوتی حکومت کے بے مثال کام سے الجھن میں ہے، اور جھوٹی کہانیاں بنانے  کوشش کر رہا ہے ۔ اپوزیشن عام لوگوں کی زندگیوں میں ہونے والی تبدیلیوں کو ہضم نہیں کر پا رہی ہے۔ لاڈلی بہن اسکیم کےتعلق سے جھوٹا پروپیگنڈہ پھیلایا جا رہا ہے۔ مہایوتی حکومت نے سماج کے ہر طبقے پر غور کیا ہے اور ان کی زندگیوں کو بدلنے کیلئے متعدد اسکیمیں لائی ہیں اور انہیں مؤثر طریقے سے نافذ بھی کیا ہے۔ انہوںنے کہا کہ ’’ ہماری۲؍ کروڑ۳۰؍  لاکھ لاڈلی بہنوں کے کھاتے میں پانچ ماہ کی رقم جمع ہو چکی ہے جو لوگ اس اسکیم کو روکنے کیلئے یہ غلط فہمی پھیلا رہےہیں کہ یہ اسکیم الیکشن کے پیش نظر محض ۴؍ تا۵؍ مہینوں کیلئے لائی گئی ہے ، انہیں مَیں کہنا چاہتا ہوں کہ لاڈلی اسکیم کیلئے  پہلے۱۰؍ ہزار کروڑ اور پھر ۳۵؍   ہزار کروڑ روپے مختص کئے  گئے ہیں۔یعنی سال بھر بہنوں کو اس اسکیم کا فائدہ ملے گا۔ اسلئے بہنیں اپوزیشن کی غلط بیانی  میں نہ آئیں۔انہوںنے یہ بھی کہا کہ لاڈلی بہن کی طرح دیگر اسکیمیں بھی عارضی نہیں ہیں وہ بھی جاری رہیں گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK