• Sat, 22 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

مالیگائوں میں ایس آئی ٹی انکوائری کے خلاف علامتی دھرنے کا اہتمام

Updated: February 22, 2025, 1:48 PM IST | Mukhtar Adeel | Malegaon

ایم ایل اے ورکنگ کمیٹی کے بینر تلے شہر کے مختلف مقامات پر بیٹھ کر کارکنان نے مزاحمت درج کروائی۔

The people of Malegaon found a way to protest without the crowd. Image: Revolution
مالیگائوں والوں نے بغیر بھیڑ کے احتجاج کا طریقہ ڈھونڈ نکالا۔ تصویر: انقلاب

صنعتی شہر مالیگائوں میں جعلی برتھ سرٹیفکیٹ بنوانے کے الزام کی جانچ کیلئے تشکیل دی گئی ایس آئی ٹی کی انکوائری، اُس کے کام کاج کے طریق کار اور عام شہریوں میں پائی جارہی بے چینی کے خلاف ایم ایل اے ورکنگ کمیٹی کے زیراہتمام علامتی دھرنے کا اہتمام عمل میں آیا۔ کمیٹی کے رکن جمال احمد کے مطابق پورے شہر میں ۱۰۰؍مقامات پر علامتی دھرنے کا نشانہ طے کیاگیا تھا۔ واضح رہے کہ ایک مقام پر علامتی دھرنے میں صرف ۳؍لوگ بیٹھے تھے۔ ایسا کرنے کی وجہ بتائی گئی کہ قانون شکنی سے بچنے اور جمہوری انداز میں اپنا موقف سرکاری انتظامیہ واربابِ اقتدار کے سامنے پیش کرنے کیلئے یہ طریقہ اختیار گیا تھا۔ 
 رُکن اسمبلی مفتی محمد اسماعیل قاسمی نے کہا کہ ایس آئی ٹی کی انکوائری سے عام شہریوں کو پریشانی کا سامنا ہورہاہے۔ انہیں نوٹس دے کر بلایا جاتا ہے۔ پوچھ تاچھ کے بہانے گھنٹوں بٹھائے رکھا جاتا ہے۔ گزشتہ ڈیڑھ مہینے سے انکوائری چل رہی ہے۔ ایک بھی بنگلہ دیشی یا روہنگیائی پکڑا نہیں گیا۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی دبائو کے سبب سرکاری انتظامیہ بھی جانب داری سے کارروائی پر آمادہ ہے جبکہ انتظامیہ کو یہ زیب نہیں دیتا کیوں کہ عوام کا اعتماد سرکاری انتظامیہ پر بھی ہوتاہے۔ اگر انتظامیہ کے کام کاج سے عوام کا اعتماد متزلزل ہوگیا تویہ بھی اچھی بات بالکل نہیں۔ 
 ورکنگ کمیٹی کےترجمان شفیق رانااشرفی نے کہا کہ ریاست کے وزیراعلیٰ وداخلہ دیویندر فرنویس کی خصوصی دِلچسپی سے قائم ہونے والی ایس آئی ٹی کی جانب سے انکوائری غیر جانب دارانہ ہونی چاہئے۔ مالیگائوں میونسپل کارپوریشن انتظامی امورکے لحاظ سے۴؍حصوں میں منقسم ہے۔ اس کے تین ضمنی دفاتر سے جاری برتھ سرٹیفکیٹ کی انکوائری ہورہی ہے اور ایک ضمنی دفتر کو انکوائری سے پاک رکھا گیا ہے۔ یہ ثبوت ہےکہ ایس آئی ٹی کی تفتیش شفاف نہیں ہے۔ رانا نے کہا کہ ایسے افسران جن کی دستخط سے برتھ سرٹیفکیٹ جاری ہوئے اُن پر ایف آئی آر کی جائے۔ سیاسی شکست ہونے پر انتقام لینے کیلئے مالیگائوں پر الزامات لگائے گئے۔ بی جے پی اور اِس کے ہم خیال مقامی سیاسی افراد کو شہر مالیگائوں کے عوام معاف نہیں کریں گے۔ ا یس آئی ٹی نے طریق کار نہیں بدلا توا یم ایل اے ورکنگ کمیٹی کا آندولن جاری رہےگا۔ 
 عیاں رہے کہ جمعہ ۲۱؍فروری کوشہر مالیگائوں میں رفیع احمد قدوائی روڈ، خواجہ غریب نواز فلائی اوور بریج، مشاورت چوک، گولڈن نگر، رسول پورہ، قلعہ، اسلام آباد، اسلام پورہ، نیاپورہ، نیااسلام پورہ، اولڈ آگرہ روڈاور شہید عبد الحمید روڈ سمیت دیگر علاقوں میں تین نفرپر مشتمل علامتی دھرنے کے ا ہتمام کی اطلاعات کی تصدیق ہوئی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK