تعلیمی تنظیم کے وفد کی اجیت پوار اور دادا بھسے سے ملاقات ، مختلف مطالبات کے تعلق سے گفت وشنید، وزیر تعلیم نے کچھ مانگیں فوری طور پر قبول کر لیں کچھ کیلئے مہلت مانگی
EPAPER
Updated: February 27, 2025, 5:10 PM IST | Mumbai
تعلیمی تنظیم کے وفد کی اجیت پوار اور دادا بھسے سے ملاقات ، مختلف مطالبات کے تعلق سے گفت وشنید، وزیر تعلیم نے کچھ مانگیں فوری طور پر قبول کر لیں کچھ کیلئے مہلت مانگی
۲۰؍ طلبہ سے کم تعداد والے اسکول میں صفر ٹیچر کی تجویز کے خلاف اکھل بھارتیہ اُردو شکشک سنگھ کے ایک وفد نے وزیراعلیٰ دیویندر فرنویس کومکتوب دیاہے۔ اس کے ساتھ ہی کئی اور بھی مطالبات کئے گئے ہیں۔ منگل کو منترالیہ میں نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار اوروزیر تعلیم دادابھُسے سے ملاقات کرکے ان مطالبات کو جلد ازجلد پورا کرنےکی اپیل کی گئی ہے۔ ان میں سے کچھ مطالبات کو اسی وقت تسلیم کر لیا گیا۔ اس تعلق سے جلد ہی سرکیولر جاری کیاجائے گا۔ اکھل بھارتیہ اُردو شکشک سنگھ کے جنرل سیکریٹری ساجد نثار نے انقلاب کوبتایاکہ ’’ مذکورہ مکتوب میں سنچ مانیتا ( طلبہ کی تعداد کےمطابق اساتذہ کی تقرری کا عمل )سے متعلق
یہ بھی پڑھئے: بھیونڈی : رکشا چرانے والے۲؍افراد گرفتار، دھولیہ سے۱۱؍ رکشے برآمد
۱۵؍مارچ ۲۰۲۴ءکو جاری کئے گئے سرکیولر کو منسوخ کرنے اورپرانے طرز پر سنچ مانیتا کرنےکا مطالبہ کیاگیاہے، جس کے تحت چھٹی تا آٹھویں جماعت کےاسکول میں ۲۰؍سےکم طلبہ ہونے کی صورت میں بھی ٹیچروں کی تقرری کی جائے گی۔ حکومت کی جانب سے اس بارے میں جلد ہی نیاسرکیولر جاری ہونے کی اُمید ہے۔ اسکے ساتھ موسم گرماکی شدت کے پیش نظرریاست کے سبھی اسکولوں میں یکم مارچ سےصرف صبح کی شفٹ میں اسکول جاری رکھنے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔ اس کا حکم نامہ بھی جلد جاری کیاجائے گا۔ جبکہ شکشن سیوک اسکیم کو منسوخ کرنے اورشکشن سیوک میعاد (مدت) کو کم کرنے کے متعلق کابینہ کی میٹنگ میں فیصلہ کیا جائے گا۔ بجٹ سیشن میں ریاست میں جزوی طور پر امداد یافتہ پرائمری، سیکنڈری اور ہائر سیکنڈری اسکولوں کیلئے اضافی ۲۰؍فیصدگرانٹ کے تعلق سے ۱۴؍اکتوبر ۲۰۱۴ءکے جی آر پر عملدرآمد، گرانٹ کے متعلق مطالبہ پر بتایا گیا کہ گرانٹ کے متعلق فائل کو منظوری دےدی گئی ہے۔ بلدیاتی اداروں کے زیر انتظام سرکاری اردو اسکولوں کو اقلیتی اسکولوں کا درجہ دیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھئے: ساکی ناکہ : غیر قانونی ہوٹل اور ریسٹ ہاؤس کے خلاف بی ایم سی کی انہدامی کارروائی
اساتذہ کی بھرتی کے اشتہار کو اپ لوڈ کرنے کی آخری تاریخ میں توسیع کرنے اور زیادہ سے زیادہ خالی اسامیوں کو پُر کرنےکیلئے متعلقہ افسران کو ہدایات دی گئی ہے۔ ضلع میں اور ایک سے دوسرے ضلع میں تبادلوں کا آغاز کرنے، اسکولی معیار کی جانچ کیلئے متعلقہ فارم پُرکرنےکی مدت میں توسیع اور دیگر اہم مسائل اور بالخصوص گرانٹ کی جانب توجہ مبذول کرائی گئی ہے۔‘‘انہوں نے بتایاکہ ’’جن مطالبات کو فوری طورپر منظور کیاگیاہے، ان کےتعلق سے آئندہ۲؍ یا ۳؍ دنوں میں سرکیولر جاری کئے جانے کا امکان ہے۔ جن مطالبات کو ابھی پورا نہیں کیاگیاہے ان کے تعلق سے فالواپ جاری رکھاجائے گا۔ ‘‘ اکھل بھارتیہ اردو شکشک سنگھ کے وفدمیں ساجد نثار احمدکے علاوہ تنظیم کے ریاستی صدر رضوان چمن شیخ، ناسک کے ضلع رابطہ کار محمد فیض، فہد دیسائی، نیز تنظیم کے تعلقہ سیکریٹری ہٹکاننگلے، بیڑ کے ضلع صدر ماسٹر صدیق اور دیگر کئی اہم اراکین شامل تھے۔