ماہرین کا کہنا ہےکہ چونکہ یہ پروجیکٹ برڈ سینکچوئری کی حدود میں آتا ہے اس لئے یہاں پلانٹ لگانا غیر قانونی ہوگا، یہ تجویز بجٹ میں پیش کی گئی ہے
EPAPER
Updated: March 14, 2023, 10:22 AM IST | Aurangabad
ماہرین کا کہنا ہےکہ چونکہ یہ پروجیکٹ برڈ سینکچوئری کی حدود میں آتا ہے اس لئے یہاں پلانٹ لگانا غیر قانونی ہوگا، یہ تجویز بجٹ میں پیش کی گئی ہے
ریاستی حکومت نےگزشتہ دنوں اسمبلی میں پیش کردہ اپنے بجٹ میں اورنگ آباد(چھترپتی سمبھاجی نگر) کے جائیک واڑی آبپاشی پروجیکٹ پرشمسی توانائی پلانٹ کی تجویز پیش کی تھی جس کی ماہرین نے مخالفت کی ہےجبکہ ماحولیاتی کارکنان نے بھی اس کے خلاف آواز اٹھائی ہے۔
اس معاملے پر نظر رکھنے والے ماہرین کا کہنا ہےکہ چونکہ یہ پروجیکٹ برڈ سینکچوئری کی حدود میں آتا ہے اس لئے ضوابط کے مطابق یہاںشمسی توانائی کا پلانٹ لگانا غیر قانونی ہوگا۔ اورنگ آبادمیںجنگلاتی حیات کےاعزازی نگراںکشور پاٹھک نے کہا ہےکہ جائیک واڑی ڈیم پر شمسی توانائی پلانٹ کی تنصیب کی بجائے ریاستی حکومت کو چاہئے کہ وہ اپنا وقت اور توانائی بامعنی پروجیکٹوںمیں لگائے۔کشور پاٹھک نے کہا ’’ مرکز اور ریاست میں ایک ہی پارٹی کے حکومت میں ہونے کا مطلب یہ نہیںہےکہ اسے زمین سے متعلق قوانین کی خلاف ورزی کا حق مل گیا ہے۔‘‘
جائیک واڑی ڈیم پرتیرتا ہوا شمسی توانائی پلانٹ لگانے کی تجویز پہلے بھی زیر بحث آچکی ہے اور پہلے بھی اس کے خلاف تحفظ ماحولیات کےعلمبردارمزاحمت کرچکے ہیں۔پرندوںکے ماہررتیش پینڈسے نے کہا ’’ اس تجویز کو مرکزی وزارت ماحولیات وجنگلات کی جانب سے ا گر منظوری ملتی ہے تو ہم اس کے خلاف عدالت کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے ۔ ‘‘ انہوں نے مزید کہا ’’جائیک واڑی برڈ سینکچوئری کی حدود میں پہلے سے ہی انسانی سرگرمیاں بڑھ گئی ہیںجن میں پائپ لائن کا تعمیراتی کام ، غیرقانونی ماہی گیری اور کاشتکاری جیسی سرگرمیاںشامل ہیں۔ مجوزہ شمسی توانائی کے پلانٹ سے یہاںموجود جنگلاتی حیات کو مزید خطرہ لاحق ہوگا ۔ ‘‘۳۴۱ء۰۵؍ مربع کلومیٹر کے احاطے میںواقع مذکورہ برڈ سینکچوئری میںمہاجر پرندوںکی ۲۳۴؍ انواع موجود ہیںجبکہ دیگر جانوروںکی بھی اچھی تعداد ہے۔