جمہوریت کو بچانے کیلئے تمام جماعتوں کا مکمل یکجہتی کا اظہار ، شیوسینا نے خود کو میٹنگ سے الگ رکھا، پارلیمنٹ میں بھی حزب اختلاف کا شدیداحتجاج، کارروائی ملتوی
EPAPER
Updated: March 29, 2023, 10:13 AM IST | new Delhi
جمہوریت کو بچانے کیلئے تمام جماعتوں کا مکمل یکجہتی کا اظہار ، شیوسینا نے خود کو میٹنگ سے الگ رکھا، پارلیمنٹ میں بھی حزب اختلاف کا شدیداحتجاج، کارروائی ملتوی
’مودی ‘ سر نیم معاملے میں راہل گاندھی کو لوک سبھاکی رکنیت کیلئے نااہل قرار دیئے جانے کے خلاف کانگریس نے ملک گیرتحریک کے ساتھ ہی اپوزیشن کوبھی پوری طرح سے متحد رکھنے کی کوشش کررہی ہے۔ اسی کوشش کے تحت کانگریس سربراہ ملکارجن کھرگے نے پیر کی رات عشائیے پر حزب اختلاف کی جماعتوں کے لیڈروں کومدعو کیا تھا۔ اس موقع پر ۱۸؍ جماعتوں نے شرکت کی اور اپوزیشن اتحاد کا مظاہرہ کیا البتہ شیوسینا نے اس میٹنگ سے خود کو دور رکھا۔ اس میٹنگ میں راہل گاندھی کو بطور رکن پارلیمان الاٹ کئے گئے بنگلے کو خالی کرنے سے متعلق بھیجے گئے نوٹس کے پیش نظر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دوران میٹنگ تمام جماعتوں کے لیڈروں نے جمہوریت کو بچانے کیلئے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔
میٹنگ کے بعد کانگریس لیڈر پرمود تیواری اور گورو گوگوئی نے میڈیا کو بتایا کہ تمام پارٹیوں کے لیڈروں نے ملک میں جمہوریت کو بچانے اور ملک کی معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں خوف و ہراس کی فضا کے خلاف تمام جماعتیں متفق ہیں۔اس میٹنگ میں ڈی ایم کے، این سی پی، جے ڈی یو، بی آر ایس، آر ایس، سی پی ایم، سی پی آئی، عام آدمی پارٹی، ایم ڈی ایم کے، کے سی، ترنمول کانگریس، آر ایس پی، آر جے ڈی، نیشنل کانفرنس، مسلم لیگ، وی سی کے، سماجوادی پارٹی اور جے ایم ایم کے لیڈروں نے شرکت کی۔
ایوان کے باہر احتجاج کرنے کے ساتھ ہی اپوزیشن نے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں بھی حکمراں محاذ کا ناطقہ بند رکھا۔ دونوں ایوانوںمیں اپوزیشن کی جانب سے ہونے والے احتجاج کی شدت کودیکھتے ہوئے کارروائی کئی بار ملتوی ہوئی اور بعد میں بالآخر دن بھر کیلئے کارروائی ملتوی ہوگئی۔دونوں ایوانوں میں اپوزیشن نے اڈانی معاملے پر مشترکہ پارلیمانی کمیٹی (جے اے سی) کی تشکیل کے مطالبے کے ساتھ ہی راہل گاندھی کے خلاف کارروائی کے موضوع پر حکومت کوگھیرنے کی کوشش کی۔
لوک سبھا میںپریزائیڈنگ آفیسر رما دیوی نے التوا کے بعد۲؍بجے جیسے ہی ایوان کی کارروائی شروع کی، اپوزیشن اراکین نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈ لے کر کرسی کے سا منے نعرے بازی شروع کردی۔ ہنگامہ آرائی کے درمیان پریزائیڈنگ آفیسر نے ضروری کاغذات میز پر رکھے لیکن شوروغل نہ رکنے پر انہوں نے ایوان کی کارروائی دن بھر کیلئے ملتوی کر دی۔
اسی راجیہ سبھا میں بھی اپوزیشن کا احتجاج شدت کے ساتھ جاری رہاجس کی وجہ سے ایوان کی کارروئی دن بھر کیلئے ملتوی کردی گئی۔ اس کے نتیجے میں منگل کو بھی ایوان میں کوئی کام کاج نہیں ہو سکا۔ لنچ کے وقفے کے بعد کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے چیئرمین جگدیپ دھنکر نے بزنس ایڈوائزری کمیٹی کی میٹنگ میں کئے گئے فیصلوں کی جانکاری دی۔