Inquilab Logo Happiest Places to Work

ورورا راؤکو ناناوتی اسپتال منتقل کرنے کا حکم

Updated: November 19, 2020, 9:06 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai

ہائی کورٹ نے سخت برہمی کااظہار کیا کہ معمر درخواست گزار بسترمرگ پر ہیں مگر این آئی اے انہیں اسپتال منتقل کرنے کی مخالفت کررہی ہے

Vervora Rao
ورورا راؤ جیل میں طویل عرصے سے بیمار ہیں

ممبئی:۸۱؍ سالہ بزرگ شاعر  اور سماجی کارکن   ورورا راؤ جن کے سخت علیل ہونے کے بعد بھی این آئی اے انہیں جیل  میں ہی رکھنے پر بضد ہے کو راحت پہنچاتے ہوئے بامبے ہائی کورٹ نے انہیں فوری طور پر ناناوتی اسپتال منتقل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ 
  کورٹ نے اس معاملے میں تفتیشی ایجنسی کے رویے پر سخت برہمی کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’ درخواست گزارتقریباً بستر مرگ پر ہے اس کے باوجود پرائیویٹ اسپتال منتقلی سے ایجنسی اور حکومت انکار کررہی ہے آخر اس کی وجہ کیا ہے ؟‘‘ اس کے ساتھ ہی عدالت نے  بھیما کوریگاؤں کیس میں ماخوذ کئے گئے  بزرگ شاعر اور سماجی کارکن ورورا راؤ کو فوری طور پر ۱۵؍ دنوں  کیلئے ناناوتی اسپتال میں داخل کرنے کا حکم سنایا۔  کورٹ نے  انہیں عدالت کی اجازت کے بغیر اسپتال سے رخصت دینے سے بھی منع کیا ہے ۔
  دوران سماعت ایک بار پھر ورورا راؤ کی   وکیل اندرا جے سنگھ نے اپنے موکل کے ساتھ اختیار کئے گئے ظالمانہ اور غیر انسانی رویے کی روداد کورٹ میں بیان کی۔ انہوں نے بتایا کہ ’’اول تو جیل میں انہیں ضروری اور  بنیادی طبی سہولیات  فراہم نہیں کی جارہی  ہیں  ساتھ ہی  ان کے ساتھ انتہائی برا سلوک کیا جارہا ہے۔‘‘ اس کی مثال پیش کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ’’ انہیں پیشاب سے تر کپڑوں میں بے یار مدد گار چھوڑ دیا جاتا ہے۔‘‘ اندرا جے سنگھ نے الزام لگایا کہ ’’تفتیشی   ایجنسی ،  جیل انتظامیہ اور حکومت ضمانت پر رہا ئی کے بنیادی حق کی ہی  مخالفت نہیں کررہی ہے بلکہ درخواست گزار کے طبی حقوق کو بھی صلب کرنے کی کوشش کررہی ہے۔‘‘ راؤ کی بیوی ہیم لتا کی جانب  سے  جرح کرتے ہوئے دفاعی وکیل نے  عدالت سے یہ چبھتا ہوا سوال کیا کہ ’’ اگر  اس کیس  سے میرا موکل   بری ہوجاتا ہے تو ایجنسی یا حکومت (جو اس وقت ہورہا ہے)اس کی کیا قیمت ادا کر سکتی ہے؟‘‘  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK