• Thu, 16 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

یوپی کے مدارس میں اسکولوں کی طرح پری پرائمری درجات چلانے کا حکم

Updated: January 04, 2023, 9:51 AM IST | Lucknow

مدرسہ تعلیمی بورڈ کے چیئرمین افتخار احمد جاوید کا اعلان،اضافی کلاسیز کیلئے اساتذہ کی تعداد بڑھانے کے سوال پر بورڈ کی خاموشی سے مدارس انتظامیہ میں بے چینی

Students studying in a madrassa in Uttar Pradesh
اترپردیش کے ایک مدرسے میں زیر تعلیم طلبہ

اترپردیش مدرسہ تعلیمی بورڈکے مدارس میں بھی پرائمری اسکول کی طرح پری پرائمری یعنی نرسری ، یو کے جی ، ایل کے جی کلاسیز چلائے جائیں گے ۔ بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر افتخار احمد جاوید نے نئے تعلیمی سال  سے تینوں درجات شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ تینوں کلاسیز کیلئے نصاب بھی تیار کیا جارہا ہے ۔دوسری جانب مدارس سے منسلک لوگوں کا کہنا ہے کہ ایسا ممکن نظر نہیں آرہا ہے کہ کیونکہ ان تین درجات میں پڑھانے کیلئے مزید اساتذہ کی ضرورت ہوگی لیکن بورڈ اساتذہ کی بات نہیں کررہا ہے بلکہ  اس معاملہ پر پوری طرح خاموش ہے۔ اس کی وجہ سے مدارس انتظامیہ میں کافی بے چینی پائی جارہی ہے۔
 اُترپردیش مدرسہ تعلیمی بورڈکا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے ملحقہ مدارس کا ایک دیرینہ مطالبہ کی تکمیل کی جانب پیش رفت ہوئی ہے۔ چیئرمین مدرسہ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ پرائمری اسکولوں کی طرح مدارس میں بھی پری پرائمری کلاسیز کا آغاز نئے سیشن سے ہوجائے گا۔ اس جانب نصاب تعلیم کی کمیٹی نے کام بھی شروع کردیا ہے ۔ انہوں نے بتایاکہ کمیٹی میں دو ممبران کے ساتھ ہی رجسٹرار بورڈ شامل ہوتا ہے جبکہ چیئرمین کمیٹی کا صدر ہوتا ہے۔ معلوم ہوکہ مدرسہ بورڈ کے درجات کی ابتدا درجہ اول سے ہوتی ہے جبکہ چھوٹے بچوں کی تعلیم کا نظم ابھی تک مدرسہ بورڈ کے مدارس میں نہیں ہے ، جس کی وجہ سے چھوٹے بچوں کو تعلیم حاصل کرنے میں دشواری ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شروعات ہی سے  درجہ اول کی کتابیں طلبہ کو سمجھ میں نہیں آتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ پری پرائمری کلاسیز کا مطالبہ کافی دنوں سے مدارس کے ذمہ دار کررہے تھے ۔ 
 دوسری جانب مدارس سے وابستہ لوگوں کا کہنا ہے کہ نئے سیشن سے پری پرائمری کلاسیز شروع کرنے کا اعلان خوش آئند تو ہے، لیکن مدرسہ بورڈ تحتانیہ کی پانچ کلاسیز کیلئے پانچ اساتذہ دیتا ہے ، تین نئے کلاس بڑھنے سے تین مزید اساتذہ کی ضرورت ہوگی ، جس پر بورڈ بات نہیں کر رہا ہے۔ اس کے علاوہ مزید کلاس روم کی بھی ضرورت مدارس میں پڑےگی ، جس کیلئے مہلت درکارہے ۔
’نئے کلاس روم کیلئے مہلت دی جاسکتی ہے‘
   اترپردیش کے مدرسہ بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر افتخار احمد جاوید نے اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فی الحال مزید اساتذہ کی تجویز نہیں ہے،موجود اساتذہ ہی سے کلاسیز کا بندوبست کرنا ہوگا، البتہ نئے کلاس روم کیلئے مدارس کو مہلت دی جائے گی ۔  
 نصاب میں بیسک شکشا پریشد کی کتابیں 
 چیئرمین مدرسہ بورڈ نے اس بات کو تسلیم کیا کہ مدرسہ بورڈ کے نصاب تعلیم میں شامل این سی ای آر ٹی کی کتابیں مناسب تعداد میں نہیں پہنچ پاتی ہیں ۔اگلی میٹنگ میں اس بات پر غور کیا جائے گا کہ جو بیسک شکشا پریشد کی کتابیں آسانی سے دستیاب ہیں، اسلئے انہیں بھی مدارس میں چلایا جائے گا۔میٹنگ میں طے کیا جائے گا کہ کس کلاس میں این سی ای آر ٹی کی کتابیں چلیں گی اور کس کلاس میں بیسک شکشا پریشد کی کتابوں سے تعلیم دی جائے ۔ 
طلبہ کیلئے ڈریس مہیا کرانے کااعلان 
 چیئرمین بورڈ نے بتایا کہ دیگر تعلیمی بورڈ کی مانند مدارس کے بچوں کو بھی ڈریس سرکاری طور پر مہیا کرایا جائے گا۔ متعلقہ وزیر سے اس سلسلہ میں بات ہوچکی ہے ۔ واضح رہے کہ مدرسہ بورڈ کے طلبہ کا ڈریس کیا ہو، ابھی تک اس پر کوئی فیصلہ نہیں ہوسکا ہے ۔

madrasas Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK