مقامی افراد کا کہنا ہے کہ جس جگہ دواخانہ بنایا جا رہا ہے وہاں پہلے ہی کافی بھیڑ رہتی ہے اور کلینک بن جانے سے ٹریفک کا مسئلہ مزید سنگین ہوجائیگا۔
EPAPER
Updated: October 28, 2024, 11:13 AM IST | Bandra
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ جس جگہ دواخانہ بنایا جا رہا ہے وہاں پہلے ہی کافی بھیڑ رہتی ہے اور کلینک بن جانے سے ٹریفک کا مسئلہ مزید سنگین ہوجائیگا۔
یہاں باندرہ کرلا کمپلیکس(بی کے سی) میں آپلا دواخانہ کی مقامی لوگ مخالفت کر رہے ہیں۔ گزشتہ روز بی کے سی کے ’ایف‘ بلاک میں واقع ۲۰؍ منزلہ کنکیا پیرس کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی میں رہائش پذیر افراد نے اس دواخانہ کی سخت مخالفت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ آپلہ دواخانہ کی سہولت کے خلاف نہیں ہیں بلکہ جس جگہ پر دواخانہ تعمیر کیا جا رہا ہے اس سے انہیں پریشانی ہے۔ واضح رہے کہ آپلہ دواخانہ سوسائٹی کے گیٹ کے قریب بنایا جارہا ہے اور مکینوں کا کہنا ہے کہ یہاں پہلے ہی بھیڑ بھاڑ رہتی ہے اور دواخانہ شروع ہونے سے انہیں مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑےگا۔
سوسائٹی کے ایک مکین نے بتایا کہ آپلہ دواخانہ میں بڑی تعداد میں بھارت نگر اور مہاراشٹر نگر کی جھوپڑپٹیوں سے مریض آئیں گے، جو ہماری سوسائٹی کے گیٹ کے پاس جمع ہوں گے۔ یہاں پہلے ہی کافی بھیڑ بھاڑ رہتی ہے۔ دواخانہ شروع ہوجانے سے یہاں ٹریفک نظام مزید خراب ہو جائےگا۔ صبح اور شام کے اوقات۱۵۰؍سے ۲۰۰؍میٹر کا فاصلہ طے کرنے کیلئے۱۵؍منٹ تک کا وقت لگ جاتا ہے۔ مستقبل میں یہ سڑک ویسٹرن ایکسپریس ہائی وے کا ایک اہم کنکشن بن جائے گا اور اس طرح کی اہم سڑک پر دواخانہ کی وجہ سے بھیڑ بھاڑ میں اضافہ ہو جائےگا۔ ‘‘
گزشتہ روز مکینوں نے احتجاج کے بعد کھیر واڑی پولیس اسٹیشن میں اس تعلق سے ایک تحریری شکایت بھی دی تھی۔ یہ تیسرا موقع ہے جب مقامی افراد نے آپلہ دواخانے کے خلاف احتجاج کیا ہے۔ اس سال کے شروع میں ملبارر ہل اور کالینا میں بھی آپلہ دواخانہ کے خلاف اسی طرح کا احتجاج کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ’ ہندوہردئے سمراٹ بالاصاحب ٹھاکرے آپلا دواخانہ’ جسے ایچ بی ٹی کلینک بھی کہا جاتا ہے، کا مقصد مریضوں کے گھر کے قریب بہتر ہیلتھ کیئر تک رسائی اور مفت طبی علاج کے اختیارات فراہم کرنا ہے۔ کچھ کلینک مفت میں خون کے ٹیسٹ وغیرہ بھی کرتے ہیں۔
ایک دیگر ر مکین نے کہا کہ چند روز قبل وہ میونسپل وارڈ آفیسر سے بھی ملے تھے اور اپنی تشویش کا اظہار کیا تھا۔ ہمیں بتایا گیا تھا کہ ایک ٹیم آئے گی اور اس جگہ کا دوبارہ سروے کرے گی۔ تاہم کچھ نہیں ہوا۔ ٹائمز آ ف انڈیا کی خبر کے مطابق مکین نے بتایا کہ بدھ کی رات سوسائٹی کے مکینوں نے پایا کہ آپلہ دواخانہ کی تعمیر کا کام شروع ہونے والا ہے۔ یہ ہمارے لئے قابل قبول نہیں ہے، کیونکہ اسی سڑک پر ہم غیر قانونی پارکنگ اور دیگر قبضہ جات سے پریشان ہیں۔ ہم اس سڑک پر کوئی اور اضافہ نہیں چاہتے۔
دریں اثنا اسسٹنٹ میونسپل کمشنر سپناجا شرساگر نے کہا کہ کنکیا پیرس کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کے مکین ان سے رابطہ کر چکے ہیں۔ تاہم جہاں ایچ بی ٹی کلینک بنانے کا پروگرام ہے وہ ایک وسیع سڑک ہے۔ تاہم ہم مکینوں کی جانب سے پیش کی گئی تشویش پر ایک بار پھر جگہ کامعائنہ کریں گے۔