• Sat, 23 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

قربانی کے فی جانورکیلئےصرف۲۰؍ روپے فیس لینے کا حکم

Updated: June 03, 2024, 11:16 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai

ایک جانورکی صحت کا سرٹیفکیٹ جاری کرنے کیلئے۲۰۰؍روپے فیس مانگنے کے خلاف تاجروں کی عرضی پر ہائی کورٹ نے دیونار کے محکمہ مویشی پالن کو ۵؍ جون سے دیونار منڈی میں لائے جانے والے جانوروں کیلئے کم فیس لینے کا حکم دیا۔ ۱۹؍ جون تک ۲۰؍روپے فیس وصول کرنے کا سرکیولربھی جاری۔

The fee for health certificate of sacrificial animals in Deonara slaughter has been reduced. Photo: INN
دیونارمذبح میں قربانی کے جانوروں کی صحت کے سرٹیفکیٹ کی فیس کم کردی گئی ہے۔ تصویر : آئی این این

۱۷؍جون کو عیدالاضحی کے موقع پر دیونار مذبح اور ریاست کے الگ الگ علاقوں میں قربانی کے جانور لانے والے تاجروں کو بامبے ہائی کورٹ سے اس وقت بڑی راحت ملی جب دیونار مویشی پالن محکمہ کی جانب سے فی جانور صحت کا سرٹیفکیٹ جاری کرنےکیلئے۲۰۰؍ روپے فیس کے بجائے محض۲۰؍روپے فیس وصول کرنے کی اپیل کو قبول کرلیا۔ یہی نہیں ریاستی حکومت کے متعلقہ محکموں اور دیونار مویشی پالن محکمہ نے بھی عدالت کی دو رکنی بینچ کے حکم کی تعمیل کرتے ہوئے۵؍جون سے ۱۹؍ جون تک قربانی کیلئے لانے والے جانوروں کی صحت کا سرٹیفکیٹ جاری کرنے کیلئے فی جانور۲۰؍روپے فیس وصول کرنے کااعلان کیا ہے۔ 
 القریش ہیومن ویلفیئر اسوسی ایشن اور انصاری محمد عمر، محمد آصف قریشی اور محمد قدرت اللہ قریشی کی جانب سے ہائی کورٹ میں قربانی کے جانوروں کی صحت سے متعلق جاری کئے جانے والے سرٹیفکیٹ کیلئے بڑھائی گئی فیس کو کم کرنے کی اپیل کی گئی تھی جسے نہ صرف ۲؍ رکنی بنچ کے جسٹس ایم ایم ستیہ اور جسٹس شوماشیکھر سندریسن نے قبول کرلیا بلکہ ۱۴؍ دنوں تک عید الاضحی کے لئے لائے جانے والے بڑے جانوروں کی صحت کا سرٹیفکیٹ جاری کرنے پر فی جانور ۲۰؍ روپے فیس وصول کرنے کی ہدایت دی۔ 

یہ بھی پڑھئے:اروندکیجریوال کی خودسپردگی، ملک کو بچانے کیلئے جدو جہد جاری رکھنے کا اعلان

اس سلسلہ میں القریش ہیومن ویلفیئر اسوسی ایشن کی جانب سے وکلاء اے اے صدیقی اور ان کے معاون معین چودھری نے پیروی کی جبکہ حکومت کی جانب سے جیوتی چوان اور فاطمہ لکڑا والا نے۔ اسی طرح بی ایم سی کی جانب سے روپالی اداتے نے اپنی باتیں رکھیں۔ 
  دوران سماعت القریش ہیومن ویلفیئر اسوسی ایشن کے وکلاء نے گزشتہ سال قربانی کے موقع پر بڑے جانوروں کی صحت کا سرٹیفکیٹ جاری کرنے کیلئے ۳؍ دن ۲۰؍ روپے فیس لئے جانے کا حوالہ دیا تھا ساتھ ہی یکبارگی۲۰۰؍ روپے فیس کرنے پر اعتراض کرتے ہوئے مختلف ریاستوں سے قربانی کیلئے جانوروں لانے والے تاجروں کو سفر پر ہونے والے اخراجات، گوونڈی میں جانوروں کی خرید و فروخت میں ہونے والے نقصانات کا بھی حوالہ دیا تھا۔ اسی طرح خرید و فروخت کے دوران جانوروں کو فوری طبی مدد نہ ملنے اور ان کے فوت ہونے کی اطلاع بھی دی۔ 
  مذکورہ تنظیم کے وکلاء نے۵؍جون سے ۱۹؍ جون تک قربانی کیلئے دیونارمذبح لائے جانے والے تمام بڑے جانوروں کی صحت سے متعلق جاری کئے جانے والے سرٹیفکیٹ کی فیس کو۲۰۰؍ روپےکے بجائے ۲۰؍روپے کرنے کی اپیل کی جس پر عدالت نے ریاستی حکومت کے دیونار مویشی پالن محکمہ، بی ایم سی اور متعلقہ سبھی محکموں کو ۵؍ سے ۱۹؍ جون تک فی جانور۲۰۰؍ روپےکے بجائے۲۰؍ روپے فیس لینے کی ہدایت دی۔ 
  قابل ذکر بات یہ ہے کہ عدالت کے حکم کی تعمیل کرتے ہوئے نہ صرف حکومت نے بلکہ دیونارمویشی پالن محکمہ سمیت تمام متعلقہ محکموں کو۵؍ تا ۱۹؍ جون دیونار منڈی میں لائےجانے والے جانوروں کی صحت کا سرٹیفکیٹ جاری کرنے کیلئے فی جانور۲۰؍ روپے فیس لینے کا سرکیولر جاری کردیا گیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK